چار بڑےآپریشن اور کمزوری :میرے چار بچے بڑے آپریشن سے ہوئے، آخری آپریشن پانچ سال پہلے ہوا تھا اس کے بعد سے شدید کمزوری ہے۔ چکرا چکرا کے گرتی ہوں، کئی بار ز خمی ہوگئی، صبح بستر سے اٹھ کر کھڑی نہیں ہوسکتی۔ دوپہر کو سو جائوں تو مغرب تک سوئی رہتی ہوں، پھر بھی اٹھنا مشکل ہوتا ہے۔ ڈاکٹر کیلشیم آئرن کی کمی بتاتے ہیں، آئرن کی گولیوں سے ری ایکشن ہونے لگا ہے۔ کیلشیم سے گردے میں کنکری بن گئی تھی جو خربوزہ کھانے سے اب نکل گئی۔ (انعم‘ راولپنڈی)
مشورہ:عمدہ اعلیٰ قسم کا رس والا تازہ سیب پانی سے دھو کر کھائیں یا رس نکال کر پئیں۔ یہ تدبیر روزانہ غذا کے بعد دوپہر اور ناشتہ کے ساتھ ہی مفید ہے۔ ایک ماہ کے بعد دوبارہ کیفیت لکھیں۔
قبض اور گیس:میری عمر 19سال ہے پیٹ میں بل پڑتے ہیں اکثر قبض اور گیس ہوجاتی ہے اجابت میں خون آجاتا ہے ریشہ آتا ہے، دن میں چار پانچ مرتبہ واش روم جانا پڑتا ہے، آپ کے مشورے سے جوارش عود شیریں کھائی، اس سے مجھے پچاس فیصد آرام ہے، کیا یہی دوا اور کھائوں یا دس دن سے زیادہ نہیں کھانی۔ (احسان اللہ‘ کوئٹہ)
مشورہ: مستقل شفایابی تک جوارش عود شیریں کھاتے رہیں دو تین ہفتے میں مستقل شفایابی ہوجائے گی۔
دوا کھائی اور ری ایکشن شروع:میری عمر 25 سال ہے، اکسیر جگر اور ایک کمپنی کی قرص ملین کھانے سے منہ میں چھالے نکل آئے جسم سوکھ گیا، سر میں خشکی ہوگئی بال دو شاخے ہوگئے اور گرنے لگے، قبض بھی ہے۔ (صباح نزارت)
مشورہ: دونوں وقت جوارش شاہی چھ گرام غذا کے بعد کھائیں، مفرح باردچھ گرام صبح و شام کھائیں، کتھا، طبا شیر، چھوٹی الائچی کے دانے باریک پیس کر چھالوں پر چھڑکیں۔ سوتے وقت اسپغول کی بھوسی دودھ میں حل کرکے پئیں۔ تین ہفتے کے بعد دوبارہ لکھیں۔ انشاء اللہ فائدہ ہوگا۔
ہاتھوں کی جلن:مجھے ملیریا بخار ہوا تھا۔ شروع میں تو پتہ نہیں چلا کہ یہ ملیریا ہے بہت ٹیسٹ ہوئے ملیریا نہیں تھا، اس لئے ٹائیفائیڈ کے کورس ہوتے رہے، پھر ڈاکٹروں کی سمجھ نے جواب دے دیا مگر پھر بھی وہ صرف بخار اتارنے کی دوائیں دیتے رہے۔ بالآخر ایک تجربہ کار ڈاکٹر نے ملیریا کورس کروایا جس سے ہفتہ بھر میں شفاء من جانب اللہ ہوگئی مگر ہاتھوں کی جلن نے پریشان کیا ہوا ہے۔ سخت سردی میں بھی ہاتھوں پائوں کو ٹھنڈے پانی میں رکھنا پڑتا ہے۔ (مشعل۔ کراچی)
مشورہ: غذا کے بعد دونوں وقت آڑو کھائیں، آڑو کا موسم نہ ہوتو گنا چوسیں، انڈا، گوشت، مرغ، مچھلی استعمال نہ کریں۔ تین ہفتے کے بعد دوبارہ لکھیں۔
قطرے آنے کی شکایت:مجھے پیشاب کے بعد قطرے آنے کی شکایت ہے اس کی وجہ سے میں نماز کی پابندی نہیں کرسکتا ہوں، ساتھ ساتھ کمزوری کی بھی شکایت ہے جسم ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گیا ہے ٹھنڈی چیزیں میں کھا ہی نہیں سکتا۔ اگر غلطی سے کھالوں تو بخار شروع ہوجاتا ہے‘ گرمیوں میں بھی سردی لگتی ہے ہڈیوں میں بھی درد رہتا ہے۔ (توقیل‘رحیم یار خان)
مشورہ: عمدہ بنا ہوا بادام کا حلوہ کھائیں، صبح توے کی گرم روٹی پر خالص گھی لگاکر کھائیں، ٹھنڈی اور کھٹی چیزیں بالکل نہ کھائیں۔
امراض معدہ میں مبتلا:میری طبیعت اکثر خراب رہتی ہے، مجھے اکثر گیس ہوجاتی ہے سر میں شدید درد کے باعث چکر آتے ہیں دو سال سے معدے میں تھوڑا بہت درد ہوتا ہے پسلیوں کے نیچے معدہ کے منہ والی جگہ اور کبھی کبھار پیچھے والی جگہ پر درد اور چبھن ہوتی ہے، بھوک ہر وقت لگتی ہے ٹائم پر کھانا نہ ملنے پر گھبراہٹ اور طبیعت بوجھل ہوتی ہے، یعنی معدہ خالی ہونے کی صورت میں گھبراہٹ اور طبیعت خراب رہتی ہے۔ (فضیلہ‘ لاہور)
مشورہ: اسپغول کی بھوسی دو چمچ رات کو سوتے وقت ایک گلاس دودھ میں ملاکر پی لیں۔ صبح ناشتہ میں دلیہ کھائیں، دوپہر، رات کو کدو، توری، لوکی، مولی، شلجم پکاکر روٹی سے کھائیں۔ مرچ مصالحے اور کھٹائی سے پرہیز کریں۔
سانس لینے میں دشواری:مجھے سانس کی تکلیف ہے، سانس لینے میں کافی دشوار ہوتی ہے، سردیوں میں یہ تکلیف بڑھ جاتی ہے۔ (ایم ۔ کے‘شاہکوٹ)
مشورہ: لعوض صنوبر ایک ایک چمچ آدھ کپ گرم پانی میں ملاکر صبح و شام پی لیں۔ ٹھنڈی اور کھٹی چیزوں سے پرہیز رکھیں۔
افاقہ نہیں ہوتا:مجھے تقریباً دو تین سالوں سے الرجی کی شکایت ہے کھجانے سے سرخ دھبے بن جاتے ہیں، گرمیوں میں یہ مرض شدت اختیار کرجاتا ہے، بہت ساری دوائیاں استعمال کیں لیکن افاقہ نہیں ہوا۔ (احمد علی‘ شیخوپورہ)
مشورہ: شربت نیلو فر ایک ایک اونس آدھ گلاس پانی میں ملاکر صبح و شام پی لیں۔ گرم مصالحے، مرچ، گوشت سے پرہیز کریں۔
چہرے سے آگ نکلتی ہے:میرے جسم میں بہت زیادہ گرمی ہے، چہرے پر پیپ والے دانے نکلتے ہیں۔ ہاتھ لگانے سے درد کرتے ہیں اور چہرے سے آگ سی نکلتی ہے، سارا جسم گرم رہتا ہے پنکھے میں بھی گرمی لگتی ہے، ٹھنڈی سبزیاں اور ٹھنڈے مشروبات بھی استعمال کررہی ہوں مگر پھر بھی گرمی محسوس ہوتی ہے۔
مشورہ: شربت عناب اور شربت نیلو فر ایک ایک اونس آدھ گلاس پانی میں ملاکر صبح و شام پی لیں۔ غذا میں کدو، توری، لوکی، مولی، شلجم، گاجر، کھیرا پکا کر روٹی سے کھائیں۔ گرم چیزوں سے پرہیز رکھیں۔
بچپن سے نزلہ زکام:عرصہ ایک سال سے سر میں درد رہتا ہے، دماغ ہلتا محسوس ہوتا ہے، بچپن میں مجھے اکثر نزلہ زکام رہتا تھا۔ اس سر درد کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں، کمپیوٹر دیکھوں یا کتاب پڑھوں تو سر میں درد شروع ہوجاتا ہے۔ (محمد بلال‘ لاہور)
مشورہ :پورے اجزاء سے بنا ہوا خمیرہ گائو زبان عنبری جواہر والا چھ گرام کھائیں، صبح ناشتہ میں خالص اصلی مکھن توس پر لگاکر کھائیں، روزانہ سات دانے بادام، بیس دانے کشمش بھی کھائیں۔ ٹی وی اور کمپیوٹر کا استعمال کم کریں، دماغ کو آرام دینے کی کوشش کریں، سر پر روغن لبوب سبعہ کی ہر روز مالش کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں