ہماری ایک دور کی عزیزہ جو کہ ایک بوڑھی خاتون تھیں ایک بار ہمارے گھر آئیںتو انہوں نے اپنا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک دفعہ میری بہو نے میری کچھ نافرمانی کی اور نافرمانی ایسی کی کہ مجھے بہت غصہ آیا اور میں نے اسے کہا کہ تمہارے ہاتھ پر کالا دانہ نکلے ۔کچھ عرصہ بعد میری بہو ہانڈی پکا رہی تھی کہ گھی کے ڈبہ سے تھوڑا سا کٹ لگ گیا اگلے دن وہ کٹ کالا ہوگیا اور دو تین دن میں پھیل کر پوراہاتھ کالا ہوگیا اور سخت درد ہونے لگا میں بہو کو لے کر ہسپتال گئی تو ڈاکٹر نے چیک کرکے کچھ ٹیسٹ وغیرہ کیے اور کہا کہ ہاتھ کاٹنا پڑے گا ورنہ یہ زخم پھیل جائے گا۔ میں بھی بہت پریشان اور بہو تو روتے ہوئے چپ ہی نہیں ہورہی تھی۔ میں نے ڈاکٹر صاحب سے کہا کہ ایسے کریں کچھ دوائی لکھ دیں ہم نے ہاتھ نہیں کٹوانا۔ انہوں نے دوائی لکھ دی لیکن کہا کہ اس کا حل کاٹنا ہی ہے‘ گھر آئی دو تین دن اور گزرے توپورا بازو کالا ہوگیا اور پورے بازو میں تکلیف اور تکلیف بھی ایسی کہ بہو پوری رات تکلیف کی وجہ سے کراہتی اور سو نہیں سکتی تھی۔ پھر ڈاکٹر کے پاس گئے تو اس نے کہا اب پورا بازوکاٹنا پڑے گا بہو نے کہا مرجائوں گی‘ بازو نہیں کٹوائوں گی۔ پھر گھر واپس آگئے میں بہت پریشان‘ بیٹا بھی بہت پریشان کہ اب کیا ہوگا؟
میں نے کہا کہ اب تو ایک ہی در رہ گیا ہے۔ اگلی پوری رات میں اٹھی رہی اور رو رو کر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس کی طرف سے استغفار بھی کرتی رہی کیونکہ میری بہو میرے بھائی کی بیٹی بھی ہے اور بچپن سے اس کے ساتھ میری محبت بھی تھی تو پوری رات اللہ تعالیٰ سے اس کی شفاءکیلئے دعا کرتی رہی صبح کے وقت ویسے ہی اس کا بازو دیکھنے کیلئے پکڑا تو اس کے بازو سے کالا خون اور پیپ نکلنا شروع ہوگئے اور ایک برتن میں نے اس کے بازو کے نیچے رکھ دیا اور وہ پورا برتن کالے خون اور پیپ سے بھر گیا اس وقت ہم تھوڑا زیادہ پریشان ہوئے لیکن جب تمام پیپ اور خون گندا نکل گیا تو بہو کی تمام تکلیف ٹھیک ہوگئی اور کچھ دنوں بعد بازو کا زخم ٹھیک ہوگیا اور ٹھیک بھی کچھ اس طرح ہوا کہ کبھی کچھ ہوا ہی نہیں۔ میری بہو نے کہا پھوپھی آپ نے ہی بددعا کی تھی تو قبول ہوئی اور آپ نے ہی دعا کی تو قبول ہوئی۔
منزل پڑھنے سے مشکل دور ہوگئی (حنا ‘ ڈی آئی خان)
یہ واقعہ ہمارے پڑوس میں واقع ایک دکاندار کے ساتھ پیش آیا۔ اسی کی زبانی سنتے ہیں۔” ہماری پرچون کی دکان ہے۔ جہاں روزمرہ کے استعمال کی اشیاءباآسانی مل جاتی ہیں۔ بڑے بڑے ریستوران کے لوگوں سے ہمارے کھاتے بنے ہوئے ہیں تو اللہ کے فضل سے کافی آمدن ہوجاتی ہے۔ ہم تین بھائی دکان پر ہوتے ہیں تین وقت تین بھائی علیحدہ علیحدہ بیٹھتے ہیں۔ ایک بار میرے بھائی جس کا نام بلال ہے اس نے کہا کہ دکان کی آج صفائی کرتا ہوں۔
ایک میز جو کہ کافی عرصے سے وہیں پڑی تھی۔ وہاں کافی گند جمع تھا اس نے سوچا اس کو ہٹا کر صفائی کرلوں جیسے ہی اس نے میز ہٹائی وہاں سے ہزار ہزار والے دس نوٹ برآمد ہوئے۔ وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ کہاں سے آئے۔ کیا دیکھتا ہے کہ چوہوں نے وہاں پر پیسے اکٹھے کررکھے تھے اور اللہ کا کرنا یہ ہوا کہ ان پیسوں کو چوہوں نے کہیں سے بھی نہیں کھایا ہوا تھا۔
بلال اس دوران اپنا گھر بنوا رہا تھا اس کے پاس پیسوں کی کمی تھی تو غیب سے اس کی مدد ہوگئی۔ وہ چوہے اللہ کے حکم سے ان کی پیسوں والی صندوقچی سے ہزار والے نوٹ اٹھا کر لے جاتے رہے اور جب اسے ضرورت پڑی تو اسے مل گئے۔ وہ بہت خوش ہوا۔ اللہ کا شکر ادا کیا اور پیسے لے گیا۔ ماں کو سارا قصہ سنایا تو ماں نے کہا یہ سب منزل اور سورہ واقعہ کا کمال ہے جو کہ میں روزانہ پڑھتی ہوں۔ منزل نام کی کتاب بہت اچھی ہے۔ یہ ہر آفت‘ مشکلات‘ جنوں بھوتوں اور کئی بیماریوں سے بچاتی ہے۔ روزانہ ایک بار پڑھ لینا ہی کافی ہے۔
منزل میں قرآن مجید کی کئی سورتوں سے آیات اکٹھی کی گئی ہیں جو کہ بہت مجرب ہیں۔ جہاں ہم اتنی ساری مصیبتوں سے محفوظ رہیں اور اس کے پڑھنے سے غیب سے مدد بھی حاصل ہو تو ایک بار پڑھنا کونسی مشکل بات ہے اور سورہ واقعہ مغرب کے بعد پڑھنی چاہیے۔
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 300
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں