(عبدالحفیظ، حویلیاں)
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! چند روحانی اور طبی ٹوٹکے حاضر خدمت ہیں۔میرے آزمودہ ہیں۔
خونی پیچش کے لیے
ایک دفعہ مجھے شدید قسم کے پیچش لگ گئے جس میں 18 سے 20 پیچش خونی تھے متواتر دو دن ڈاکٹرز سے ادویات لیتا رہا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا۔ دوسرے دن شام کے وقت میری بیوی نے گھر میں پڑی سبز ہریڑ پیس کر درود پاک پڑھ کر مجھے پانی کیساتھ ایک چٹکی دی ایک گھنٹے کے بعد ایک چٹکی مزید دی اللہ کریم کا ایسا کرم ہوا کہ مزید کوئی پیچش نہیں لگے اور تیسرے دن آہستہ آہستہ طبیعت بالکل درست ہوگئی اور اس طرح میں پھر سے چلنے پھرنے کے قابل ہوگیا۔
الٹی، متلی، ہیضہ میں مفید
گھر میں کسی چھوٹے بڑے فرد کو الٹی لگ جائے جی متلائے یا شدید ہیضہ وغیرہ کی شکایت ہو جائے تو (سفید) جنگلی پودینہ ایک چٹکی چھوٹے بچوں کے لیے اور بڑوں کے لیے دو چٹکی دونوں ہاتھوں کی ہتھیلی پر رگڑ کر تنکے وغیرہ صاف کرکے آدھا لیموں نچوڑ کر اور ہلکی سی چٹکی نمک کی مکس کرکے پانی یا سبز چائے کے قہوہ سے نگل لیں، بہت خوش ذائقہ نسخہ ہے جس سے طبیعت اور الٹی وغیرہ سنبھل جاتی ہے۔ اگر پیچش ہیں تو وقفے وقفے سے دو سے تین چٹکیاں یہی دوا پانی سے استعمال کریں ان شاء اللہ کچھ دیر بعد افاقہ ہو جاتا ہے۔
بچے کا سوتے میں بستر پر پیشاب کرنا
میرا چھوٹا بچہ جو اب پانچ سال کا ہوگیا ہے۔ سال پہلے رات کو سوتے ہوئے اس کا اکثر پیشاب بستر پر نکل جاتا تھا۔ ہم نے کافی ڈاکٹری علاج کروایا لیکن کوئی افاقہ نہ ہوا۔ عبقری رسالہ اور آپ کے درس سے اللہ کے تین صفاتی نام الملک، القدوس، السلام والا عمل بچے کی ناف میں شہادت والی انگلی رکھ کر گیارہ بار اوّل آخر درود شریف پڑھ کر روزانہ رات کو دم کرتی رہی اللہ کا شکر ہے بچے کا پیشاب وغیرہ کا مرض بالکل ٹھیک ہوگیا ہے اور اب بچہ خود ناف میں انگلی رکھ کر پڑھ لیتا ہے۔ اسی طرح ایک شخص جو میرے ساتھ سکول میں کینٹین پر کام کرتا ہے اس کے بچہ کو بھی یہی مسئلہ تھا تو میں نے اس بھائی کو اللہ کے تینوں صفاتی ناموں کے متعلق طریقہ بتایا اور ساتھ تاکید کی تین وقت کم از کم بچے کے ناف میں دم کریں ان شاء اللہ افاقہ ہوگا۔ جب دو ہفتے بعد میں نے پوچھا تو کہنے لگا اب بچہ رات کو بستر پر پیشاب بالکل نہیں کرتا ٹھیک ہوگیا ہے۔
گم ہوئے جوتے مل گئے
ظہر کی نماز کیلئے شہر کی بڑی مسجد میں گیا جوتے اتار کر وضو خانہ والی سائیڈ پر رکھ دیئے ۔وضو کے بعد ذہن میں آیا جوتے اٹھاکر اندر جوتے والی جگہ پر رکھ دوں، دیکھا تو جوتے وہاں سے غائب تھے، بڑا پریشان ہوا۔ابھی کچھ ماہ پہلے ہی میں نے یہ چمڑے کے جوتے بڑے مہنگے داموں لیے تھے۔ تلاش کی کوشش کی پر نہ ملے پھر ذہن میں آیا کچھ پڑھ لوں تو سورۃ کوثر پڑھی دوبارہ سے تلاش شروع کی نہیں ملے دوبارہ اسی جگہ آیا جہاں جوتے رکھے تھے وہیں پڑے ہوئے تھے بڑی حیرانگی ہوئی ذہن میں خیال آیا کہ سورۃ کوثر پڑھنے کی برکت سے مل گئے ہیں ورنہ مشکل ہوتا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں