قارئین آپ بخل شکنی کریں۔ اپنے روحانی اور طبی مشاہدات لکھیں نیز عبقری کے آزمائے ہوئے تجربات سے قارئین کو ضرور مستفید کریں اور صفحے کے ایک طرف لکھیں چاہے بے ربط ہی کیوں نہ ہو، نو ک پلک ہم خود سنوار لیں گے
ٹی بی کیلئے
کوری ایک چھٹانک، اسخاری ایک چھٹانک، بادیان ایک چھٹانک، مصری ایک پاﺅ یہ تمام ادویات کوٹ چھان کر سفوف بناﺅ صبح و شام دس ماشے سے پندرہ ماشے تک پانی کے ساتھ استعمال کرو۔ قارئین کرام مندرجہ بالا ینسخہ ایک ساٹھ سالہ حکیم کی زندگی کا طبی نچوڑ ہیں جس نے احقر کو احسان و شفقت سے عنایت کیے تھے احقر نے من و عن بیان کیے امید ہے کہ میری سخاوت کی داد دو گے۔
اب چند نسخے مزید پیش کرنے کی سعادت حاصل کرہا ہوں یہ نسخے ایک روحانی دوست نے عملیات کے بدلے میں دئیے ہیں اور میں عبقری کے قارئین کو دعا کے بدلے میں دے رہا ہوں۔
نسخہ 1-تبخیر معدہ، بدہضمی، کھٹے ڈکار وغیرہ
نمک سیاہ، سنڈھ، ٹھیکری نوشادر، کالی مرچ تمام ہم وزن لیں کوٹ چھان کر اس میں تین ماشہ ست پودینہ شامل کر لیں بعد میں کیپسول بھر لیں۔ خوراک کھانا کھانے کے بعد ایک کیپسول استعمال کریں۔
نسخہ نمبر 2- برائے لیکوریا، سیلان رحم، جریان
کمرکس، لودھ پٹھانی، مشک، کائیپھل، سمندر سوکھ، تمام ہم وزن تمام ادویات کو کوٹ چھان کر سفوف بنا لیں صبح نہار منہ شربت دودھ یا باسی پانی کے ساتھ دس گرام استعمال کریں۔
نسخہ نمبر 3- گنٹھیا، جوڑوں کا درد، ریح گردہ
گوگل پنیا، پنیر ڈوڈی، اجوائن دیسی مصبر سیاہ ہم وزن دس سالہ پرانا گڑ 100گرام کا تمام ادویات کو باریک پیس کر اس میں آخر میں گڑ کوٹ کر شامل کر لیں اور پانی اور گوند کیکر ملا کر چنے کے برابر گولیاں بنا لیں۔ رات سوتے وقت ایک گولی تازہ پانی کے ساتھ اگر تکلیف زیادہ ہو تو 2گولی فوری استعمال کرائیں۔
ریح گردہ کیلئے ایک گولی نیم گرم پانی کے ساتھ دیں۔
خونی و بادی بواسیر کیلئے رات سوتے وقت ایک گولی ہمراہ آب تازہ دیں۔
نسخہ نمبر 4- سفوف مغلظ، دکاوت حس، جریان، احتلام سرعت انزال اور کمی قوت باہ کیلئے بے مثال ہے۔
قوت باہ کیلئے بے مثال تحفہ
موچرس، سمندر سوکھ، بیج بند، موصل سیاہ، تالمکھانہ، ثعلب دانہ، گوند چھوہارہ،گری سنگھاڑہ، بوپھلی، گوند ببول، چہار مغز، موصلی سفید، ستاور، بہمن سفید، بہمن سرخ، تخم کونج، دار چینی، گوند کتیرا۔
ہوالشافی: تمام اشیاءہم وزن لیکر کوٹ کر سفوف بنا ئیں اور ایک چمچ صبح ناشتہ کے بعد اور رات سونے سے قبل ایک چمچ ہمراہ دودھ استعمال کرائیں۔ مردوں کے تمام جنسی امراض اور عورتوں کے لیکوریا میں ازحد مفید ہے۔ آخر میں تمام قارئین سے درخواست کی جاتی ہے کہ حکیم محمد طارق محمود صاحب کو خصوصی دعاﺅں میں یاد رکھا جائے جن کی بدولت ایسے قیمتی رازوں کا انکشاف ہوتا جارہا ہے۔
مومن کا ہتھیار
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں، ”تمہارے پروردگار نے کہا ہے تم مجھ سے مانگو میں ہی تم کو دوں گا“
ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: دعا کرنے سے عاجزمت ہو اور اس سے غفلت مت کرو کیونکہ دعا کرنے والا برباد و ہلاک نہیں ہوتا۔ ایک حدیث میں ہے کہ ”دعا نجات دلاتی ہے اس بلا سے جو آنے والی ہے اور جو ابھی نہیں آئی ہے۔ بلا ومصیبت آسمان سے اترتی ہے کہ دعا اس سے جا ملتی ہے تو دونوں لڑتی ہیں یعنی بلا آسمان سے اترنا چاہتی ہے تودعا اس کو روکتی ہے اور دعا و بلا کا یہ مقابلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ خالص دعاﺅں میں یہ اثر ہے کہ دعا تقدیر کو بھی پھیر سکتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمایا ”دعا ہی تقدیر کو پھیر سکتی ہے۔ (ترمذی) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں دعا عبادت ہے، دعا عبادت کا مغز ہے اور فرمایا دعا مومن کا ہتھیار ہے۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کو سب سے پیاری چیز دعا لگتی ہے جس کی طبیعت دعا کی طرف مائل ہو گئی ہو تو اس پر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہو گئی کیونکہ دعا آخر قبول ہو ہی جائے گی اور اس کی دعا قبول کرنے کیلئے ہی تو اس بندے کو دعا کی توفیق مل رہی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ عیش کے دنوں میں اللہ تعالیٰ کو یاد رکھو، سختی کے دنوں میں اللہ تمہیں یاد رکھیں گے ایک حدیث میں ہے جو شخص اللہ تعالیٰ سے سوال نہیں کرتا یعنی دعا نہیں کرتا اللہ تعالیٰ اس سے ناراض ہو جاتے ہیں۔
اگر تم بے پروا ہو کر دعا کرو گے تو اللہ تعالیٰ بھی تم سے بے نیاز ہو جائیں گے اور اگر تم پوری توجہ سے دعا کرو گے تو اللہ تعالیٰ بھی پوری توجہ سے سنیں گے۔ تقدیر اللہ تعالیٰ کی ہی لکھی ہوئی ہے اور دعا اللہ تعالیٰ سے درخواست ہے اگر چاہے تو اپنے فیصلے میں تبدیلی کرے اس کو ہر طرح کا اختیار ہے۔
دعا کی قبولیت کی چند شرائط ہیں ”کھانے پینے پہننے اور کمانے میں حرام سے بچنا کسی گناہ یا قطعی رحمی کی دعا مت کریں۔ جوچیز روز ازل سے ہو چکی اس کے خلاف دعا نہ کرے۔ مثلاً یوں نہ کہے دعا کرتا ہوں اللہ تعالیٰ قبول ہی نہیں کرتے۔
خلوص دل سے مانگی گئی دعا اللہ تعالیٰ ضرور پوری کرتے ہیں لیکن مقررہ وقت پر۔ یوں سمجھو کہ جب تک کھانا اچھی طرح پک نہ جائے ماں اپنے بچے کو کھانا نہیں دیتی وہ کھانا پکنے کے وقت کا انتظار کرتی ہے لیکن بچہ اپنی نادانی کی وجہ سے روتا اور ضد کرتا ہے کیونکہ وہ دیر کی مصلحت نہیں جانتا کیونکہ اللہ تعالیٰ ایک ماں کی نسبت اپنے بندے سے 70گنا زیادہ محبت کرتا ہے لہٰذا بعض اوقات آدمی اللہ تعالیٰ سے کوئی ایسی چیز مانگتا ہے جو اس کے حق میں مضر ہوتی ہے تو وہ اللہ تعالیٰ قبول نہیں فرماتے بلکہ اس کے بدلے اس سے بہتر چیز عطا کرتے ہیں‘ہر حال میں دعا نہیں چھوڑنی چاہیے۔
(عابد محمود، صادق آباد)
عورتوں کا کثرت سے جہنم میں جانا
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ میں جنت کے دروازہ پر کھڑا ہوا تھا میں نے دیکھا کہ اس میں کثرت سے داخل ہونے والے فقراءہیں اور وسعت والے ابھی رکے ہوئے ہیں اور جہنمی لوگوں کو جہنم میں پھینک دیا گیا اور میں جہنم کے دروازے پر کھڑا ہوا تو میں نے اس میں کثرت سے داخل ہونے والی عورتیں دیکھیں۔
عورتوں کے جہنم میں کثرت سے داخل ہونے کی وجہ ایک اور حدیث میں آئی ہے۔ حضرت ابوسعید رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم عید کے دن عید گاہ میں تشریف لے گئے۔ جب عورتوں کے مجمع پر گذر ہوا تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں سے خطاب فرما کر ارشاد فرمایا کہ تم صدقہ بہت کثرت سے کیا کرو۔ میں نے عورتوں کو بہت کثرت سے جہنم میں دیکھا ہے۔ انہوں نے دریافت کیا۔ یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ کیا بات ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتیں لعنت (بددعائیں) بہت کرتی ہیں اور خاوند کی ناشکری بہت کرتی ہیں اور یہ دونوں باتیں عورتوں میں ایسی کثرت سے ہیں کہ حد نہیں جس اولاد پر دم دیتی ہیں ہر وقت اس کی راحت اور آرام کی فکر میں رہتی ہیں۔ ذرا ذرا سی بات پر اس کو ہروقت بددعائیں، تو مرجا، تو بدبخت، تیرا ناس ہو جائے وغیرہ وغیرہ الفاظ ان کا تکیہ کلام ہوتا ہے اور خاوند کی ناشکری کا تو پوچھنا ہی کیا ہے وہ غریب جتنی بھی ناز برداری کرتا رہے، ان کی نگاہ میں وہ لاپروا ہی رہتا ہے۔ ہر وقت اس غم میں مری رہتی ہیں کہ اس نے ماں کو کوئی چیز کیوں دے دی، باپ کو تنخواہ میں سے کچھ کیوں دے دیا، بہن بھائی سے حسن سلوک کیوں کر دیا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتیں احسان فراموشی کرتی ہیں، خاوند کی ناشکری کرتی ہیں۔ اگر تو تمام عمر ان میں سے کسی پر احسان کرتا رہے پھر کوئی ذرا سی بات پیش آجائے تو کہنے لگتی ہے کہ میں نے تجھ سے کبھی کوئی بھلائی نہ دیکھی۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عورتوں کی عام عادت ہے جتنا بھی ان کے ساتھ اچھا برتاﺅ کیا جائے، اگر کسی وقت کوئی بات ان کے خلاف طبع پیش آجائے تو خاوند کے عمر بھر کے احسان سب ضائع کر دیتی ہیں۔ اس گھر میں مجھے کبھی چین نہ ملا، ان کا خاص تکیہ کلام ہے ان روایات سے عورتوں کے کثرت سے جہنم میں داخل ہونے کی وجہ معلوم ہونے کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا کہ اس سے بچاﺅ اور حفاظت کی چیز بھی صدقہ کی کثرت ہے چنانچہ اس حدیث میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم جب یہ ارشاد فرما رہے تھے تو حضرت بلال رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے اور صحابی عورتیں کثرت سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا پاک ارشاد سننے کے بعد اپنے کانوں کا زیور اور گلے کا زیور نکال نکال کر حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے کپڑے میں جس میں وہ صدقہ جمع کررہے تھے، ڈال رہی تھیں۔
( اقراءیونس، ملتان)
قبض سے نجات
ایک عوامی نسخہ، جو چلتے پھرتے حاصل ہوا۔ قارئین عبقری کی نذر کرتے ہیں بہت سے لوگوں کو فائدہ ہوا۔ آپ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تقریباً آٹھ نو روز سے مسلسل قبض کی حالت تھی کسی صورت دور ہونے کا نام نہ لیتی تھی طبیعت میں بوجھل پن، سردرد، پیٹ میں مروڑ، سینے میں جلن، کسی نے کہا دودھ میں دیسی گھی ڈال کر کھاﺅ وہ بھی کھایا مگر آرام نہ آیا۔ اپنی ہومیو میڈیسن بھی کھائیں مگر فائدہ نہ ہوا۔ میڈیسن کا ایک ڈسٹری بیوٹر لاہور سے آیا۔ طبیعت میں بوجھل پن تھا اس نے کوئی بات کی میں نے اس کو ڈانٹ دیا کہ میری اپنی طبیعت ٹھیک نہیں تم اپنا رونا رو رہے ہو اس نے طبیعت کے بارے میں پوچھا میرا جواب تھا کہ پچھلے نو دنوں سے قبض کی شکایت ہے جو کسی صورت دور نہیں ہو رہی۔ اس نے کہا ایک آزمودہ نسخہ بتاتا ہوں کئی لوگوں کو بتایا اور فائدہ مند ثابت ہوا آپ بھی استعمال کریں۔ اس نے بتایا کہ اچھی اور خالص قسم کا عرق گلاب لیں اور آدھا گلاس عرق گلاب پی لیں چنانچہ اس کے کہنے پر ایسا ہی کیا۔ یوں محسوس ہوا جیسے کسی نے آگ پر پانی ڈال دیا تقریباً ایک گھنٹہ بعد بغیر پوچھے پھر تھوڑا سا عرق گلاب پی لیا۔ ابھی کچھ دیر گزرنے نہ پائی تھی کہ کھل کے اجابت ہوئی۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ پیٹ خراب نہ ہوا اور ہلکا پھلکا ہو گیا۔ مروڑ ختم ہوگئے۔ بے چینی ختم ہوگئی، طبیعت میں ہلکا پن آگیا۔ اب تو قبض کو دور کرنے کیلئے میری روٹین بن گئی ہے کہ 2چمچ صبح اور 2شام کو پی لیتا ہوں اس سے طبیعت بحال رہتی ہے بلکہ اب تو دائمی قبض والے مریضوں کو بھی استعمال کرواتا ہوں۔ اللہ پاک اس ڈسٹری بیوٹر کا بھلا کرے جس نے ایک نئی تحقیق سے روشناس کروایا۔ مستقل استعمال سے جو فوائد حاصل ہوئے ان میں طبیعت کا ہشاش بشاش رہنا، سردرد کا خاتمہ، قبض کا خاتمہ، بوجھل پن ختم، قارئین عبقری اس کا استعمال کریں اور مستقل فائدہ اٹھائیں۔
(ڈاکٹر ظفر حمید ملک)
بالوں کی حفاظت کیلئے
1- ٹوٹے ہوئے دندانوں کی کنگھی کبھی نہ استعمال کیجئے۔
2- دوسرے کی استعمال شدہ کنگھی استعمال کرنے سے پرہیز کریں۔
3- سر دھونے کیلئے ٹھنڈا پانی استعمال کریں البتہ سردی کے موسم میں ہلکے گرم پانی سے سر دھوئیں‘ تیز گرم پانی سے کبھی سر نہ دھوئیں اس سے سر میں خشکی پیدا ہوتی ہے۔ بالوں کی جڑیں کمزور ہونے کی وجہ سے بال گرنے لگتے ہیں۔
4- نہانے سے پہلے بالوں میں تیل لگا لیں اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوجاتی ہیں۔
5-بازاری خوشبودار تیلوں کے بجائے ناریل یا سرسوں کا خالص تیل استعمال کریں۔
6- کبھی کبھی نیم گرم پانی میں تھوڑا سا سرکہ اور لیموں کا عرق ملا کر اس سے سر دھو لیا کریں۔
7- خوش رہنے کی کوشش کریں کیونکہ خوش رہنے اور بالوں کی تندرستی میں بہت گہرا تعلق ہے‘ چڑچڑے پن سے، فکر اور خوف سے سر کی شریانوں میں خون کی روانی باقاعدہ نہ ہونے سے بالوں پر اثر پڑتا ہے کیونکہ ہیجانی کیفیت میں شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور بالوں کی جڑوں کو تقویت پہنچانے کیلئے خون کا پہنچنا بند ہو جاتا ہے۔ دماغی پریشانیوں کے وقت آپ دس منٹ یا بارہ منٹ بالوں میں کنگھی کریں یہ بالوں کیلئے فائدہ مند ہے۔
(رابعہ نورین کنول دائرہ دین پنا ہ )
انمول خزانے کا کرشمہ
کالج کے گراﺅنڈ کی طرف ایک شہد کی مکھیوں کا بڑا سا چھتا بنا ہوا تھا اتفاق سے اسی طرف بچوں کی ٹک شاپ بھی تھی جب بچے بریک کے ٹائم وہاں اکٹھے ہوئے تو کسی شرارتی بچے نے شہد کی مکھیوں کے چھتے پر پتھر پھینک دیا جس سے شہد کی مکھیاں بچوں کو کاٹنے لگیں‘ بھگدڑ مچ گئی اور بھاگ دوڑ میں بچے زخمی ہوگئے میں وہیں موجود تھی سب بچے اور بڑے چیخ چیخ کر بھاگنے لگے مگر میں ثابت قدمی سے وہیں کھڑی رہی اور بچوں کو باہر نکالنے لگی میرے اوپر نیچے سامنے اور پیچھے بھی شہد کی مکھیاں ہی مکھیاں تھیں مگر ان کو کاٹنے کا حکم نہ تھا کیونکہ میں انمول خزانے روزانہ پڑھتی ہوں جس کے آخر میں یہ دعا ہے۔ اَللّٰہُمَّ اِنِّی اَعُوذُ بِکَ مِن شَرِّ نَفسِی وَمِن شَرِّ کُلِّ دَآبَّةٍ اَنتَ اٰخِذ ۰ بِنَا صِیَتِہَا اِنَّ رَبِّی عَلٰی صِرَاطٍ مُستَقِیمٍo
چنانچہ میں نے سب زخمی بچوں کو باہر نکالا اور سب بچوں کو دوائی لگائی اور اللہ کا شکر ادا کیا اور اگلے دن سب کو بتایا کہ جو دعا پڑھی ہے آپ سب کو یہ دعا سکھائی ہے اور میں نے بتایا کہ میں روزانہ یہ دعا پڑھتی ہوں اس لیے میں محفوظ رہی۔
(صفورا سلطانہ‘ لالہ موسیٰ)
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 311
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں