ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے ایک مرتبہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک دیکھ کر کہا! سبحان اللہ آپ کا چہرہ مبارک اور رنگ کتنا نور سے لبریز ہے۔ حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا! اے عائشہ! ان لوگوں کے لئے بڑی خرابی ہے جو قیامت کے دن اس چہرے کو دیکھنے سے محروم ہو جائیں گے اور وہ لوگ بخیل ہوں گے۔حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ نے پوچھا بخیل کون ہے؟
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”بخیل وہ ہے جو میرا نام سنے اور درود نہ پڑھے۔“
پہاڑوں اور درختوں کا درود شریف
حضرت علی کرم اللہ وجہ، فرماتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مکہ مکرمہ میں تھا۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ کے گرد ونواح میں تشریف لے گئے تو جس پہاڑ یا درخت کا بھی سامنا ہوتا تو وہ عرض کرتا : الَسَّلَامُ عَلَیکَ یَا رَسُولَ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیہِ وَسَلَّمَ (ترمذی شریف) (مشکوٰتہ شریف) درود وسلام صفحہ 63)
پانچ فرشتے
”مجالس الابرار“ میں ہے کہ انسان کے ساتھ پانچ فرشتے رہتے ہیں۔
-1 ایک سیدھی جانب جو نیکیاں لکھتا ہے۔
-2 دوسرا بائیں جانب جو بدیاں لکھتا ہے۔
-3 تیسرا آگے رہتا ہے جو نیکیوں کی تلقین کرتا ہے۔
-4 چوتھا جو پیچھے رہتا ہے جو بلائوں کو دور کرتا ہے۔
-5 پانچواں پیشانی پر رہتا ہے۔ جو درود شریف لکھتا ہے اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچا دیتا ہے۔
حضرت موسیٰ اور درود شریف
شیخ محقق عبد الحق دہلوی رحمتہ اللہ علیہ ملا معین واعظ کا شفی رحمتہ اللہ علیہ علامہ یوسف بن اسماعیل بن ہانی رحمتہ اللہ علیہ اور دوسرے کئی بزرگوں نے نقل کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ پر وحی بھیجی کہ اے موسیٰ! اگر دنیا میں میری تعریف کرنے والے نہ رہیں تو ایک قطرہ بارش کا آسمان سے نہ بھیجوں اور ایک دانہ سبزی کا زمین سے نہ اگائوں۔ اسی طرح بہت سی چیزیں ذکر کیں۔ یہاں تک فرمایا کہ اے موسیٰ کیا تم چاہتے ہو کہ میں تم سے قریب ہو جائوں۔ جیسا کہ تمہارا کلام تمہاری زبان سے قریب ہے۔ جس طرح کہ وسوسہ تمہارے تمہارے دل سے ،تمہاری روح تمہارے بدن سے اور تمہاری روشنی چشم تمہاری آنکھ سے، تو آپ محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجیں تب تمہیں یہی نسبت حاصل ہو جائے گی۔
شیخ عبد اللہ الہا روشی رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی کتاب ”کنور الاسرار“ میں لکھا ہے کہ موسیٰ نے جب وہ فضل وکرم دیکھا جو اللہ تعالیٰ نے محمد مصطفی کی امت کے لئے تیار کر رکھا تھا تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مجھے بھی ان میں شامل فرما دے۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے انہیں حکم دیا کہ سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجیں سو انہوں نے باایں الفاظ مذکورہ درود شریف بھیجا۔
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِِّدِنَا مُحَمَّدٍ خَاتَمِ الاَنبِیَآئِ وَمَعدَنِ الاَسرَارِ وَمَنبَعِ الاَنوَارِ وَجَمَالِ الکَونَینِ وَشَرَفِ الدَّارَینِ وَسَیِّدِ الثَّقَلَینِ المَخصُوصِ بِقَابَ قَوسَینِo
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں