چہرے کے مسائل
میرے چہرے پر بہت خشکی تھی۔ تین ماہ پہلے ڈاکٹر کو دکھایا۔ دوا استعمال کرنے سے ماتھے‘ چہرے اور ناک پر باریک باریک لکیریں پڑ گئی ہیں۔ چہر ہ بدنما لگتا ہے میری شادی نہیں ہوئی ہے۔ میں چہرے پر لکیروں کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ ہومیوپیتھک علاج سے چہرے کے کھچائو میں کمی آئی ہے مگر لکیروں میں نہیں۔ کچھ لگاتی ہوں تو یہ لکیریں اور نمایاں ہوجاتی ہیں۔ مجھے بتائیے میں کیا کروں؟؟ (رابعہ ناہید‘ شیخوپورہ)
مشورہ: چہرے کی جلد بڑی حساس ہوتی ہے۔ کوئی بھی کریم یا تیل لگایا جائے تو نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے۔ آئل آف اولے لگانے سے آپ کو تکلیف ہوئی۔ آئل اصلی تھا یا نقلی‘ یہ اللہ جانتا ہے۔ دکاندار نمبر دو مال بڑے اعتماد سے فروخت کرتے ہیں۔ آپ نے ایک بات نہیں لکھی کہ صابن کونسا استعمال کرتی ہیں۔ صابن کی وجہ سے بھی چہرہ خشک ہوجاتا ہے اور جلد متاثر ہوتی ہے۔ اب آپ بیسن سے چہرہ دھونا شروع کیجئے۔ ایک چمچ بیسن میں پانی ملائیے اور گاڑھا پیسٹ بنا کر چہرے پر لگائیے۔ چار منٹ بعد انگلیوں سے چہرے پر اوپر کی طرف مساج کیجئے۔ ابٹن کی طرح مل کر تازہ پانی سے منہ دھوئیے۔ چہرے پر بہت خشکی ہو تو بیسن میں پانی کے بجائے دودھ یا چند قطرے زیتون کا تیل ملائیے اور پھر چہرے پر مساج کرکے پانی سے دھوئیے۔ آپ دن میں دو تین بار بیسن سے منہ دھوسکتی ہیں۔ کنوار گندل یا گھیکوار مالی سے منگائیے۔ اس کی شاخ پانی سے دھوئیے ایک چمچ گودا بہت ہے۔ یہ گودا چہرے پر لگائیے اور پندرہ منٹ بعد تازہ پانی سے منہ دھوئیے۔ اس کے لگانے سے چہرے کو نقصان نہیں ہوتا۔ دن میں ایک بار لگائیے آپ کو فرق محسوس ہوگا۔ آلو بخارے بازار میں آج کل مل جاتے ہیں‘ روزانہ کھائیے۔ خشک آلو بخارے کی چٹنی بھی آپ کیلئے مفید ہے۔ کھیرا‘ سلاد‘ ٹماٹر‘ پیاز اور لیموں روزانہ کھائیے۔
آنکھوں کے مسائل
سرگودھا سے آگے دور جاکر میرا گائوں ہے۔ مصیبت یہ ہے کہ وہاں برسات کے دنوں میں سب کی آنکھیں دکھنے آجاتی ہیں۔ گھر میں ایک آدمی کی آنکھ خراب ہو تو باری باری پورا گھرانہ آنکھوں کی بیماری میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ اب پھر برسات کا موسم ہے۔ پانی چڑھ رہا ہے اور ہمارے گائوں میں پانی بھی آجائے گا۔ ساتھ میں بیماریاں بھی۔ کوئی احتیاطی تدبیر بتائیے۔ (آسیہ انعم‘ سرگودھا)
مشورہ: برسات کے بعد ہونے والی گرمی‘ حبس‘ سیلاب کے بعد عموماً بیماریاں پھیل جاتی ہے۔ آشوب چشم بھی متعدی مرض ہے۔ ایک مخصوص جرثومے سے یہ پھیلتا ہے اور بڑا تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔ تیز روشنی اور دھوپ برداشت نہیں ہوتی۔ آنکھوں کی جلن اور کھٹک سے بے چینی ہوتی ہے۔ آنکھیں چپک جاتی ہیں۔ جب بھی کسی کو آشوب چشم ہو اسے چاہیے بڑی احتیاط کرے۔ آنکھیں بالکل نہ ملی جائیں‘2 چمچ ہلدی لیں اس میں پانی ملا کر ململ کے ٹکڑے رنگ لیے جائیں۔ آنکھیں جب بھی صاف کریں‘ ہلدی میں رنگے کپڑے سے کیجئے۔ کپڑا خراب ہوتو اسے زمین میں دبائیں یا جلادیا جائے۔ آنکھ پر مکھی نہ بیٹھنے دیجئے۔ اپنے ہاتھ بار بار دھوئیے۔ تیز دھوپ سے بچئے۔ عینک ہو تو لگائیے۔
بڑا گوشت‘ مسور کی دال‘ بینگن‘ مرچ مسالے سے پرہیز کیجئے۔ یورک پائوڈر پانی میں ملا کر اس سے آنکھ دھوئیے۔ یورک نہ ملے تو نیم کے پتے پانی میں ابال کر اس سے آنکھ صاف کیجئے۔ صاف ستھری برف صاف کپڑے میں رکھ کر اس کی پوٹلی آنکھوں پر پھیرئیے جلن اور سوجن کم ہوگی۔ گلاب کا عرق آنکھوں میں روزانہ تین چار بار ڈالا جائے۔ مریض احتیاط سے رہے تو دوسرے لوگ بیماری سے محفوظ رہیں گے۔
ترجمے کے ساتھ قرآن
میرے چار بچے ہیں‘ بڑا بچہ قرآن پاک پڑھ چکا ہے جبکہ تین بچے ابھی پڑھ رہے ہیں۔ میرا جی چاہتا ہے کہ بچوں کو معنوں کے ساتھ قرآن پڑھائوں تاکہ سمجھ میں آجائے‘ میں نے قرآن شریف خود بھی پڑھا ہے مگر ترجمہ نہیں۔ آسان زبان میں ترجمے کے ساتھ کوئی سستا سا نسخہ مل جائے تو بتائیے تاکہ میں خود بھی پڑھ سکوں اور بچوں کو بھی پڑھاسکوں۔ (شمائلہ‘ لاہور)
مشورہ: آپ کا خط پڑھ کر خوشی ہوئی۔ آپ ترجمے کے ساتھ خود پڑھنا اور بچوں کو بھی پڑھانا چاہتی ہیں۔ بہت اچھی بات ہے۔ میں نے بھی کچھ طالب علموںکو قرآن آسان تحریک لاہور کا مرتبہ کردہ ترجمہ قرآن حکیم دو رنگ میں پڑھنے کو دیا چند پارے پڑھ کر ہی معنی ان کی سمجھ میں آنے لگے۔بہتر ہے کہ کسی مستند عالم دین سے مشورہ کرلیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
نیل پالش سے ناخن خراب
نیل پالش مسلسل لگانے سے میرے ناخن خراب ہوگئے ہیں‘ ان پر لکیریں پڑگئی ہیں اور سب سے بڑی بات یہ کہ وہ ٹوٹنے لگے ہیں‘ کمزور ناخن ہوجائیں تو کہیں پر بھی لگ جائیں تو ان پر نشان پڑجاتا ہے پھر انہیں کاٹنا پڑتا ہے۔ کوئی ٹوٹکا بتائیے جس سے ناخن صحیح رہیں اور جلدی بڑھ جائیں تاکہ اچھے لگیں۔ (شائستہ‘ کراچی)
مشورہ: کیلشیم کی کمی سے بھی ناخن خراب ہوجاتے ہیں۔ بڑی بوڑھیاں کہا کرتی تھیں کہ لہسن ہاتھ سے چھیلا کرو‘ ان سے ناخن مضبوط ہوتے ہیں۔ آپ تھوڑی سی مہندی لے کر ان میں جوکا سرکہ ملائیے۔ یہ مہندی ناخنوں پر ہفتے میں تین بار لگانے سے بھی فرق پڑیگا۔ نیل پالش سے ناخن خراب ہورہے ہیں آپ پالش لگانا چھوڑئیے۔ بڑے ناخن فیشن میں داخل ہیں ایسا فیشن کس کام کا جس سے یہ خراب اور بدنما ہوجائیں ان کی وجہ سے جراثیم غذا کے ساتھ جسم کے اندر پہنچتے ہیں۔ ناخن سخت ہوکر سیاہ بھی ہوجاتے ہیں‘ آپ ناخن بڑھائیے نہیں۔ صحت مند‘ گلابی اور چمکتے ناخن اچھے لگتے ہیں‘ کیلشیم کھائیے اپنی غذا میں دودھ شامل کیجئے‘ مہندی اور سرکہ ملا کر لگائیے۔ مہندی کا رنگ اچھا نہیں لگتا تو مہندی کے تھوڑے سے پتے سرکے میں ابال چھان کر رکھیے اس محلول میں روز پانچ منٹ کیلئے ناخن ڈبوئیے۔ ناخن ٹھیک نہ ہوں تو ڈاکٹر کو دکھائیے۔ خراب ناخن کسی آنے والی بیماری کا پیش خیمہ بھی ہوسکتے ہیں۔ پتلے کمزور اور شکستہ ناخن کمزوری اور اعصابی بے چینی کی علامت ہیں۔ طبی ماہرین معائنہ کرکے ناخن کی رنگت‘ ساخت اور وضع قطع سے اندازہ لگا لیتے ہیں کہ مریض کو کن مسائل کا سامنا ہے۔ پھر دوا تجویز کردیتے ہیں۔
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 381
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں