محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!عبقری سے ملنے والے وظائف کے بہت سے مشاہدات ہیں مگر آج ایک خاص عمل کا مشاہدہ تحریر کر رہی ہوں جو بارہا کا آزمودہ ہے۔
شادی کے بعد خواہش تھی کہ اللہ تعالیٰ اولاد نرینہ کی نعمت سے نوازے۔ایک بار عبقری رسالہ میں تحریر پڑھی جس میں لکھا تھا کہ سورئہ بقرہ سے ان شاءاللہ شرطیہ بیٹا پائیں۔ ان الفاظ میں ایسی تاثیر تھی جنہیں پڑھنے کے بعد دل میں یقین اتر آیا کہ ان شاءاللہ اس عمل کی برکت سے میرا دامن خوشیوں سے بھر جائے گا۔اللہ تعالیٰ نے جب اولاد کی امید لگائی تو میں نے سورئہ بقرہ کا عمل شروع کر دیا‘ جب بھی عمل کرتی تو اس کے بعد اللہ تعالیٰ سے اپنی مراد کے حصول کے لئے دعا بھی کرتی۔ڈلیوری کا وقت آیا تو اللہ تعالیٰ نے صحت مند بیٹے سے نوازا‘ میری خوشی کی انتہا نہ تھی۔اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا کہ اس نے میری جھولی خوشیوں سے بھر دی۔پھر جب دوبارہ اولاد کی امید لگی تو پھر یہی عمل دہرایا اور دوسری بار بھی الحمدللہ بیٹا ہی ہوا۔
میری بہن کی شادی ہوئی تو اسے بھی یہی عمل کرنے کی تاکید کی‘ بہن نے بھی اس پر من و عن عمل کیا جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے انہیں بھی اولاد نرینہ کی نعمت سے نواز دیا۔اس کے بعد چھوٹی بہن تھی انہیں بھی بیٹے کی خواہش تھی مگر وہ اب تک اس نعمت سے محروم تھی۔جب ہم دو بہنوں کو اس عمل سے اولاد نرینہ پاتے دیکھا تو انہیں بھی اس عمل پر یقین آگیا۔انہوں نے بھی سورئہ بقرہ کا عمل کیا جس کی بدولت اللہ تعالیٰ نے انہیں بھی اولاد نرینہ کی نعمت سے نوازا۔پھر اسی بہن کی ایک سہیلی تھی ‘ وہ بھی اولاد نرینہ سے محروم تھی‘ انہیں بھی اس عمل کے متعلق بتایا الحمدللہ انہیں بھی بیٹے کی نعمت مل گئی۔اس عمل کے اور بھی بہت سے مشاہدات ہیں‘ آج تک جنہیں بھی بتایا ہے الحمدللہ ان کا دامن خوشیوں سے بھر گیا ہے۔سورئہ بقرہ کا عمل درج ذیل ہے۔
جب اولاد کی امید لگ جائے تو اسلامی ماہ کے پہلے سات دن روزانہ ایک بار سورئہ بقرہ کی تلاوت کریں۔یہ عمل ہر اسلامی ماہ کے چاند نظر آنے پر مسلسل سات دن تک کرنا ہے اور ڈلیوری تک جاری رکھنا ہے‘ ان شاءاللہ مراد مل جائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں