یَاحَفِیْظُ سے جادو ختم اوربندش ٹوٹی
ایک دفعہ ایک ہمارے دوست جو کہ انڈیا کے ہیں اور ہمارے مدرسہ والی کمپنی میں کام کرتے ہیں یعنی ہمارا مدرسہ بھی اسی کمپنی والوںکے تعاون سے چل رہا ہے۔ اس دوست نے مجھے بتایا کہ ہمارے ایک ساتھی کے والد صاحب بہت بیمار ہیں‘ بہت علاج کروایا مگر کچھ فائدہ نہیں ہوا‘ لوگ کہتے کہ مخالفین نے جادو کرایا ہے اس کو دیکھو اور علاج کرو۔ میں نے ان کی قمیص منگوائی‘ دیکھا تو جادو معلوم ہوا میں نے ان کو‘ تمام گھر والوں کو نماز کی پابندی کا کہا اور سب کو یَاحَفِیْظُ کثرت کے ساتھ پڑھنے کا کہا۔ ان دنوں آپ کا ایک درس انٹرنیٹ پر سنا تھا جس میں آپ نے یَاحَفِیْظُ کے فضائل بیان کیے اور روحانی کلاس میں بھی اس کے بہت سے فضائل بیان کیے تھے۔ آٹھویں دن وہ خود آئے اور مجھے کہنے لگے میں چل پھر نہیں سکتا تھا لیکن اب دیکھو میں سیڑھیاں چڑھ سکتا ہوں۔ میں نے اللہ پاک کا شکر ادا کیا اور ان کو بھی یہی سمجھایا کہ یہ سب اللہ پاک کی چاہت سے ہوا۔ بس آپ لوگ نماز کی پابندی جاری رکھیں اور خاص کریَاحَفِیْظُ کے ورد کو ہرگز نہ چھوڑیں۔ انشاء اللہ آپ بالکل ٹھیک ہوجائیں گے۔
مجھے میرے دوست جو ان حضرات کو میرے پاس لائے تھے انہوں نے بتایا کہ سب گھر والے ناامید تھے کہ شاید ان کا بچنا مشکل ہے لیکن الحمدللہ اللہ پاک نے کرم فرمایا اور وہ آدمی چالیس دن کے اندر تندرست ہوگیا اس نے کاروبار دوبارہ معمول کے مطابق شروع کردیا اب تو ماشاء اللہ ٹھیک ٹھاک ہے اور بہت زیادہ مصروفیت میں ہے۔
بے قصور کو رہائی کیسے ملی؟: کالی دنیا کالا جادو صفحہ نمبر 248پر ایک وظیفہ درج ہے۔ زندگی کے جملہ مسائل کیلئے نہایت مؤثر اور آسان وظیفہ ہے۔ وظیفہ درج ذیل ہے:۔
درود پاک گیارہ مرتبہ‘ سورۂ فاتحہ گیارہ مرتبہ‘ آیۃ الکرسی گیارہ مرتبہ‘ آیت کریمہ گیارہ مرتبہ‘ سورۃ الفلق گیارہ مرتبہ‘ سورۃ الناس گیارہ مرتبہ‘ درود پاک گیارہ مرتبہ۔ 21دن ایک ہی وقت میں روزانہ سورۃ الفلق اور سورۃ الناس کو ملا کر پڑھنا یعنی سورۃ الفلق ختم کرکے بغیر بسم اللہ کے سورۃ الناس شروع کرنی ہے۔ واقعہ یہ ہے:۔
ہمارے شہر میں ایک بہت بڑی فرم ہے (افریقہ کمرشل) کے نام سے… اس کا جو مالک ہے اس کا بیٹا کسی نے اغوا کیا بلکہ اغوا کرنے میں ان کا اپنا ڈرائیور اور باہر کے کچھ لوگ تھے‘ انہوں نے تقریباً پچاس ہزار ڈالر مانگے تاوان کے طور پر‘ وہ تو انہوں نے ادا کردئیے شاید یا بغیر ادا کیے ان کو ان کا بیٹا واپس مل گیا‘ واپس کیسے ملا اس کا مجھے پورا علم نہیں ہے اور کون کون گرفتار ہوئے اس کا بھی علم نہیں ہے مگر کچھ عرصہ بعد انہوں نے ایک نوجوان پر الزام لگایا کہ یہ بھی اغوا کرنے والوں میں شامل تھا حالانکہ وہ بے قصور تھا۔ اکثر لوگ کہہ رہے تھے یہ بے قصور ہے اس کو کسی پرانی رنجش کی وجہ سے پھنسا رہے ہیں اس بے قصور نوجوان کی ہمشیرہ میری بہن کے پاس آتی تھیں قرآن پاک پڑھنے کیلئے وہ ایک دن اپنی والدہ کو بھی ساتھ لائیں اور اپنی پریشانی بتانے لگیں ان کی والدہ تو غم کی وجہ سے بول بھی نہ سکتی تھیں بس روئے جارہی تھیں اس کی بہن نے سارا واقعہ سنایا اب میں بھی پریشان ہونے لگا کہ کونسا وظیفہ دوں کونسا تعویذ دوں کیونکہ ان لوگوں کواگر کوئی وظیفہ دیدیا جائے تو پابندی سے نہیں پڑھتے وہ اس تلاش میں ہوتے ہیں کہ کوئی ایسا تعویذ مل جائے یا کوئی مؤکل ایسا ہو جو ہمارا کام کرے۔ خیر میں نے ان کو اللہ تعالیٰ سے کثرتِ فریاد کی تلقین کی سابقہ خطاؤں سے توبہ کی ترغیب دی اور مکمل یقین کے ساتھ یہ وظیفہ اکیس دن وقت اور جگہ کی پابندی کے ساتھ لکھ کر دیدیا۔ انہوں نے شروع کردیا کیونکہ وہاں کا قانون بہت سخت ہے اور سخت سزائیں دیتے ہیں ان کے جیل خانے میں اتنی گندگی ہوتی ہے‘ گندا کھانا کھلاتے ہیں‘ پانی تک صاف نہیں ملتا‘ پھر طرح طرح کے مجرم اس میں ہوتے ہیں جو جیل میں ہی آپس میں لڑتے رہتے ہیں ایسی جگہ پر کوئی کوٹھی بنگلہ میں رہنے والا آدمی چلا جائے تو اس کیلئے بہت بڑی مصیبت بن جاتی ہے۔
یہ نوجوان جو پکڑا ہوا ہے ان کا بھی پورا خاندان مالدار اور پرانے تاجر ہیں بہت پیسے والے ہیں‘ ان کا تعلق بھی پاکستان سے ہے ان کے آباؤ اجداد پاکستان کے ہیں لیکن زندگی ساری افریقہ میں گزاری اور اب تو افریقہ کے پاسپورٹ ہیں ان کے پاس… اس سب صورتحال کے باوجود نہ کوئی وکیل اس کو چھڑا سکتا تھا نہ کوئی اور راستہ تھا کہ کسی کو پیسے کھلا کر رہا کروالیں‘ انہیں ایسا کوئی راستہ سمجھ نہیں آرہا تھا بہت پریشان تھے۔ وظیفہ بھی اکیس دن مکمل ہوگیا لیکن کچھ بھی نہ ہوا میں نے ان کو دوبارہ یہی وظیفہ پڑھنے کیلئے کہا میں نے کہا کہ دوبارہ اکیس دن مکمل کرو۔ انشاء اللہ سب ٹھیک ہوجائیگا خیر انہوں نے ہمت کی دوبارہ شروع کردیا جب تین چار دن باقی تھے تو ان کی ہمشیرہ نے کہا ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا اور ہم لوگ بہت پریشان ہیں میں نے پھر تسلی دیدی کہ اللہ پاک کے نام میں بہت برکت اور تاثیر ہے انشاء اللہ ضرور مسئلہ حل ہوگا۔ اس سے اگلے دن اس کی ہمشیرہ آئی تو بہت خوش تھی اور اس نے بتایا کہ ابھی ایک دن باقی ہے اور اللہ پاک نے کرم فرمایا کہ میرا بھائی رہا ہوگیا ہے اور سب لوگ حیران ہیں کہ یہ تو بہت مشکل مسئلہ تھا۔ کیسے حل ہوا؟ کہنے لگیں کہ بڑے بڑے لوگوں کو ہم نے بہت پیسوں کی آفرز کیںمگر کہیں سے کچھ نہیں ہوا اب جب کام ہونے کو آیا تو صرف تھانے والوں نے تفتیش کی تو میرا لڑکا بے قصور نکلا تو تھانے والوں نےاسے چھوڑ دیا مگر ہم کل وظیفہ پڑھیں گے تاکہ دن پورے ہوجائیں۔ حضرت میں نے خود ایک دو لوگوں کی زبانی سنا کہ یہ مسئلہ صرف اور صرف اللہ پاک کی مدد اور نصرت سے حل ہوا ورنہ اس کا ساری زندگی کیلئے رہاہونا مشکل تھا۔
جنات نے گھر کیسے چھوڑا؟
یہی درج بالا عمل میں نے ایک جگہ اس طرح آزمایا کہ محمد کامران صاحب جو کہ ہمارے والے شہر نمپولا میں کاروں‘ موٹروں کا کاروبارکرتے ہیں۔ ایک دن انہوں نے کہا کہ ہمارے گھر جنات کا مسئلہ ہے‘ میری بیوی تھوڑی دیر بھی اکیلی ہوجائے تو گھبرانے لگتی ہے اور اکثر رات کو عجیب عجیب سی آوازیں‘ کبھی اس کے کان میں گھنگرو بجتے ہیں کبھی کوئی دروازہ بجتا ہے‘ کبھی کوئی باہر کا دروازہ بجاتا ہے جب کام والی خاتون دروازہ کھولتی ہیں تو باہر کوئی نہیں ہوتا اور کہنے لگے کہ جب میری بیوی یہاں نہیں آئی تھیں میں اکیلا اس مکان میں رہتا تھا تب مجھے بھی ایک دو دفعہ جنات نے ڈرایا تھا لیکن اب ہم بہت زیادہ پریشان ہیں چل کر کوئی عمل کریں تاکہٍ ہمارا گھر صاف ہوجائے۔
میں ویسے ان کی تسلی کیلئے چلا گیا اور سورۂ یٰسین شریف‘ آیۃ الکرسی اور آخری چاروں قل پڑھ کر آگیا اور میں نے ان کو وہی درج بالا وظیفہ اکیس دن ایک ہی وقت میں پڑھنے کو دیا اور ساتھ میں نے نماز و ذکر کی پابندی کرنے اور گیارہ دن تک سورۃ البقرہ پڑھنے کو کہا کہ آپ کی بیوی روزانہ سورۃ البقرہ پڑھا کریں اور حضور نبی کریم ﷺ کا تہدیدی نامہ یعنی حضرت ابودجانہ رضی اللہ عنہٗ والا خط اس کا تعویذ بنا کر ایک گلے میں پہننے کیلئے دیدیا اور دوسرا تکیے میں رکھنے کیلئے۔ اب کامران صاحب نے یہ عمل اکیس دن مکمل کیا اور بتایا ان دنوں میں بھی کچھ نہیں ہوا اور بعد میں ملے تو بتایا کہ اب الحمدللہ ہم نماز بھی پڑھتے ہیں اور ذکر بھی تلاوت بھی کرتے ہیں الحمدللہ اب ہمارے گھر میں بالکل سکون ہے اور جنات ہمارے گھر سے چلے گئے ہیں۔
حضور نبی اکرمﷺ کے خط کے کمال
الحمدللہ جنات آسیب وغیرہ کیلئے میں نے حضرت ابودجانہ رضی اللہ عنہٗ کا خط جو آپ ﷺ نے حضرت ابودجانہ رضی اللہ عنہٗ کے ذریعے شیاطین جنات کی طرف ارسال فرمایا تھا وہ استعمال کراتا ہوں طریقہ کار اس طرح کہ ایک تعویذ بنا کر گلے اور دوسرا تعویذ خط کے لفافہ میں ڈال کر تکیے کے نیچے کی طرف اندر ڈال کر اسی تکیے پر سوجانے کا عمل کراتا ہوں کہ رات کو وہی تکیہ سونے کیلئے استعمال کیا جائے یہ عمل مجھے (کالی دنیا کالاجادو) میں بھی ملا مگر وہاں تکیے کا تذکرہ نہیں ۔ اس عمل کی اجازت مجھے میرے درجہ کتب کے استاذ محترم کی طرف سے ہے۔ الحمدللہ اس عمل کے ذریعہ ایک بوڑھی خاتون عمر تقریباً ستر سال‘ میرے پاس آئیں انہوں نے بتایا کہ مجھے ایک جن نے چالیس سال سے تنگ کررکھا ہے وہ کبھی رات کو خواب میں آکر ڈراتا ہے اور میری نیند خراب کرتا ہے‘ کبھی کبھی اکیلے میں مجھے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ میرے پیچھے کوئی کھڑا ہے کبھی میرے سامنے بھی آجاتا ہے‘ کالے رنگ کا بدصورت جن ہے مگرجان چھوڑنے کی بہت کوشش اورعملیات کی‘ لیکن چھوڑ کر نہیں جارہا۔ الحمدللہ اس عمل کے ذریعے الحمدللہ دو ماہ کے اندر اندر چھوڑ کرگیا۔ دو ماہ بعد میں نے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ میں اکیلی بیٹھی تھی تو اس جن نے میرے پیچھے کھڑے ہوکر سر میں ایک ٹھنگا لگایا اس کے بعد پھر کبھی نہیں آیا‘ لگتا ہے چھوڑ گیا ہے۔ یہ خاتون بھی صوم صلوٰۃ کی پابند ہیں ماشاء اللہ نیک خاتون ہیں۔
میرے پاس جتنے لوگ جنات یا آسیب والے آتے ہیں ان کو حضور پاک ﷺ کا تہدیدی نامہ دیتا ہوں کبھی کسی کے بارے میں تشخیص پوری طرح نہ کرسکوں تو اس کو تہدیدی نامہ کے ساتھ منزل کی پوری آیات والا تعویذ گلے میں پہننے کیلئے دیدیتا ہوں۔ الحمدللہ اس سے بھی بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
اگر کوئی جسمانی تکلیف کا مریض ہو تو اس کو چینی کی پلیٹ میں سورۂ فاتحہ مکمل لکھ کر نیچے یَاحَیُّ حِیْنَ لَاحَیٌّ فِیْ دَیْمُوْمَۃِ مُلْکِہٖ وَبَقَائِہٖ یَاحَیُّ لکھ کر پلاتا ہوں اس عمل سے بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ تہدیدی نامہ درج ذیل ہے:۔
تہدیدی نامہ مبارک
ھٰذَا کِتَابٌ مِّنْ مُحَمَّدِ رَّسُوْلِ اللّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَo اِلٰی مَنْ یَّطْرُقُ الدَّارَ مِنَ العُمَّارِ وَالزُّوَّارِ اِلَّا طَارِقًا یَّطْرُقُ بخَیْرِ اَمَّا بَعْد فَاِنَّ لَنَا وَلَکُمْ فِی الْحَقِّ سَاعَۃً فَاِنْ کُنْتَ عَاشِقًا مُّوْلِعًا اَوْفَاجِرًا فَہٰذَا کِتَابٌ یَّنْطِقُ عَلَیْنَا وَعَلَیْکُمْ بِالْحَقِّ اِنَّا کُنَّا نَسْتَنْسِخُ مَاکُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ وَرُسُلُنَا یَکْتُبُوْنَ مَاتَمْکُرُوْنَ o اُتْرُکُوْا صَاحِبَ کِتَابِیْ ھٰذَا وَانْطَلِقُوْا اِلٰی عَبَدَۃِ الْأَصْنَامِ وَاِلیٰ مَنْ یَّزْعَمُ اَنَّ مَعَ اللّٰہِ اِلٰھًا اٰخَرَلَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَo کُلُّ شَیْ ئٍ ھٰالِکٌ اِلَّا وَجْھَہٗ لَہُ الْحُکْمُ وَاِلَیْہِ تُرْجَعُوْنَ اٰمِیْنَ لَایُنْصَرُوْنَ حٓمٓ عٓسٓقٓ تَفَرَّقَ اَعْدَ ائُ اللّٰہِ وَبَلَغَتْ حُجَّۃُ اللّٰہِ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِااللّٰہِ الْعَلِّیِ الْعَظِیْمِ فَسَیَکْفِیْکَھُمُ اللّٰہُ وَھُوَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ o
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں