حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ میںنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ علی رضی اللہ عنہ قرآن کے ساتھ ہیں اور قرآن علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ ہے یہ دونوں حوض کوثر تک ایک دوسرے سے جدا نہیں ہونگے۔ (طبرانی)
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں پل صراط پر سب سے زیادہ ثابت قدم وہ ہوگا جو میرے اہل بیت رضی اللہ عنہ اور میرے صحابہ رضی اللہ عنہ سے زیادہ محبت رکھتا ہوگا۔ ( ابن عدی)
حضرت مسور بن مخرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے ابوجہل کی لڑکی کیلئے نکاح کا پیغام دیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ بے شک فاطمہ رضی اللہ عنہ میرے جسم کا حصہ ہے اور مجھے یہ پسند نہیں کہ اسے تکلیف پہنچے اللہ کی قسم اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی اور اللہ کے دشمن کی بیٹی ایک شخص کے نکاح میں جمع نہیں ہوسکتیں۔ (بخاری و مسلم)
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اور حضرت حسن کو پکڑا اور فرمایا کہ میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں تو بھی ان دونوں سے محبت رکھ۔ دوسری روایت میں ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم انہیں پکڑ کر اپنی ایک ران پر بٹھا لیتے اور حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہ کو دوسری ران مبارک پر پھر یہ کہتے اے اللہ ان دونوں پر رحم فرماکیونکہ میں بھی ان پر مہربانی کرتا ہوں۔ (بخاری )
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ پیر کی صبح اپنے بیٹوں سمیت میرے پاس آنا تاکہ میں تمہارے لیے ایسی دعا کروں جو تمہیں نفع دے‘ چنانچہ جب ہم سب حاضر ہوئے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سب پر چادر اوڑھا کر ایک دعا مانگی الٰہی عباس رضی اللہ عنہ اور اس کی اولاد کی ظاہری اور باطنی مغفرت فرما تاکہ انکاکوئی گناہ باقی نہ رہے اور انہیں ان کی اولاد میں عزت اور بلند مقام عطا فرما۔ ( ترمذی)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آقاو مولیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا الٰہی !میں ان دونوں (حسن وحسین رضی اللہ عنہ ) سے محبت کرتا ہوں تو بھی ان سے محبت فرما۔ (مسند احمد)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں