محترم حکیم صاحب السلام علیکم! چند ماہ قبل میں اپنے لیے ایک گھر کی تلاش میں تھا‘ ایک گھر پسند آیا‘ تب اس کے مالک سے رابطے کی کوششیں کی جب رابطہ ہوا تو پتہ چلا کہ اس نے مکان کسی اور کو فروخت کردیا ہے اس کا نام صغیرالدین تھا اور محکمہ گیس کا ملازم تھا اور مستقل والدین اور وہ خود ڈیرہ اسماعیل خان کا رہنے والا تھا۔ مکان فروخت ہونے کے بعد میں نے اس سے رابطہ موبائل پر جاری رکھا اور دین و اللہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و درس کی دعوت دینا شروع کی اور آپ کا تعارف بھی کروایا‘ اس کے اندر امنگ پیدا ہوئی۔
جب آپ حج پر تشریف لے کر گئے تو اس شخص صغیرالدین نے مجھے فون کیا اور آپ سے ملاقات کی چاہت ظاہر کی میں نے آپ کے حج کے سفر کے متعلق بتایا تو پریشان ہوگیا کہ میرے گھر میں مسئلہ ہے پھر مجھے بتایا کسی نے ہم پر کالا جادو کیا ہوا ہے اور بتایا کہ میری بہن اس کی عمر سولہ سال ہے اس کو جنات کا اثر ہے‘ ڈیرہ اسماعیل خان میں رہتی ہے اسے دورے پڑتے ہیں اور منہ و دانت بند ساکت ہوجاتے ہیں آنکھیں پھر جاتی ہیں‘ سانس الٹ جاتی ہے اور بیہوش ہوجاتی ہے‘ بولنے‘ چلنے سے قاصر ہوجاتی ہے‘ بڑے بزرگوں اور عاملوں سے علاج کروایا ہے لیکن وقتی فرق ہی ہوتا ہے اور بہت زیادہ گوشت کھانے کیلئے مانگتی ہے اور سات کلو گوشت کھانے کے بعد دوبارہ تقاضاکرتی ہے‘ ڈرتی ہے اور چیخیں مارتی ہے۔
یہ تمام احوال سننے کے بعد میں نے ایک سوال کیا کہ کیا آپ کے گھر میں پردہ ہے؟‘ کیا ٹیلی ویژن یا گانوں کا نظام ہے؟ تو اس نے کہا کہ نہیں ہمارا گھرانہ دینی ہے اور پردے کا مکمل اہتمام ہے۔ میں نے کہا کہ میں تھوڑی دیر بعد آپ کو کچھ اعمال بتاتا ہوں وجہ یہ تھی کہ گھر سے باہر تھا کچھ دیر بعد گھر آیا اور اللہ سے دعا کی اور چند باتیں کیں۔
یااللہ! تیری مخلوق پریشان ہے‘ میں تیرا نام بتا کر تیری طرف بھیجنے لگا ہوں‘ الٰہی اپنے نام کی برکت سے شفاءدے‘ الٰہی میں گنہگار ہوں لیکن آپ کی محبت والے بول پاک ہیں‘ آپ رحیم ہیں‘ رحمت فرمادیجئے اور شفاءدیجئے۔ اللہ سے چند باتیں کرنے کے بعد عبقری رسالہ ماہ جولائی 2010ءصفحہ نمبر 19 اور درج ذیل اعمال فون کرکے لکھوانے شروع کردیئے۔
کالے جادو سے نجات کیلئے
یہ عمل بعدازمغرب کم از کم سات یا گیارہ دن کیا جائے۔ ٭ الٰہی جو کچھ کسی نے ہم پر کررکھا ہے وہ باہر گلی میں گرجائے‘ یہ کہہ کر سورہ کوثر گیارہ بار پڑھیں۔ ٭ الٰہی جو کچھ باہر گلی میں گرا ہے وہ جل جائے یہ کہہ کر سورہ فلق گیارہ بار پڑھیں۔ ٭ الٰہی جو کچھ باہر گر کر جلا ہے اس کی راکھ کسی دریا میں چلی جائے یہ کہہ کر سورہ ناس گیارہ بارپڑھیں۔ (نماز پنجگانہ کی پابندی شرط اول ہے۔) جتنے دن یہ عمل کیا جائے اتنے ہی دل عمل نمبر 2پڑھا جائے۔
2:۔ سورہ بقرہ کی آیت نمبر 35 اول و آخر درود شریف تین تین بار صبح و شام پڑھیں۔
جنات سے حفاظت و برکت کیلئے
سورہ جن (پارہ نمبر29) 3 بار اور سورہ مزمل (پارہ نمبر29) 3 بار پڑھ کر 4 اگربتی کے ڈبوں پر دم کریں اور روزانہ بعد نماز مغرب گھر میں صبح دکان میں 4 عدد جلائیں انشاءاللہ‘ اللہ تعالیٰ جنات سے حفاظت اور رزق میں اپنی شایان شان اضافہ فرمائینگے۔ ٭ جب بھی گھر میں داخل ہوں توسلام کریں پھر درود شریف اور پھر سورہ اخلاص پڑھیں۔ ٭ مسواک کریں اور گھر کے اندر مختلف کونوں میں رکھیں‘ خصوصاً مریض کے پاس رکھیں۔ ٭ گھر کے چاروں کونوں میں اذان دیں۔ ٭ مریضہ کو ڈر سے بچانے کیلئے سورہ قریش کا عمل بتایا۔ ٭ مریض کی صحت یابی کیلئے حسب توفیق صدقہ روزانہ یا جمعرات‘ جمعہ کریں۔ ٭ مریض کے سر کے اوپر والی جگہ پر قرآن پاک رکھ دیں جہاں وہ سوتی ہے۔ ٭ مریض باوضو رہے اور کثرت سے تلاوت قرآن پاک کرے اور نماز کی پابندی کرے۔
تقریباً پندرہ دن بعد اس کا فون آیا کہ جو اعمال آپ نے بتائے تھے الحمدللہ ہم نے کیے اب میری بہن ان کی بدولت تقریباً 75% ٹھیک ہے لیکن گوشت کھانے کا اصرار کرتی ہے کیا ہم وہ عمل جاری رکھیں۔ میں نے کہا کہ آپ اعمال جاری رکھیں انشاءاللہ جلد صحت یابی ملے گی۔ اب اکثر وہ فون پر اس کی حالت درست ہونے کا لیکن آپ سے ملنے کا ذکر کرتا ہے۔حضرت! اس سارے واقعے کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ اللہ کے نام میں برکت ہے لیکن اعتقاد‘ اخلاص اور کامل یقین ہونا شرط ہے کیونکہ میں نے ان کو اعمال بتائے اور اللہ سے عرض کی کہ الٰہی شفاءدے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں