اس ماہ کا دکھی خط
ایڈیٹر کی ڈھیروں ڈاک سے صرف ایک خط کاانتخاب نام اورجگہ مکمل تبدیل کر دیئے ہیں تاکہ رازداری رہے۔ کسی واقعہ سے مماثلت محض اتفاقی ہو گی۔اگر آپ اپنا خط شائع نہیں کراناچاہتے تو اعتماد اور تسلی سے لکھیں آپ کا خط شائع نہیں ہوگا۔ وضاحت ضرور لکھیں
محترم قارئین السلام علیکم! میں اپنے بھائیوں بہنوں کے سامنے اپنا دکھ پیش کرنے جارہی ہوں۔ آپ لوگ مہربانی کرکے میری رہنمائی کریں۔ میری شادی کو تیرہ سال ہوگئے ہیں میں اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی تھی۔ میرے جیٹھ اور جیٹھائی بھی میرے ساتھ ایک گھر میں رہتے ہیں۔ دو سال پہلے میرے شوہر اور جیٹھانی کے تعلقات ناجائز شروع ہوگئے۔ ایک دفعہ جیٹھ نے رنگے ہاتھوں دونوں کو پکڑا اور دونوں کہنے لگے ہم تو پانی پینے کیلئے کچن میں آئے ہیں۔
میرے شوہر نے میرے جیٹھ سے کہا کہ یہ میری بہن ہے اور کچھ نہ سمجھنا۔ خیر زندگی کی گاڑی یونہی چلتی رہی۔ آج سے آٹھ ماہ پہلے کی بات ہے کہ میں نے اپنے شوہر کو کہا کہ حرام کام نہ کرو تو اس نے کہا کہ ہم نے رضامندی سے نکاح کرلیا ہے اور اگر تو نے اپنے بھائیوں کو بتایا تو میں طلاق دے دوں گا۔
جب میں منع کرتی تو بہت ظلم کرتا‘ ڈنڈے مارتا اور جو چیز ہاتھ میں ہوتی وہ مار دیتا اور غلیظ گالیاں دیتا اور کہتا مجھے تیری شکل سے ہی نفرت ہے اور جب میں گھر آیا کروں تو میرے سامنے مت آیا کر۔ میرے چھوٹے چھوٹے پانچ بچے ہیں۔ بڑی بیٹی کی عمر 11 سال اور سب سے چھوٹی بیٹی دو ماہ کی ہے جبکہ میری جیٹھانی کی کوئی اولاد نہیں۔ دو سال پہلے میرے ایک بیٹے کو اپنا بیٹا بنالیا تھا۔ میں نے کہا شائد عقل آجائے لیکن اس نے اپنے تعلقات نہیں چھوڑے۔
میں سارا دن رو رو کر اپنے خدا سے دعا کرتی ہوں یااللہ! میرے شوہر کو ہدایت دے لیکن لگتا ہے کہ اللہ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ اس نے غصہ میں آکر مجھے میرے بھائی کے گھر رہنے بھیجا اور بچے سکول جانے کیلئے لے گیا۔ اگلے دن آکر مجھے آزاد کرگیا۔ میں اس مرد کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی اس لیے میں نے اپنے بھائی بھابی کو سب کچھ بتا دیا۔ اگلے دن وہ آیا اور مجھے طلاق طلاق طلاق کہہ کر چلا گیا۔
حکیم صاحب! اب آپ میری رہنمائی کریں مجھے کچھ پڑھنے کیلئے وظیفہ بتائیں کہ جس سے میرے بچے مجھے ملنے کیلئے آجائیں کیونکہ بچے میری ذمہ داری نہیں ہیں اسلیے میں انہیں مستقل رکھنا نہیں چاہتی اس کے بچے ہیں وہ ذمہ داری پوری کرے کیونکہ میں اکیلی تو اپنے بھائی کے پاس رہ سکتی ہوں بچوں کے لے کر کہاں جائوں گی۔
حکیم صاحب! میری اپنی بہنوں سے خصوصی گزارش ہے کہ وہ شرعی پردے پر آجائیں جس طرح بے پردگی کی وجہ سے میرا گھر اجڑ گیا ہے اگر ہم سب پردہ کریں تو کبھی بھی کسی کا گھر نہ اجڑے۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 272
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں