پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا غیر مسلموں سے حسن سلوک
عمرہ کیلئے حضرت ثمامہ رضی اللہ عنہ کا مکہ آنا
رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے کفار مکہ کی جفا کاریوں کے جواب میں ان کے ساتھ جو سلوک کیا وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا حصہ تھا۔ شہر مکہ میں کوئی چیز پیدا نہیں ہوتی، ہر چیز باہر سے آتی ہے لہٰذا وہاں غلہ یمامہ سے آتا تھا۔ یمامہ کے حاکم حضرت ثمامہ رضی اللہ عنہ بن اثال نے مشرف بااسلام ہونے کے بعد بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں گزارش کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! مجھے آپ کے سواروں نے اس وقت گرفتار کیا جب میں عمرہ کی نیت سے عازم مکہ تھا۔ اب آپ کیا حکم دیتے ہیں؟“ آپ نے فرمایا ہاں اب جاکر عمرہ کر لو چنانچہ وہ اس غرض سے وارد مکہ ہوئے۔
حضرت ثمامہ رضی اللہ عنہ کو بے دینی سے مطعون کرنا
جب عمائدین قریش کو معلوم ہوا کہ ثمامہ رضی اللہ عنہ بت پرستی سے بیزار ہو کر دائرہ اسلام میں داخل ہو گئے ہیں تو ان کو تبدیلی مذہب پر عار دلانے اور بے دین کہہ کر پکارنے لگے۔ حضرت ثمامہ رضی اللہ عنہ نے غصہ سے کہا کہ بے دین تو تم ہو جو رب العالمین کی جگہ پتھروں کو پوجتے ہو۔ میں نے تو دنیا کا سچا آسمانی دین قبول کیا ہے۔ اس کے بعد کہنے لگے، اے اہل مکہ! کان کھول کر سن لو کہ آئندہ جب تک محبوب رب العالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت نہیں ہو گی، یمامہ کے اناج کا ایک دانہ بھی مکہ میں نہ آنے پائے گا (بخاری ومسلم)
مکہ کو اناج کی برآمدپر پابندی
جب حضرت ثمامہ رضی اللہ عنہ ارض حرم سے یمامہ واپس گئے تو انہوں نے مکہ معظمہ کی طرف غلہ کی برآمد یک لخت بند کر دی۔ اس بندش سے بلدالامین میں اناج کا قحط پڑ گیا اور دشمنان دین میں کہرام مچ گیا۔ آخر قریش نے سخت اضطراب اور بدحواسی کے عالم میں اسی مرجع خلائق آستانہ کی طرف رجوع کیا جہاں سے کبھی کوئی حاجت مند اور سائل محروم نہیں گیا تھا۔ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کو رحم آگیا اور آپ نے ثمامہ رضی اللہ عنہ کے نام پیغام بھیجا کہ بندش اٹھا لو چنانچہ پھر حسب معمول اناج کی روانگی شروع کر دی گئی۔
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 789
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں