احیاء العلوم میں لکھا ہے کہ بنی اسرائیل میں ایک عابد تھا جو ہروقت عبادت میں مشغول رہتا تھا۔ ایک جماعت اس کے پاس آئی اور کہا کہ یہاں ایک قوم ہے جو ایک درخت کو پوجتی ہے یہ سن کر اس کو غصہ آیا اور کلہاڑا کندھے پر رکھ کر اس کو کاٹنے کیلئے چل دیا۔ شیطان عابد سے پوچھا کہاں جارہے ہو؟ اس نے کہا فلاں درخت کاٹنے جارہا ہوں شیطان نے کہا تمہیں اس درخت سے کیا واسطہ تم اپنی عبادت میں مشغول رہو‘ تم نے اپنی عبادت کو ایک مہمل کام کیلئے چھوڑ دیا‘ عابد نے کہا یہ بھی عبادت ہے۔ شیطان نے کہا کہ میں نہیں کاٹنے دونگا‘ دونوں میں مقابلہ ہوا اور عابد اس کے سینے پر چڑھ گیا‘ شیطان نے اپنے کو عاجز دیکھ کر خوشامد کی اور کہا اچھا ایک بات سن لے عابد نے اس کو چھوڑ دیا۔ شیطان نے کہا کہ اللہ نے تجھ پر اس کو فرض تو کیا نہیں‘ تیرا اس سے کوئی نقصان نہیں تو اس کی پرستش نہیں کرتا‘ اللہ کے بہت سے نبی ہیں اگر وہ چاہتا تو کسی نبی کے ذریعے سے اسے کٹوا دیتا‘ عابد نے کہا میں ضرور کاٹوں گا‘ پھر مقابلہ ہوا۔ وہ عابد پھر اس کے سینے پر چڑھ گیا۔ شیطان نے کہا اچھا سن ایک فیصلہ والی بات تیرے نفع کی کہوں اس نے کہا کہو شیطان نے کہا تو غریب ہے دنیا پر بوجھ بنا ہوا ہے تو اس کام سے باز آ‘ میں تجھے روزانہ تین دینار (اشرفی) دیا کرونگا جو روزانہ تیرے سرہانے رکھے ہوئے ملا کریں گے۔ تیری بھی ضرورتیںپوری ہوجائینگی اپنے اعزہ پر بھی احسان کرسکے گا‘ فقیروں کی مدد کرسکے گا اور بہت سے ثواب کے کام کرسکے گا۔ اس میں ایک ہی ثواب ہوگا اور وہ بھی بے کار کہ وہ لوگ پھر دوسرا لگالیں گے۔ عابد کی سمجھ میں آگیا قبول کرلی۔ دو دن تو وہ ملے تیسرے دن نہ ملے۔ عابد کو غصہ آیا اور کلہاڑی لے کر پھر چلا‘ راستہ میں وہ بوڑھا ملا پوچھا کہاں جارہا ہے؟ عابد نے بتایا کہ اسی درخت کو کاٹنے جارہا ہوں۔ بوڑھے نے کہا کہ تو اس کو نہیں کاٹ سکتا دونوں میں جھگڑا ہوا وہ بوڑھا غالب آگیا اور عابد کے سینے پر چڑھ گیا۔ عابد کو بڑا تعجب ہوا اس سے پوچھا کہ یہ کیا بات ہے کہ تو اس مرتبہ غالب آگیا۔ اس بوڑھے نے کہا کہ پہلی مرتبہ تیرا غصہ خالص اللہ کے واسطے تھا اس لیے اللہ جل شانہٗ نے مجھے مغلوب کردیا اس مرتبہ اس میں دیناروں کا دخل تھا اس لیے تو مغلوب ہوا۔ حق یہ ہے کہ جو کام خالص اللہ کے واسطے کیا جاتا ہے اس میں بڑی قوت ہوتی ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں