پہلے ان ہدایات کوغور سے پڑھیں: ان صفحات میں امراض کا علاج اور مشورہ ملے گا توجہ طلب امور کے لئے پتہ لکھا ہوا جوابی لفافہ ہمراہ ارسال کریں۔ لکھتے ہوئے اضافی گوند یا ٹیپ نہ لگائیں کھولتے ہوئے خط پھٹ جاتا ہے۔ رازداری کا خیال رکھا جائے گا۔ روحانی مسائل کے لئے علیحدہ خط لکھیں۔صفحے کے ایک طرف لکھیں۔ نام اور شہر کا نام یا مکمل پتہ خط کے آخر میں ضرور تحریر کریں۔ نوجوانوں کے خطوط احتیاط سے شائع کیے جاتے ہیں ایسے خطوط کے لئے جوابی لفافہ لازم ہے کیونکہ اکثر خطوط اشاعت کے قابل نہیں ہوتے۔
نوٹ: وہی غذا کھائیں جو آپ کیلئے تجویز کی گئی ہے۔
بہت زیادہ دبلا پن ہے
میری عمر تقریباً 24 سال ہے۔ بقول والدہ محترمہ کے جب میں 22 دن کا تھا تو میں نے دودھ پینا چھوڑ دیا‘ بعد میں بازاری دودھ بھی ٹھیک طریقہ سے نہیں پیا۔ بچپن میں پیٹ سے کیڑے بھی کافی مقدار میں نکلے تھے‘تاہم اب پیشاب ٹیسٹ کروایا‘ ڈاکٹر نے کہا کہ اب پیٹ میں کیڑے نہیں ہیں۔ اس وقت سے اب تک میں کافی زیادہ کمزور ہوں۔ کھایا ہوا ٹھیک طرح سے ہضم نہیں ہوتا۔ معدہ و جگر ٹھیک نہیں رہتا۔ خون کی کمی ہے‘ گیس اور قبض کی شکایت رہتی ہے۔ چہرہ بھی کافی پتلا ہے۔ جسم کے پھولنے اور موٹا ہونے کا کوئی اچھا سا نسخہ لکھ دیں۔ گھر والے منگنی کا سوچ رہے ہیں۔ کہتے ہیں تھوڑا سا جسم بناﺅ۔ (حامد‘سمندری)
مشورہ:۔ عمدہ اصلی جوارش جالینوس تین گرام صبح‘ دوپہر‘ رات کو غذا کے بعد کھائیں۔ماہنامہ عبقری کے دفتر سے اکسیر البدن اور جوہر شفائے مدینہ منگوا کر استعمال کریں۔ غذا میں بادام کشمش‘ شہد‘ خالص ناشتے میں لیں۔ پراٹھے سے پرہیز کریں‘ البتہ گرم روٹی پر خالص دیسی گھی ڈال کر کھا سکتے ہیں۔ بکرے کا گوشت روٹی صحت بنانے کیلئے عمدہ غذا ہے۔ دیسی گھی میں بھون کر کھائیں‘ روٹی بھی کھائیں‘ موسمی پھل بھی بہت مفید ہیں۔
خراب آنکھیں
میں اپنے والد کے بارے میں مشورہ چاہتا ہوں۔ پہلے میں نے ان کے بارے میں لکھا تھا کہ انہیں ٹیومر ہو گیا ہے جو اب ٹھیک ہو گیا ہے۔ ان کی عمر تقریباً 75 سال ہے‘ موتیا کا آپریشن ہوا تھا جس میں ان کی آنکھوں میں لینز ڈال دیئے گئے۔ آپریشن سے پہلے ان کی آنکھوں سے بہت کم پانی بہتا تھا لیکن اب ان کی آنکھوں سے پانی بہت زیادہ بہتا رہتا ہے۔ ڈاکٹروں سے مشورہ کیا تھا۔ انہوں نے کچھ ڈراپس لکھ دیئے لیکن فائدہ نہیں ہوا۔ والد صاحب کی کوشش ہوتی ہے کہ میں آرام سے بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کروں‘ لیکن آنکھوں کی وجہ سے بہت پریشان ہیں۔ ان کے سر میں آوازیں بہت آتی ہیں۔ انہوں نے بہت سے ٹوٹکے کئے ہیں لیکن فائدہ نہیں ہو رہا۔ جسمانی صحت بھی بہت کمزور ہو رہی ہے۔ (خالد محمود‘ لاہور)
مشورہ:۔آپ مغز بادام ‘اسطخدوس‘ سفید مرچ‘ سونف‘ مصری تمام دوائیں پچاس ‘ پچاس گرام اور الائچی خورد دس گرام کوٹ پیس کر ایک چمچ صبح دوپہر شام ہمراہ پانی لیں۔ چارٹ سے غذا نمبر 6-4 استعمال کریں۔اصلی عمدہ عرق گلاب سہ آتشہ آنکھوں میں ڈالیں نظر کا کام بھی نہ کریں آرام زیادہ کریں۔
قدچھوٹا ہے
میری عمر 17 سال ہے لیکن عمر کے حساب سے میر اقد چھوٹا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا قد بڑھ جائے۔ کوئی ایسا نسخہ بتائیں جس سے میرے قد میں اضافہ ہو جائے۔ کسی نے کہا تھا
کہ اونٹنی کا دودھ پینے سے قد میں اضافہ ہوتا ہے لیکن شہر میں تو اونٹنی کا دودھ ملنا بہت مشکل ہے۔ ایک مسئلہ میری بہن کا ہے اس کی عمر 20 سال ہے وہ جسمانی لحاظ سے بہت کمزور ہے۔ ہر وقت بیمار بیمار رہتی ہے۔ اس کو موشن بھی بہت زیادہ لگے رہتے ہیں۔ بہت علاج کروایا‘ کچھ فرق نہیں پڑا۔ رنگ بھی پیلا ہے اور ہڈیوںمیں ہر وقت درد رہتا ہے‘ سر کے بال بھی بہت کمزور ہیں اور پتلے ہیں۔ جب بھی کنگھی کرتی ہے بہت زیادہ گرتے ہیں۔ بالوں کو گھنے اور لمبے کرنے کا حل ضرور بتائیں۔ (صالحہ گل‘ سکھر)
مشورہ:۔ صحت مند آدمی کا قد عام طور پر 25 سال تک بڑھتا ہے۔ قد کا تعلق وراثت سے بھی ہے اور نزلہ زکام سے بھی اس کا بہت تعلق ہے۔ موروثی اثرات کا تو کوئی مداوا نہیں ہے لیکن نزلہ زکام کا علاج ہمیشہ کسی پرانی طرز کے طبیب سے ہی کروانا چاہیے۔ اس اصول کی خلاف ورزی کرنے سے عموماً قد رک جاتا ہے بلکہ پورے جسم پر ہی برا اثر پڑتا ہے۔ اونٹنی کے دودھ سے قد کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ عربوں کے قد اونٹنی کے دودھ پینے کی وجہ سے لمبے نہیں ہیں وہاں تو اب اونٹ ریس کیلئے رکھے جاتے ہیں۔ دودھ ڈبوں کا پیتے ہیں۔ بالوں کا گرنا کمزوری کی وجہ سے ہے۔ کمزوری اچھی غذا کے بغیر دور نہیں ہوتی۔ اچھی عمدہ غذا کھائیں جسم میں طاقت آئیگی تو بال بھی صحت مند ہو جائیں گے ۔ جسم ناتواں ہو تو تیل شیمپو بالوں کے ٹانک سب بے کار ہیں۔ ماہنامہ عبقری سے اکسیر البدن منگوا کر استعمال کریں ۔ چار ٹ سے غذا نمبر 5-2استعمال کریں اور بہن کو ماءالحم استعمال کرائیں اور بہن کو غذا نمبر 5-1 استعمال کرائیں۔
موشن لگ جاتے ہیں
میری عمر 16سال ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ جلد ہی موشن لگ جاتے ہیں۔ گذشتہ سال اگست تک میرا پیٹ خاصا بہتر تھا پھر اچانک خراب ہو گیا اور تب سے لے کر اب تک اس سال اگست تک یہی مسئلہ ہے کہ وقفہ وقفہ سے موشن آتے ہیں۔ پچھلے دو مہینے سے کمزوری اتنی بڑھ گئی ہے کہ ٹانگوں سے جان نکل گئی ۔ دل کی دھڑکن تیز ہو گئی۔ اس کے علاوہ مجھے گیس کی شکایت بھی بہت ہے جو اکثر اوپر کی طرف چڑھتی ہے۔ دماغ اور جسم الگ الگ معلوم ہوتے ہیں‘ یعنی دماغ جسم کا ساتھ نہیں دیتا۔ سوچ کر چلنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ نظر بھی وقتی کمزور ہوئی‘ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خون کم بن رہا ہے اور کہتے ہیں آپ کو معدے کا نہیں‘ آنتوں کا مسئلہ ہے۔ (آمنہ علی‘ اسلام آباد)
مشورہ:۔ آپ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کھانے میں کیا بے احتیاطی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے آپ کو موشن لگ جاتے ہیں۔
اسپغول کی بھوسی استعمال کریں اور یہ نسخہ سونف پچاس گرام‘ زیرہ سفید پچاس گرام‘ مصری پچاس گرام‘ سنگ دانہ مرغ 20 گرام‘ ملٹھی 30 گرام سفوف بنا کر آدھا چمچ تین دفعہ لیں۔ چارٹ سے غذا نمبر 6-5 استعمال کریں۔
منہ پر دانے اور نسیان
میری عمر 16سال ہے۔ زیادہ خشکی ہے اور خشکی کوئی عام نہیں بلکہ تہیں جمی ہوئی ہیں۔ سر میں جگہ جگہ دانے اور زخم بنے ہوئے ہیں جہاں بہت درد ہوتا ہے۔ خشکی کھرچ کر نکالنے کی کوشش کی جائے تو زخموں سے مواد خارج ہوتا ہے اور تکلیف ہوتی ہے۔ بالوں میں کنگھی بھی نہیں کرسکتا۔ بال بہت کمزور‘ بے جان اور روکھے سوکھے ہیں‘ بہت گرتے ہیں‘ ہر طرح کی دوا اور شیمپواستعمال کر چکا ہوں۔ دوسرا مسئلہ میری جلد کا ہے۔ میری جلد آئلی ہے اور چہرے‘ منہ اور پیشانی پر دانے ہیں۔ کبھی کبھی آنکھوں کے کناروں پر بھی دانے نکلتے ہیں۔ اس کے علاوہ چہرہ بالکل صاف نہیں ہے۔ داغ دھبے بہت ہیں‘ جس کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں۔ تیسرا مسئلہ میرے حافظے کا ہے۔ مجھے پڑھنے کا بہت شوق ہے مگر اپنے کمزور حافظے اور سستی پن کی وجہ سے نہیں پڑھ سکتا جو چیز یاد کروں اول تو یاد نہیں ہوتی اگر کسی طرح وہ یاد ہو جائے تو بہت جلد ذہن سے نکل جاتی ہے۔ (شباح رخ‘ بلتستانی)
مشورہ:۔ ماہنامہ عبقری سے روشن دماغ اور طب نبوی ہیئر آئل اوپر لکھی ہوئی ترکیب کے مطابق استعمال کریں اور روزانہ ناک کے نتھنوں میں اور ناف میں تیل لگا یا کریں۔ چارٹ سے غذا نمبر 6-3 استعمال کریں۔
گٹھیا میں فائدہ ہے
میری والدہ کو عرصہ چار سال سے گٹھیا ہے۔ ان کی عمر 39 سال ہے۔ ان کے جسم کی تقریباً تمام ہڈیاں درد کرتی ہیں خصوصاً پاﺅں اور ہاتھوں کی۔ کمزور بہت زیادہ ہے۔ بہت علاج کروائے لیکن کوئی فرق نہیں پڑا۔ دوا کھانے سے درد میں وقتی کمی تو ضرور ہو جاتی ہے مگر مکمل افاقہ نہیں ہوتا۔ کچھ ہفتے پہلے آپ نے گٹھیا سے متعلق ایک مریض کو مشورہ دیا تھا کہ مٹھی بھر کچے کالے چنے ایک گلاس تیز گرم پانی میں رات کو بھگوئیں اور صبح نہار منہ کھا کر اس کا پانی پی لیں۔ میری امی جان نے بھی اس نسخے پر بھی عمل کیا لیکن افاقہ نہیں ہو رہا ۔ میں یہ پوچھنا چاہتی تھی کہ اس نسخے پر وہ اور کتنے عرصے عمل کریں‘ اگر اس کے علاوہ کوئی اور دوا بھی تجویز کرنا چاہیں تو ضرور بتائیں۔ (زیبا ‘ کراچی)
مشورہ:۔ ابھی اس تدبیر کو مزید جاری رکھیں اورساتھ یہ نسخہ استعمال کریں اسگندھ بکھڑ‘ سنڈھ‘ چوہارا ہموزن لے کر کوٹ پیس لیں‘ تازہ پانی کے ہمراہ ایک چمچ دن میں 3 بار استعمال کریں۔غذا نمبر 5-3 استعمال کریں۔
چھوٹا منہ
میرا منہ میرے جسم کے لحاظ سے بہت چھوٹا ہے اور کمزور ہے۔ عمر تقریباً بیس سال ہے اس مسئلے کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں۔ (محمد سعید‘ جھنگ)
مشورہ:۔ غذا اچھی رکھیں۔ دوپہر کو کھانا کھانے کے بعد سوئیں۔ اگر نزلہ‘ زکام‘ بلغم کی شکایت نہ ہو تو دودھ‘ چاول اور کیلا بھی غذا میں ضرور شامل رکھیں۔ کھیل کود کم کریں۔چارٹ سے غذا نمبر 6-3 استعمال کریں۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 221
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں