محترم حکیم صاحب ! آپ کا رسالہ عبقری ہمارے سامنے والے آفس والوں نے پورے پلازے میں بانٹا تھا میں نے پڑھا تو مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ یہ عام رسالوں سے مختلف تھا‘ یہ اگست 2010ء کا ایڈیشن تھا‘ کیونکہ اس رسالے میں ادویات سے علاج کے علاوہ روحانی علاج بھی لکھے ہوئے تھے اور مجھے روحانی علاج سے افاقہ بھی ہوتا ہے اور عملیات کا شوق بھی رکھتا ہوں۔ اسی دوران مجھے میرے دوست کے بہنوئی نے آپ کی ایک کتاب ’’کالی دنیا کالا جادو‘‘ دکھائی وہ کتاب مجھے بہت ہی اچھی لگی‘ پھر میں نے آپ کی روحانی کلاس میں بھی شرکت کی‘ آپ نے کلاس میں بہت عمدہ طریقے سے بیان کیا اور وظائف سمجھائے اور ان کی اجازت بھی دی‘ میں نے بھی سب کچھ ایک رجسٹر پر نوٹ کرلیا۔ گھر آکر رجسٹر کھول کر تمام وظائف پر نظر دوڑائی اور پھر کوئی آسان عمل دیکھنے لگا جو میں روزمرہ زندگی میں آسانی سے کرسکوں‘ کافی دیر سوچنے کے بعد میں نے ’’اصحاب کہف‘‘ والے عمل کا انتخاب کیا۔
ترتیب: اول آخر تین مرتبہ درود ابراہیمی سات مرتبہ سورۂ فاتحہ اور سات مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھ کر بخشنا شروع کیا۔ ٹائم کی کوئی قید نہیں رکھی بس صبح اگر دس بجے اٹھا تو تب پڑھ لیا یا لیٹ اٹھا تو لیٹ پڑھ لیتا۔ لیکن رات میں 12بجے کے بعد ہی پڑھتا ہوں۔
تجربہ: ابھی اس عمل کو شروع کیے ہوئے آٹھ یا دس دن ہی گزرے تھے میں رات 12بجے گھر آیا تو لائٹ بند تھی‘ میری دو بھتیجیاں ہیں فاطمہ اور رومان۔ فاطمہ جاگ رہی تھی اور تنگ کررہی تھی‘ فاطمہ کی عمر تب پونے تین سال تھی‘ میں نے اپنی والدہ سے پوچھا کہ یہ کیوں تنگ کررہی ہے؟ تو میری والدہ نے بتایا کہ اسے کافی تیز بخار ہے‘ تو میں نے اسے اٹھایا جب میں نے فاطمہ کو اٹھایا تو اس وقت میں نے بنیان پہن رکھی تھی جب میں نے فاطمہ کو گود میں بٹھایا تو فاطمہ کا سر میرے پیٹ کے ساتھ لگا تو اتنا گرم تھا کہ مجھے پیٹ پر جلن محسوس ہوئی تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اصحاب کہف کے نام پڑھ کر دم کیا جائے تومیں نے تین مرتبہ اول و آخر درود ابراہیمی پڑھا اور سات مرتبہ اصحاب کہف کے نام پڑھ کر فاطمہ کو دم کیا۔ دم کرتے ہی جب فاطمہ کا سر دوبارہ پیٹ سے لگایا تو وہ بالکل ٹھیک تھی‘ میں نے تین چار مرتبہ ہاتھ لگا کر بھی دیکھا لیکن فاطمہ بالکل ٹھیک تھی اور میرے موبائل سے کھیل رہی تھی اور یہ سب اصحاب کہف کے ناموںکی برکت اور اللہ کی رضا سے ہوا میں اس طرح دم کرنے کے بعد بہت خوش بھی تھا اور حیران بھی… کہ ایک سیکنڈ میں یہ سب کچھ ہوا۔
اصحاب کہف کے نام اور دم کی ترتیب: بسم اللہ الرحمن الرحیم اِلٰہِیْ بِحُرْمَۃٖ یَمْلِیْخَا۔ مَکْسَلْمِیْنَا۔ کَشْفُوطَطْ۔ تَبْیُوْنَسْ کَشَافَطْیُوْنَسْ۔ اَذْرَافَطْیُوْنَسْ۔ یُوَانَسْبُوْس وَکَلْبُھُمْ قِطْمِیْرط
بمعہ تسمیہ سات مرتبہ: اسی عمل کو بخار میں میں نے چھوٹی بھتیجی رومان پر بھی کرچکا نتائج وہی کہ آرام آجاتا اور اسی وقت۔
تجربہ نمبر 2: کچھ دن پہلے سالن گرم کرتے ہوئے میری انگلی جل گئی تو روٹی کھاتے ہوئے مجھے بہت تکلیف ہورہی تھی اچانک حکیم صاحب کی ایک بات یاد آئی کہ یہ نام آگ کو ایسے ٹھنڈا کرتے ہیں جیسے پانی تو میں نے فوراً اسی ترتیب سے اصحاب کہف کے نام پڑھ کر اپنی انگلی پر دم کیا اور اس کے بعد صرف 2لقمے ڈالنے تک درد رہا تیسرا لقمہ منہ میں ڈالتے وقت درد اور جلن غائب تھی۔
والدہ کا درد فوری ختم
میری والدہ کو آج کل کندھے کے جوڑ میں درد ہے اور وہ کندھا جڑ گیا ہے ہلکا سا ہلنے پر بھی درد سے چیخیں نکلتی ہیں ایک دن رات میں انہیں دبارہا تھا تو انہوں نے سائیڈ تبدیل کی تو ان کی چیخیں نکل گئیں اور تکلیف کی وجہ سے روپڑیں مجھے صرف سوچنے کے لیے ایک یا دو سیکنڈ ہی ملے کہ میں ان کے درد کیلئے کیا کروں میں نے فوراً ’’اصحاب کہف‘‘ کے نام پڑھے اور ان پر دم کیا تو ان کو اسی وقت ایک سیکنڈ کے اندر اندر سکون ہوگیا اور وہ بالکل خاموش ہوگئیں اور ان کا وہ درد بھی اسی وقت ختم ہوگیا۔
چوری کیلئے وظائف
میرے چچا کراچی میں رہتے ہیں ایک شام ان کا فون آیا تو کافی پریشان تھے میں نے پریشانی پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ گھر کی خواتین بازار گئیں تھیں تو چوری کے ڈر سے انہوں نے سونے کے کانٹے لیس میں لپیٹ کر پرس میں ڈال لیے تھے اور لیسوں والی دکان پر لیس پسند کرتے ہوئے پرس کاؤنٹر پر رکھا تھا کہ پرس کوئی اٹھا کر لے گیا ایک لاکھ پچیس ہزار کے قریب پیسے اور سونا تھا اس میں… میں بہت پریشان ہوں کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ میں عملیات اور روحانی دنیا میں کافی دلچسپی لیتاہوں اور ان کو میں نے آپ کی کتاب ’’کالی دنیا کالا جادو‘‘ بھی تحفہ میں دی تھی اگر تم کچھ کرسکو تو کردو۔ تو میںنے انہیں کہا کہ تھوڑی دیر میں فون کرکے بتاتا ہوںمیں نے آپ کی بتائی ہوئی دعا میسج کرکے انہیں بھیج دی میسج عربی الفاظ میں لکھا تھا پھر اگلے دن میںنے انہیں فون کیا اور وہ میسج کے بارے میں بتایا انہوں نے کہا وہ میں نے ابھی نہیں پڑھا تو میں نے انہیں کہا کہ آپ بس میرے ساتھ دہرائیں میسج بعد میں پڑھ لینا کیونکہ وہ دینی ماحول سے جڑے رہتے ہیں اس لیے انہیں وہ یاد کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئی جو کسر رہ گئی تھی وہ انہوں نے میسج سے پوری کرلی۔
ترتیب: تین تین مرتبہ درود شریف اور سات مرتبہ یہ دعا پڑھنی ہے:۔دعا: اِنَّ اللہَ یَا جَامِعُ النَّاسِ لِیَوْمٍ
لَّارَیْبَ فِیْہِ اِجْمَعْ ضَالَّتِیْ
صرف پانچ دن کے بعد ہی ان کو کاروبار میں غیر یقینی طور پر اتنا منافع ہوا کہ ان کی چوری شدہ رقم صرف دو دن میں پوری ہوگئی۔ ان کا فون آیا وہ اتنے خوش تھے میں نے ان سے کہا کہ کچھ صدقہ وغیرہ ضرور کردیں یہ سب اللہ کی مہربانی اور اس دعا کی برکت سے ہوا۔
تجربہ نمبر 2: میرے دوست کی پرچون کی دکان ہے اکثر آفس سے واپس آکر وہاں بیٹھنا ہوتا ہے‘ ایک رات گیارہ بجے دکان بند کرنے کا ٹائم آیا تو چابیاں نہیں مل رہی تھیں ہم تین لوگ چابیاں ڈھونڈ رہے تھے ہر جگہ دیکھ لیا نہیں ملیں… آخر ہار تھک کر بیٹھ گئے اور نئے تالے لینے لگے اتنی دیر میں میں نے درج بالا دعا پڑھنی شروع کردی اور انہیں کہا کہ تھوڑی دیر رک جاؤ۔۔۔ ابھی میں نے چار پانچ مرتبہ ہی دعا پڑھی تھی کہ وہ چابیاں چیونگم والے ڈبے سے مل گئیں حالانکہ اس ڈبے کو ہم تینوں نے تین چار مرتبہ دیکھا تھا اس میں چیونگم بھی صرف سات آٹھ تھیں اور ڈبہ بھی شیشہ کا تھا جس کے آر پار نظر آتا ہے۔ یہ سب اس دعا کی برکت سے ہوا۔
تجربہ نمبر 3: میرے ماموں کی بڑی قیمتی گھڑی نہیں مل رہی تھی جو انہوں نے فریج پر رکھی بعد میں غائب ہوگئی‘ انہوں نے بہت تلاش کی لیکن کہیں سے نہ ملی‘ تمام گھر والوں کو شک تھا کہ نوکرانی نے غائب کی ہے لیکن ہم نے دیکھا نہیں تھا اس لیے نوکرانی کو کچھ نہیں پوچھا اس بات کو تقریباً سات ماہ ہوگئے تھے۔ میں ان کے گھر گیا تو شعیب سے باتوں باتوں میں دوبارہ گھڑی کا پوچھا تو اس نے وہی جواب دیا کہ نہیں ملی۔ تو میں نے وہاں کھڑے ہوکر یہ د عا پڑھی اور گھر آگیا۔ ایک یا ڈیڑھ ہفتے بعد میں دوبارہ شعیب کی طرف گیا اور اس سے گھڑی کا پوچھا تو اس نے کہا مل گئی ہے۔ تو سن کر بہت خوشی ہوئی۔
آخری چھ سورتوں کا کمال
مجھے 2007ء میں دائیں خصیے اور دائیں پوری ٹانگ میں شدید درد رہتا تھا۔لیکن اب یہ درد مسلسل رہنے لگا اور درد ناقابل برداشت حد تک بڑھ گیا۔ 8,9 ماہ تک برداشت کرنے کے بعد میں نے اپنے ایک دوست سے اس مسئلے کے بارے میں بات کی تو اس نے کہا ایک ڈاکٹرصاحب ہیں جنہیں میں جانتا ہوں سپیشلسٹ ہیں اور صفانوالہ چوک میں ہسپتال ہے‘ ان سے ٹائم لیکر ان کے پاس چلے جاؤ میں ان کے پاس گیا تو انہوں نے چیک کیا اور کہنے لگے سب ٹھیک ہے اور جب درد ہو تو یہ کیپسول کھا لینا‘ میں نے ان سے کہا کہ کوئی فکر کی بات تو نہیں تو انہوں نے جواب دیا اگریہ درد ایسے ہی ہوتی رہی اور آپ کودوائی کھانے کے بعد آرام نہ آیا تو آپ کو چھوٹا سا آپریشن کروانا ہوگا کوئی فکر کی بات نہیں۔ میں نے کہا کہ آپریشن تو میں نے کسی صورت نہیں کروانا‘ اس کے بعد میں نے کئی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کروائے‘ شیخ زید ہسپتال بھی دکھایا‘ حکیموں سے بھی علاج کروائے لیکن میرا درد جوں کا توں رہا۔ صرف دوائی کھانے سے وقتی آرام آجاتا۔ اس کے بعد جب میں روحانی کلاس میں آیا جہاں آپ نے ناف سے نیچے کی تمام بیماریوں کیلئے آخری چھ سورتیں اور آخر میں تسمیہ اور ساتھ میں اسم الٰہی اَلْمَلِکُ‘ اَلْقُدُّوْسُ‘ اَلسَّلَامُ کا ورد بتایا۔میں یہ عمل روزانہ رات بارہ بجے کے بعد سونے سے پہلے پڑھتا تھا‘ تسبیح 313 کی تعداد میں پڑھتا تھا۔
حیران کن بات: سب سے حیران کن بات اس کی یہ ہے کہ یہ واقعی ہی اینٹی بائیوٹک ہے اب جب بھی مجھے شدید درد ہوتی ہے تو چھ سورتیں مع تسمیہ اور تسبیح صرف 21 مرتبہ اول و آخر ایک مرتبہ درود ابراہیمی پڑھتا ہوں اور درد فوراً غائب ہوجاتا ہے واقعی لاجواب عمل ہے۔اس عمل کے بعد اب درد مجھے کبھی کبھی ہی ہوتا ہے وہ بھی تب جب غلطی سے میرا اپنا ہاتھ خصیے کو لگ جائے یا کسی بھی طرح اس پر چوٹ لگے۔ بس اس وقت ہی کبھی کبھی پڑھنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور حکیم صاحب کی دریادلی کی وجہ سے ہوا اور میں اس بات پر اللہ تعالیٰ اور اس کے بعد آپ کا بہت شکرگزار ہوں۔
چھوٹا سا وظیفہ اور عینک اترگئی
1999ء میں میرے سرمیں درد رہنے لگا سمجھ نہیں آرہی تھا کہ یہ کیوں ہوتی ہے درد آہستہ آہستہ بڑھتا ہی جارہا تھا بہت سے ڈاکٹرز کو بھی دکھایا لیکن درد نہیں جارہا تھا پھر ایک ڈاکٹر نے کہا کہ آپ نظر چیک کروائیں میں نے نظر چیک کروائی تو نظر کمزور تھی ‘ ڈاکٹر نے کہا یہ لگا کے رکھیں گے تو ہی نظر کمزور نہیں ہوگی لیکن میں پابندی سے عینک نہیں لگاتا تھا۔ عینک لگنے کے سات یا آٹھ ماہ بعد سیالکوٹ جانا ہوا وہاں ہمارے ایک قاری صاحب ہیں جو ہمارے ملنے والے ہیں وہ بھی عملیات کرتے ہیں میرے کزن یاسر نے ان سے ملنے جانا تھا تو میں بھی ان کے ساتھ چلا گیا ان قاری صاحب سے میں نے آنکھوں کے بارے پوچھا کہ عینک سے جان چھوٹ جائے تو انہوں نے یہ وظیفہ بتایا:۔
آیت مبارکہ:۔فَکَشَفْنَا عَنْکَ غِطَآءَکَ فَبَصَرُکَ الْیَوْمَ حَدِیْدٌ ﴿قٓ۲۲﴾۔
ترتیب: ہر فرض نماز کے بعد سات مرتبہ پڑھ کر اپنے ہاتھوں کے انگوٹھوں کے ناخنوں پر پھونک مار کر انہیں آنکھوں پر لگائیں۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور اس آیت کی برکت سے میری عینک چند مہینوں میں ہی اتر گئی اور آج کے دن تک مجھے عینک کی ضرورت نہیں پڑی۔
چوری شدہ بکرے مل گئے
بقرا عید پر بھائی نے کچھ بکرے پہلے سے ہی لیکر اپنے دوست کے فارم ہاؤس پر رکھے ہوئے تھے‘ بکروں کی تعداد پانچ تھی‘ عید سے دس دن پہلے مجھے فون آیا کہ بکرے چوری ہوگئے ہیں۔ سب بہت پریشان ہوگئے اور بھائی فارم ہاؤس چلے گئے‘ جب شام کو واپس آئے سب بات بتائی تو میری بڑی بہن نے مجھ سے کہا تم تو عملیات میں دلچسپی لیتے ہو توکسی سے پوچھو یا خود کوئی ایسی چیز بتاؤ جس سے ہمارا مسئلہ حل ہوجائے اور یہ پریشانی ٹل جائے تواس سے پہلے کہ میں ابھی کچھ کہتا اس سے پہلے ابو بولے کہ بات یہ ہے کہ مجھے مولوی صاحب نے اسم الٰہی بتایا تھا وہ میں بھی آزما چکا ہوں اور دوسروں کو بھی بتاتا رہا ہوں اور جس جس کو یہ بتایا ہے اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے سب کے کام ہوگئے ہیں۔ ہم نے وہ عمل شروع کردیا۔ تین دن بعد صبح فون آیا کہ چار بکرے مل گئے ہیں اور ایک نہیں ملا وہ بھی ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ کس نے چوری کیے تھے۔ عمل یہ تھا:۔یَامُعِیْدُ۔ ترتیب: صبح وشام اٹھتے بیٹھتے سب گھر والے یا جتنے بھی افراد ہیں سب پڑھیں۔جتنی زیادہ توجہ اور یقین سے پڑھیں گے اتنی جلدی کام بنے گا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں