ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
(آئندہ حلقہ کشف المحجوب26فروری بروز اتوار کو ہوگا)
ایک شخص جو نیک و صالح تھے حضرت بایزید بسطامی رحمة اللہ علیہ کی خدمت میں جارہے تھے راستے میں رات ہوئی تو ایک درخت کے نیچے لیٹ گئے۔ دو پرندے آپس میں باتیں کررہے تھے ایک کہنے لگا کہ یہ شخص حضرت کی زیارت کیلئے جارہا ہے لیکن حضرت تو وصال فرماگئے ہیں۔ اس شخص نے یہ سب سن لیا اور اللہ نے اسے بولی سمجھا دی۔ اب یہ بڑے پریشان کہ میں تو اتنی دور سے آیا۔ پھر ارادہ کیا کہ چلوتربت پر فاتحہ ہی پڑھ لوں گا۔ جب صبح کو گئے تو حضرت اپنی مجلس میں بیٹھے تھے۔ یہ بہت حیران ہوئے اور حضرت کو ساری تفصیل بتائی تو حضرت نے وقت پوچھا انہوں نے وقت بتایا حضرت فرمانے لگے کہ ہاں وہ سچ کہہ رہے تھے کہ میں اس وقت ذکر سے غافل تھا اور حدیث میں آیا ہے کہ غافل کی مثال مردہ کی سی ہے اسی لیے اللہ والے ذکر سے دلوں کو زندہ کرتے ہیں۔
جو لوگ ذکر کی لذت سے آشنا ہوجاتے ہیں ان کو ذکر کے بغیر سکون نہیں ملتااور ان کا اوڑنا بچھونا یادالٰہی بن جاتا ہے۔
اس کثرت ذکر کی وجہ سے ان کو ایک کیفیت حاصل ہوتی ہے جس کو ذکر قلبی کہتے ہیںذکر قلبی کا مطلب یہ ہے کہ دست باکار دل بایار یعنی ہاتھوں سے اپنے کام کاج انجام دئیے جائیں اور دل سے ہمہ تن اپنے خالق حقیقی کو یاد رکھا جائے۔
یہی وہ اولیاءکرام ہیں جو فرماتے ہیں کہ اگر ہم پل بھر کے لیے بھی یاد الٰہی سے غافل ہوجائیں توہماری موت ہے۔ آج چاروں طرف پریشانیوں کا رونا ہے‘ سکون اور طمانیت کی تلاش ہے اور ایسی زندگی کی جستجو ہے جو ہمیں عافیت کا نظام دے سکے .... یہ نظام صرف اور صرف اپنے پیدا کرنے والے کو یاد کرنے میں ہے۔اولیاءکرام اپنے وقت کی کتنی قدر کرتے اور زیادہ سے زیادہ اس کو قیمتی بنانے کیلئے کیا کیا کوششیں کرتے۔ آج کی عقل ان کی طرز زندگی پر نہایت ہی حیران اور پریشان ہے۔ حضرت سری سقطی رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے جرجانی رحمة اللہ علیہ کو دیکھا کہ ستو روکھا ہی پھانک رہے تھے میں نے پوچھا یہ خشک ہی پھانک رہے ہیں فرمانے لگے میں نے روٹی چبانے اور پھانکنے کا جب حساب لگایا تو چبانے میں اتنا زیادہ وقت صرف ہوتا ہے کہ آدمی اس میں ستر مرتبہ سبحان اللہ کہہ سکتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں