یہ صفحہ خواتین کے روز مرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کیلئے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور صفحے کے ایک طرف مکمل لکھیں۔ چاہے بے ربط ہی کیوں نہ ہوں۔
پائوں کی چنڈی
میرے پائوں میں چنڈی ہے۔ ہے تو چھوٹی مگر بہت تکلیف دیتی ہے۔ اس کے بارے میں بتائیں یہ کیسے ٹھیک ہوسکتی ہے؟(راشد میر، لاہور)
مشورہ:پائوں میں چنڈی کو گٹے بھی کہتے ہیں۔ یہ پنجے کے جوڑوں، تلوے اور ایڑیوں پر نمودار ہوتی ہے۔ عموماً یہ پائوں پر بوجھ پڑنے سے جنم لیتی ہے۔ جو تاتنگ اور سخت ہو تب بھی یہ بن جاتی ہیں۔ سب سے پہلے آپ اپنا جوتا چیک کریں کہ وہ کہاں سے پائوں دبا رہا ہے۔ اگر پتہ چل جائے تو فوراً جوتا بدل دیں۔ عموماً جوتا تبدیل کرنے سے چنڈیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ اس میں چاک کا سفوف بھی کام کرتا ہے۔ بازار سے سفید چا ک خریدیں اسے باریک پیس کر پانی میں ملا کر چنڈی پر گاڑھا گاڑھا لیپ کیجئے اور روزانہ لگائیے۔ غذا میں آپ سلاد، ہری سبزیاں اور موسمی پھل استعمال کریں۔ اسی طرح تازہ لیموں بھی مفید ہے۔ لیموں کے دو ٹکڑے کریں۔ ایک ٹکڑا چنڈی پر رکھ کر کپڑے کی پٹی سے باندھیے اور صبح اتاریں۔ چار پانچ دن لیموں کا ٹکڑا باندھنے سے چنڈی بیٹھ جائے گی۔ دیہات میں جنگلی پیاز گرم کرکے رات کو چنڈی پر باندھتے ہیں۔ چنڈی اگر ابھی نمودار ہورہی ہوتو ملٹھی بھی بڑی کارآمد دوا ہے۔ ملٹھی پیس کر تلوں یا رائی کے تیل میں ملا کر مرہم کی طرح رات کو سوتے وقت پانچ دس منٹ لگا کر ہلکا مساج کریں۔ آہستہ آہستہ چنڈی نرم ہوکر تحلیل ہو جائے گی۔ یہ نئی بننے والی چنڈی کے لیے آزمودہ ٹوٹکہ ہے۔ پائوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ جوتوں کو دوسرے تیسرے دن تھوڑی دیر کے لیے دھوپ میں رکھیں۔ نہانے کے بعد کوئی بھی ٹیلکم پائوڈر پائوں پر لگائیے۔ آپ کی تھوڑی سی احتیاط پائوں کو آرام و سکون دے گی۔
چٹکی بھر پودینہ سے پیٹ کا بوجھ ختم
پیٹ میں درد سا رہتا ہے اور بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اس کے لیے کچھ بتا دیں۔ (شگفتہ ، فیصل آباد)
مشورہ:انجیر کھائیے، پیٹ کے بوجھ کے لیے بہت مفید ہے۔ تھوڑی سی ادرک بالکل باریک کاٹ کر چٹکی بھر نمک چھڑک کر کھانے کے بعد لینے سے ہاضمہ ٹھیک رہتا ہے۔ سونٹھ اور اجوائن پیس کر ہم وزن کسی شیشے کی پلیٹ میں رکھیں اوپر سے لیموں نچوڑ دیجئے اچھی طرح تر ہو جائے تو اسے خشک کرکے پیس کر رکھ لیں۔ سوکھا ہوا پودینہ تھوڑا سا ملائیے صبح شام پانی کے ساتھ چٹکی بھر سفوف کھانے سے معدے کی خرابی دور ہوتی ہے نیز پیٹ کا بوجھل پن، گیس، درد، کھٹے ڈکار، منہ کا ذائقہ بھی ٹھیک ہوتا ہے، کھانے کے بعد سفوف لیں، بادی ثقیل چیزیں نہ کھائیے، لیموں کا رس پانی میں ملا کر پینے سے بھی فرق پڑتا ہے۔لیموں پیٹ کے لیے بے حد مفید ہے۔ کھانا ہضم نہ ہو، پیٹ میں بوجھ یا درد رہے تو لیموں سکون دیتا ہے۔ لیموں پر نمک کالی مرچ چھڑک کر چوسا جائے تو کھانا آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے۔
بے خوابی کا مسئلہ ختم
میں بہت ہی پریشان ہوں آدھی رات کو آنکھ کھل جاتی ہے تو پھر صبح تک نیند نہیں آتی۔ نیند کی ادویات کا بھی استعمال کیا پر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔(سعیدہ، کراچی)
مشورہ:بے خوابی کے مریض گہری نیند سے محروم ہو جاتے ہیں۔ بار بار آنکھ کھلتی ہے اور رات بھر بے خوابی رہتی ہے۔ نیند نہ آنے سے انسانی صحت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ تمام دن چڑچڑاپن، کاہلی اور سستی کام نہیں کرنے دیتی۔ گھر کا ماحول بھی متاثر ہو جاتا ہے۔ عموماً نیند نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ ذہنی تنائو ہے جو نیند بھگادیتا ہے۔ ہاضمہ خراب رہے۔ قبض کی شکایت ہو، دن بھر زیادہ کام کرنے سے تھکان ہو، تیز کافی یا چائے رات کو پینے سے بھی نیند غائب ہو جاتی ہے۔ سب سے بڑی بات یہ کہ اکثر نیند کا انتظار بھی نیند اُڑا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ سونے سے پہلے سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر ۵۶ دو تسبیح کرنے کے بعد سو جائیں ان شاء اللہ پرسکون نیند آجائے گی۔آپ نمک کا استعمال کم کریں میدے سے بنی چیزوں کا بھی زیادہ استعمال نہ کریں۔ کھانے میں سلاد کے پتے ضرور استعمال کریں۔ گھیا بہت مفید ہے، دہی اور سرسوں کا تیل سر میں مالش کرنے سے فرق پڑتا ہے۔ رات کو دودھ میں ایک چمچ شہد ملا کر پینے سے بھی نیند آجاتی ہے۔ ہرا دھنیے کی ٹہنیاں آپ پتوں سمیت سرہانے رکھ لیں اس سے بھی نیند آتی ہے۔
سگریٹ کا نشہ اور کھانسی
میرے شوہر بہت زیادہ سگریٹ پیتے ہیں۔ ساری رات کھانستے ہیں اور بلغم بھی خارج نہیں ہوتا۔ کوئی ایسا ٹوٹکہ یا نسخہ بتائیے جس سے انہیں آرام آجائے۔ (بیگم رب نواز، سیالکوٹ)
مشورہ:سفیدے کے پتے بہت کام کی چیز ہیں آپ انہیں سکھا کر بھی رکھ سکتی ہیں۔ اس کے تھوڑے سے پتے پانی میں پکا کر بھاپ لینے سے نزلہ زکام دور ہوتا ہے۔ سفیدہ جسے پوکلپٹس بھی کہتے ہیں بلغم کے اخراج میں بہت مدد دیتا ہے۔ اپنے شوہر سے کہیے کہ سفیدے کے پتے کا سگریٹ بنا کر اندر کی طرف دھواں لے جائیں تو سگریٹ کی طلب بھی پوری ہوگی اور اس کا دھواں بلغم بھی خارج کرے گا۔ سفیدے کی ٹہنیاں لاکر پانی کے گلدان یا گلاس میں رکھ لیں۔ جب سگرٹ کی طلب ہو دو پتے لے کر منہ میں رکھ لیں اور آہستہ آہستہ چبائیں، مگر کھائیں نہیں اور اس کا لعاب منہ میں رہنے دیں۔ دن میں چند بار اس طرح کرنے سے چند ہفتوں میں آپ سگریٹ چھوڑ دیں گے۔ بہت دل چاہے تو سفیدے کے درخت کے پتے سکھا کر کاغذ میں سگریٹ کی طرح لپیٹ کر پئیں۔ اس سے آپ کی طلب بھی پوری ہوگی اور فائدہ بھی۔ نزلہ، زکام، کھانسی،دمہ، بلغم کے لیے مفید ہے۔
موٹی ہونا چاہتی ہوں
میں جسمانی طور پر بہت کمزور ہوں میں موٹی ہونا چاہتی ہوں اس کے لیے میں نے بے شمار چیزیں اور ٹوٹکے آزمائے پر میںموٹی نہیں ہوئی۔ (انیسہ بی بی، اسلام آباد)
مشورہ:آپ بازار سے مغز بادام آدھ کلو منگوائیے۔ آج کل امریکن بادام مل رہے ہیں جو کڑوے نہیں ہوتے۔ آپ دیسی بادام بھی چکھ کر رکھ سکتی ہیں۔ ورق نقرہ ایک پیکٹ لیں۔ دیکھ کر خریدیے، ورق کالے نہ ہوں۔ چھوٹی الائچی ایک تولہ لے کر ان سب کو موٹا موٹا کوٹ لیں۔ اب چار کلو گائے کا دودھ پکنےکیلئے رکھ دیں، جب ابال آجائے تو بادام‘ ور ق نقرہ اور چھوٹی الائچی چھلکے سمیت ملا کر پکائیے۔ جب دودھ خشک ہونے لگے تو آدھا کلو سے کم چینی شامل کرکے اچھی طرح کھویا بھون کر رکھ لیں۔ فریج میں رکھیے۔ صبح کے وقت ایک لڈو کے برابر کھائیے اور اوپر سے ایک گلاس دودھ پی لیں۔ تازہ کھجوریں پانچ عدد اور ایک کھیرا ملا کر کھانے سے بھی جسم موٹا ہوتا ہے۔ ساگودانہ کی کھیر میں منقیٰ بیج نکال کر پکا کر کھانے سے بھی جسم بھاری ہو جاتا ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں