تم میں سے کوئی شخص بائیں ہاتھ سے نہ کھائے اور نہ کبھی بائیں ہاتھ سے پیے اس لیے کہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا اور پیتا ہے۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ماشاء اللہ عبقری بہت اچھا جارہا ہے جس کیلئے آپ کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر دراز کرے۔ قارئین کیلئے کچھ موتی بھیج رہا ہوں یقیناً قارئین پسندفرمائیں گے۔سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہٗ سے مروی ہے ’’ہمیں جب کبھی حضور نبی کریم ﷺ کے ساتھ کھانے کا شرف حاصل ہوتا تو ہم آپ ﷺ کے کھانا شروع کرنے سے پہلے کھانے میں ہاتھ نہ ڈالتے‘ ایک بار ہم آپ ﷺ کے ساتھ کھانے میں شریک تھے کہ ایک لڑکی اس طرح دوڑتی ہوئی آئی جیسے کوئی دوڑارہا ہو‘ پھر وہ کھانے میں ہاتھ ڈالنے کیلئے لپکی‘ آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ پکڑلیا‘ پھر ایک اعرابی دوڑتا ہوا آیا گویا اسے کوئی دوڑا رہا ہو‘ حضور نبی کریم ﷺ نے اس کا ہاتھ بھی پکڑلیا اور فرمایا’’شیطان اس کھانے کو اپنے لیے حلال سمجھتا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا نام نہیں لیا جاتا‘‘ چنانچہ پہلے وہ لڑکی کو لے کر آیا تاکہ اس کے ذریعے کھانا کھالے میں نے اس کا ہاتھ پکڑلیا پھر وہ اعرابی کو لےآیا تاکہ اس کے ذریعہ کھانا حلال کرلے میں نے اس کا بھی ہاتھ پکڑلیا‘ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ان دونوں کے ہاتھوں کے ساتھ شیطان کا ہاتھ بھی میرےہاتھ میں ہے۔ پھر آپ ﷺ نے بسم اللہ کہا اور کھانا تناول فرمانے لگے‘‘ حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’تم میں سے کوئی شخص بائیں ہاتھ سے نہ کھائے اور نہ کبھی بائیں ہاتھ سے پیے اس لیے کہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا اور پیتا ہے۔‘‘ رسول کریمﷺ ہر چیز میں داہنے ہاتھ کا استعمال پسند فرماتے اور اسی پر دوسرے لوگوں کو بھی راغب فرماتے تھے۔ امام بخاری، امام مسلم اور امام مالک رحمۃ اللہ علیہم نے سیدنا انس رضی اللہ عنہٗ سے روایت بیان کی ہے کہ ’’رسول اللہ ﷺ کے پاس دودھ لایا گیا جس میں کنویں کا پانی ملایا گیا تھا۔ آپ ﷺ کی داہنی طرف ایک اعرابی تھا اور بائیں طرف سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہٗ۔ پہلے آپ ﷺ نے پانی پیا پھر اعرابی کو دیا اور پھر فرمایا پہلے دائیں طرف کا آدمی پھر اس کے بعد کا۔ آپ ﷺ نے کہہ کر اور دائیں ہاتھ سے کھانے کے ساتھ ساتھ اپنے سامنے سے کھانے کا بھی حکم دیا ہے۔ (کلیم اللہ شیخ‘ پہاڑ پور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں