Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔ --

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - فروری 2012

 

مغرور

خواب: میں نے دیکھا کہ ایک عمارت کے آگے غسل خانے میں جانے کیلئے لوگوں کی قطاریں لگی ہیں۔ میں اپنی والدہ اور چھوٹی خالہ زاد بہن کے ساتھ وہاں موجود ہوں۔ مجھے وضو کرنا ہوتا ہے۔ میں مردوں کی قطار کے برابر سے بلڈنگ میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہوں تو ایک لڑکا غصہ سے چلا کر مجھے اندر جانے سے منع کرتا ہے تو میں غصے سے اسے جواب دیتی ہوں کہ لیڈیز غسل خانے میں جائوں گی اور یہ کہہ کر میں اپنی والدہ کے ساتھ بلڈنگ میں داخل ہوجاتی ہوں۔ وہاں مجھے اپنی ماموں زاد بہن نظر آتی ہے۔ وہ کہتی ہے غسل خانہ خالی ہے اور وہ اس میں داخل ہوجاتی ہے۔ میں بھی ایک غسل خانے میں وضو کرنے لگتی ہوں۔ اس دوران بلڈنگ کے باہر سے شور سنائی دیتا ہے۔ میں باہر دیکھتی ہوں تو ہنگامہ ہورہا ہوتا ہے۔ کچھ لوگ توڑ پھوڑ کرتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ دیکھ کر میں ڈر جاتی ہوں۔ مجھے ایسا لگتا ہے وہ ہمیں نقصان پہنچائیں گے۔ میں گھبرا کر اپنی امی اور خالہ زاد کزن کو لے کر کمرے میں بند ہوجاتی ہوں اور کمرے کی چھت میں بنے ایک سوراخ سے فرار ہونے کیلئے امی سے کہتی ہوں کیونکہ مجھے بہت ڈر لگ رہا ہوتا ہے۔ پھر ہم وہاں سے فرار ہوجاتے ہیں اس کے بعد میں نے دیکھا کہ ہلکا ہلکا سا اندھیرا چھایا ہوا ہے جیسے صبح ہونے والی ہو۔ میں اپنی خالہ زاد کزن کے ساتھ ایک راستے پر جارہی ہوں۔ کچھ اوباش لڑکے کھڑے ہوتے ہیں۔ مجھے ان سے ڈر لگتا ہے۔ ان میں سے دو لڑکے موٹرسائیکل پر سوار ہوکر ہمیں تنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے عزائم بڑے خطرناک ہوتے ہیں‘ میں ایک مسجد میں گھس جاتی ہوں‘ پھر میں دیکھتی ہوں کہ میں خالہ کے گھر کے باہر ہوں‘گھر کے باہر کا دروازہ کھلا ہوا ہے اور میں دروازے کے بالکل سامنے کھڑی ہوں اور وہ دونوں بدمعاش لڑکے دروازے کے باہر کھڑے نظر آتے ہیں۔ میں بری طرح خوفزدہ ہوجاتی ہوں پھر وہ بھی مجھے دیکھ لیتے ہیں ان کے ہاتھ میں شاید گن بھی ہے۔(ج۔ سرگودھا)

تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق انشاءاللہ آپ کو گناہوں سے توبہ کی توفیق ہوگی اور دشمنوں سے حفاظت ہوگی۔ آپ استغفار کثرت سے پڑھا کریں۔

 

پھولوں کے ہار

خواب: میرا چھوٹا بیٹا ڈاکٹری کے آخری سال میں ہے۔ اسے کمسن دیکھا جیسا وہ بچپن میں تھا۔ مجھے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ وہ حج پر جارہا ہے یا نہیں۔ اسے خاندان والے اور دوسرے پھولوں کے ہار پہنا رہے ہیں۔ آخر میں بھی خود پھولوں کے ہار پہن لیتی ہوں۔ اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (خیرالنسائ‘ کراچی)

تعبیر: ماشاءاللہ بہت مبارک خواب ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کا بیٹا امتیازی کامیابی حاصل کرے گا نیز اسے خاندان میں بہت عزت حاصل ہوگی‘ آپ آیة الکرسی‘ چاروں قل‘ سورہ بقرہ کا اول و آخری رکوع اور سورہ قلم کی آخری آیت 7 بار پڑھ کر اپنے بیٹے پر دم کرلیا کریں۔ انشاءاللہ نظربد سے حفاظت ہوگی۔

 

رشتے کی منظوری

خواب: میں دیکھتا ہوں کہ میری باجی مجھ سے کہتی ہے‘ میں نے لڑکی والوں سے بات کرلی ہے وہ کہہ رہے ہیں ہمیں یہ رشتہ منظور ہے بس تم اپنے والدین کو یہاں بھیج دو اور میں بہت خوش ہوتا ہوں۔ منظر بدلتا ہے میں اپنے کمرے میں بیٹھا ہوں‘ وہی لڑکی آتی ہے جسے میں پسند کرتا ہوں وہ کافی دیر تک میری بہن سے باتیں کرتی رہتی ہے اس کے بعد میں وہاں سے اٹھ جاتا ہوں اور وہ لڑکی اس جگہ بیٹھ جاتی ہے میں چائے لے کر واپس کمرے میں آتا ہوں وہ کہتی ہے ہمارے گھر بھی شام کے وقت چائے بنتی ہے۔ (محمد لطیف‘ پشاور)

تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق جس جگہ آپ شادی کرنا چاہتے ہیں اگر مناسب طریقے سے بات آگے بڑھائی جائے تو یہ رشتہ بہت اچھا رہے گا۔ آپ ہر نماز کے بعد سورہ الم نشرح ایک بار پڑھ لیا کریں۔

 

برعکس نتیجہ

خواب: ہمارا میٹرک کا رزلٹ آئوٹ ہوچکا ہے چونکہ میںنے ابھی میٹرک کا امتحان دیا ہے میں دیکھتی ہوں کہ ہمارے فزکس کے سر بیٹھے ہوئے ہیں اور سب طلبہ کو فزکس کے مارکس بتارہے ہوتے ہیں۔ جب میں اور میری سہیلی مارکس دیکھنے جاتے ہیں تو میں دیکھتی ہوں کہ میری سہیلی کے زیادہ اچھے مارکس نہیں ہوتے کیونکہ وہ پوزیشن لیتی ہے اور باقی سٹوڈنٹس جو فزکس میں اتنے اچھے ہیں ان سب کے مجھ اور میری سہیلی سے زیادہ مارکس ہوتے ہیں جب میں اپنے مارکس دیکھتی ہوں تو وہ بہت کم ہوتے ہیں اور میں سر سے کہہ رہی ہوتی ہوں کہ سر میرا پیپر تو بہت اچھا ہوا تھا اور میرے اتنے کم مارکس کیوں آئے ہیں اور مجھے فیل بھی نہیں کیا ہوتا‘ میں پاس ہوتی ہوں‘ میرا دل بہت خفا ہوتا ہے کہ ایسا کیسے ہوگیا ہے‘ میرا دل بہت خفا ہوتا ہے اور میں سر سے کہتی ہوں کہ آپ دوبارہ چیک کریں شاید مارکس غلط لکھے ہوئے ہوں۔ اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔(شنیہ‘ لاہور)

تعبیر: آپ بالکل پریشان نہ ہوں کیونکہ آپ کے خواب کی تعبیر برعکس ہے اور انشاءاللہ آپ کا رزلٹ آپ کی توقع کے مطابق اچھا ظاہر ہوگا۔ آپ بعد نماز فجر 100 بار یَاحَسِیبُ ضرور پڑھ لیا کریں۔

 

مستری کی دعا

خواب: میرے والدین نے میرے لیے ایک رشتہ دیکھا جس کیلئے میں نے استخارہ کیا تو خواب میں دیکھا کہ میرے ابو کے دوست ہیں لیکن حقیقت میں وہ ہمارے محلے کے ایک مستری ہیں جن کی طرف ہمارا کافی آنا جانا ہے اور ساتھ کچھ کام کرنے والے پانچ یا چھ مرد ہیں۔ ہمارے آبائی گھر میں دروازے کے اندر کھڑے ہوتے ہیں (دیکھنے میں وہ محلے کے مستری ہیں لیکن ذہن میں بات ابو کے دوست کی آتی ہے کہ یہ وہ ہیں) اور کہتے ہیں کہ نیک کام میں دیر کیا۔ پھر ہاتھ اٹھا کر دعا کرتے ہیں اور ساتھ ہی کہتے ہیں کہ اگلے جمعہ کو شادی کی تاریخ طے کردیتے ہیں جس پر میں کہتی ہوں کہ اتنی جلدی‘ صرف ایک ہفتہ درمیان میں ہے۔

تعبیر: آپ کے استخاروں کا نتیجہ بالکل واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ جس جگہ آپ کے رشتہ کی بات چل رہی ہے وہ رشتہ بہترین ہے اور انشاءاللہ کامیاب ازدواجی زندگی کے اشارے بھی ہیں۔ نیز ٹوٹے برتن ان حاسدوں کی ناکامی ظاہر کرتے ہیں جو اس رشتے کے خلاف ہیں۔ آپ یَالَطِیفُ 111 بار بعد عشاءروزانہ پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 737 reviews.