(حکیم ضیاء اللہ سورج بنسی)
طب یونانی میں چار قسم کے ہرڑ کا ذکر ہے لیکن تین اقسام زیادہ مستعمل ہیں۔ ہلیلہ زرد، ہلیلہ سیاہ، ہلیلہ کابلی۔ آئیے آپ کو اس کا استعمال اور فائدے بتائیں۔مفرد استعمال ہلیلہ سیاہ:٭مالیخولیا میں اسے چبا کر لعاب دہن نگلنا مفید ہے۔ ٭لقوہ میں اسے منہ میں رکھنا لقوہ کو دور کرتا ہے۔٭اسہال میں اسے بھون کر چبانا اسہال کو روکتا ہے۔٭قبض میں نیم کوفتہ روغن بادام کے ہمراہ کھانا قبض دور کرتا ہے۔٭بواسیر میں نمک سیاہ کے ہمراہ استعمال کرنا بواسیر کو مفید ہے۔مفرد استعمال ہلیلہ زرد:٭ہلیلہ زرد کا مربہ رات کو سوتے وقت کھانا آنسو بہنے کو روکتا ہے۔٭سرخی چشم میں شہد کے ساتھ لگانا مجلی بصر اور دافع سرخی چشم ہے۔٭اگر ایک سال تک روزانہ ایک ہلیلہ کھائیں تو بال ہمیشہ سیاہ رہیں گے۔٭ہرڑ کی گھنلی کو پیس کر لیپ کرنا درد شقیقہ (آدھے سر کی درد)کو دور کرتا ہے۔٭پانی میں گھس کر تھوڑی سے پھٹکڑی ملا کر آنکھوں کے اوپر لیپ کریں تو آنکھیں دکھنا سرخی سوجن وغیرہ بالکل رفع ہو جاتے ہیں۔٭ہرڑ کا سفوف بطور منجن دانتوں پر ملنا انہیں صاف چمکیلا اور مضبوط بناتا ہے۔٭اس کا سفوف ہموزن مرچ سیاہ کے ہمراہ کھانسی کو سود مند ہے۔٭ہرڑ کا سفوف ہموزن نوشادر کے ہمراہ استعمال کرنا جگر اور طحال کے امراض میں مفید ہے۔٭سفوف ہرڑ ایک تولہ مصری نو ماشہ ملا کر سوتے وقت گرم پانی کے ہمراہ استعمال کرنے سے معدہ صاف ہو جاتا ہے۔٭اس کا مربہ اپھارہ میں مفید ہے۔
یونانی مرکبات و مجربات
٭تدبیر ہڑر: چھوٹی چھوٹی ہلیلہ سیاہ لے کر دہی کی ترش چھا چھ میں بھگو دیں اور ان میں تھوڑا سا نمک بھی ڈال دیں۔ اسی طرح چار پانچ دن تک نمک بھی ڈال دیں۔ اسی طرح چار پانچ دن تک نمک ملی چھاچھ بدل کر ہڑر کو پھلائیں جب اس کی کڑواہٹ قدرے کم ہو جائے تو صاف کرکے سایہ میں سکھا کر نرم آگ پر گھی میں تل لیں اور حسب خواہش تلتے وقت تھوڑا سا نمک ملالیں۔ استعمال و فوائد:کھانا کھانے کے شروع یا بعد میں کھائیں کھانا خوب ہضم ہوتا ہے۔ معدہ کو ہلکا رکھتی ہے۔ دوسرے تیز چورنوں کی طرح کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچاتی۔
مقوی دل‘ دماغ‘ طبیعت میں فرحت
٭جوارش شاہی: مربہ ہرڑ‘ مربہ آملہ عرق بید مشک ہر ایک پانچ چھٹانک ،زرشک نو تولہ، شربت انار شیریں و ترش ہر ایک دو دچھٹانک، نبات سفید دوچھٹانک حسب معمول جوارش تیار کرلیں۔ استعمال و فوائد:چھ ماشہ ہمراہ عرق گزر پانچ تولہ کھائیں مقوی دل و دماغ ہے طبیعت کو فرحت، خفقان اور وحشت کو دور کرتی ہے مفرح قلب ہے۔
دائمی نزلہ زکام کیلئے انتہائی سود مند
سفوف نزلہ: سیاہ، بادیاں، برگ بادر نجبویہ، اسطخدوس منڈی ہر ایک دو تولہ نبات سفید پانچ تولہ سب اشیاء باریک پیس کر سفوف بنالیں۔ استعمال و فوائد: چھ ماشہ سفوف عرق گائو زبان کے ساتھ صبح کے وقت کھائیں۔ دائمی نزلہ و زکام کیلئے سود مند ہے۔
٭شربت ہلیلہ سیاہ: ہلیلہ سیاہ شاہترہ، چرائتہ، سرپھوکہ، منڈی ہر ایک سات تولہ عناب ساٹھ دانے تمام دائوں کو چوبیس گھنٹے پانی میں بھگوئیں بعد میں اچھی طرح جوش دے کر چھان کر قند سفید ایک کلو میں قوام بنائیں۔ استعمال و فوائد:پانچ تولہ شربت سے عرق شاہترہ یا آب تازہ میں ملاکر صبح و شام پلائیں۔ خارش، پھوڑے، پھنسی وغیرہ کے لیے فائدہ مند ہے۔ خون کو صاف کرتا ہے۔
٭کشتہ چاندی: چاندی دو تولہ کو مثل پترہ بنائیں۔ سفوف ہلیلہ زرد پندرہ تولہ میں رکھ کر دس سیر جنگلی اپلوں کی آگ دیں کشتہ ہو جائے گا مقوی باہ و مقوی اعضائے رئیسہ ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں