Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

خواتین پوچھتی ہیں

ماہنامہ عبقری - نومبر 2015ء

منفی سوچیں:میں پہلے زندگی میں بھرپور دلچسپی لیتی تھی مگر اب چند ماہ سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میری زندگی بے کیف یکسانیت اور اکتاہٹ کا شکار ہوگئی ہو۔ یاسیت اوربوریت نے مجھے مار رکھا ہے۔ شاید میں منفی سوچوں میں پھنس گئی ہوں، خدارا میری مدد کیجئے۔ میری عمر تیس سال ہے، ایک بچہ ہے، گھر بار، سب کچھ ہے پھر یہ سب میرے ساتھ کیوں اور کس لئے ہورہا ہے؟ (ب ۔ الف)
جواب: پچاس سال پہلے بوریت کا کوئی نام و نشان نہیں تھا، نہ کسی کو اپنی زندگی سے اکتاہٹ ہوتی تھی جبکہ اس وقت آج کی طرح آسائشیں بھی نہیں تھیں۔ سب لوگ کام میں مست رہتے، ایک دوسرے سے گھلتے ملتے اور خوش و خرم رہتے۔ اب تو بچے بھی اپنے دوستوں سے بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں ’’میں بور ہورہا ہوں ‘‘۔ سائنس کے اس جدید دور میں یہ بوریت شاید انسان کا سب سے بڑا المیہ اور مسئلہ ہے۔ کچھ لوگ دولت نہ ہوتے ہوئے آسائشوں کے خواب دیکھتے اور اسے حاصل کرنے کیلئے ہر جائز و ناجائز حربہ اپناتے ہیں مگر جب دولت آتی ہے تو عموماً اکتاہٹ اور بیزاری کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اصل میں یہ بیزاری کام نہ کرنے سے ہوتی ہے۔ ایسے نکمے انسان صرف اپنی ذات پر توجہ دیتے ہیں۔ دوسروں سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔ کام سے بھاگتے ہیں اور کسی کا ساتھ دینے کو تیار نہیں ہوتے۔ آپ سے میں اتنا کہوں گی کہ اندر کے خول کو توڑ کر باہر آئیے اور ارد گرد کے لوگوں میں دلچسپی لیجئے۔ آپ کے خاندان میں کوئی مسئلہ ہے یا کوئی بیمار ہے یا کسی کو آپ کی ضرورت ہے تو اس کی مدد کیجئے۔ آپ کی ساری بوریت ختم ہوجائے گی۔ بے شمار چھوٹے چھوٹے کام ایسے ہیں جو آپ کو خود بخود نظر آجائیں گے۔ کمپیوٹر اور ٹیلی ویژن کی دنیا سے ہٹ کر عملی کام کیجئے۔ آج سے پچاس سال پہلے بزرگ برگد کا گھنا درخت ہوتے تھے، گھر سے نکلتے تو سب کا حال چال پوچھتے، بیمار کی مزاج پرسی کرتے اور گھر کے آگے پڑا کوڑا کرکٹ خود سمیٹ دیتے۔ درختوں کی بکھری شاخیں راہ گیروں کو تنگ کرتیں تو انہیں چھانٹ دیتے۔ چھوٹے چھوٹے کئی کام وہ ہنسی خوشی کرتے، یوں ان کی زندگی پر جمود طاری نہیں ہوتا تھا۔ آپ کی اکتاہٹ صرف اس لئے ہے کہ آپ نے رفاہی کاموں میں دلچسپی لینی چھوڑ دی ہے۔ اپنے رشتے داروں، دوستوں اور ملنے جلنے والوں کی فہرست بنائیے اور دیکھئے ان کی کیا ضروریات ہیں اور آپ انہیں کیسے پورا کرسکتے ہیں۔ روپے پیسے کا خرچ ضروری نہیں، آپ کے ہمدردی کے دو بول بھی انہیں مسرت بخش سکتے ہیں۔ حرکت ہی میں برکت ہے، زندگی میں دلچسپی لیجئے، آپ خوش رہیں گی۔
چکنی جلد اور دانے:ضلع قصور سے دو بہنیں لکھتی ہیں’’ چھ سال سے چہرے پر دانے نکل رہے ہیں۔ سردیوں میں چہرہ صاف ہوجاتا ہے مگر موسم بدلتے ہی پھر دانے نکل آتے ہیں۔ ہم گائوں میں رہتے ہیں، ہمیں کوئی آسان سا ٹوٹکہ بتائیے جس سے ہماری یہ شکایت دور ہوجائے‘‘۔
جواب: بی بی! بات یہ ہے کہ چکنی جلد والوں کے زیادہ دانے نکلتے ہیں۔ بیسن مفید ہے، آپ تھوڑے سے دودھ میں بیسن ملاکر گاڑھا گاڑھا گھول لیجئے، آدھے لیموں کا رس ڈالیے اور چٹکی پسی ہوئی ہلدی ملاکر چہرے پر اچھی طرح لگائیے اور لیٹ جائیے۔ جب خشک ہوجائے تو تھوڑی سی روئی پانی میں بھگو کر چہرہ صاف کرلیجئے اور تازہ پانی سے منہ دھولیجئے۔ ہفتے میں دوربار یہ لیپ (ماسک) لگائیے۔ اچھی جلد کا راز غذائیت بخش خوراک، صفائی اور ورزش میں مضمر ہے۔ اچھی جلد ہی حسن بخشتی ہے، تازہ خون بنتا رہے تو جلد بھی خوبصورت رہتی ہے۔ آپ گائوں میں رہتی ہیں، تازہ دہی کا ایک پیالہ روزانہ غذا میں شامل کیجئے۔ کچی سبزیاں، مثلاً گاجر، شلجم، مولی، ٹماٹر وغیرہ کھائیے۔ پودینے کے پتے ایک گلاس پانی میں جوش دے کر ٹھنڈا کیجئے اور پیجئے، جلد کیلئے مفید ہے۔ نیم کے پتے خشک کرکے پیس لیجئے، یہ سفوف رات کو سوتے وقت دانوں پر لگائیے، دانے زیادہ ہوں تو تھوڑے سے پانی میں سفوف گھول کر لگاسکتی ہیں۔ قبض بالکل نہ ہونے دیجئے، اس موذی بیماری سے دانے زیادہ نکلتے ہیں۔ نیم کی نمولیاں بھی پیس کر آپ دانوں پر لگاسکتی ہیں۔ دانوں کے نشان جلدی نہیں جاتے، وقت لگتا ہے۔ آپ کے گائوں میں تازہ چھاچھ ملتی ہوگی، ایک دو گلاس چھاچھ پیجئے، آپ کے جسم سے حدت اور خشکی دور ہوگی۔
تندرستی کی نوید : آپ تو میرے لئے حکیم لقمان ثابت ہوئی ہیں۔ عرصہ دراز سے معدہ کی مریضہ تھی( اب نہیں ہوں) ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر سے لے کر معدے کے ماہر خصوصی تک سے علاج کراتی رہی مگر افاقہ نہیں ہوا۔ کچھ عرصہ پہلے آپ نے ایک شمارے میںمعدے کی بیماریوں میں مبتلا لوگوں کیلئے دلیہ، گھیا توری اور دہی تجویز کیا۔ میں دوائوں سے تو پہلے ہی تنگ تھی لہٰذا سب کچھ چھوڑ کر اس نسخے پر عمل شروع کردیا۔ میں یہ دیکھ کر بڑی حیران ہوئی کہ جلد ہی معدہ میں جلن رہی نہ السر نہ گیس اور نہ تکلیف‘ آپ یقین کیجئے کہ میری دنیا ہی بدل گئی ہے۔ خدا آپ کو سدا خوش رکھے، تمام عمر آپ کی صحت، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کرتی رہوں گی ۔ (مسز امتیاز‘ راولپنڈی)
مشورہ: اللہ کے کرم ہی سے سب کچھ ہوتا ہے، ہم بندے محض عاجز اور مجبور ہیں۔ بزرگ کہتے ہیں کہ شفا قسمت میں ہوتو خاک کی چٹکی سے بھی ہوجاتی ہے۔ یقین مانئے آپ کا خط پڑھ کر دلی خوشی ہوئی۔ ایک صاحب جاپان میں تھے انہیں کارخانے میں آگ کے سامنے دس گھنٹے کام کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے پیٹ میں سخت درد اور تکلیف تھی۔ میں نے انہیں اسپغول کی بھوسی، جوکا دلیہ، دہی اور سبزیاں کھانے کو کہا۔ تین چار ماہ میں ٹھیک ہوگئے۔
زنگ کا داغ : سفید ریشمی سوٹ پر زنگ کا داغ لگ گیا ہے۔ اسے دور کرنے کیلئے کوئی ٹوٹکہ بتائیے جس سے کپڑا خراب نہ ہو۔ (س۔الف)
مشورہ:زنگ کے داغ پر عموماً لیموں کا رس اور نمک لگا کر آہستہ آہستہ رگڑا جاتا ہے۔ پھر سوکھنے پر اسے صابن سے دھو لیتے ہیں، اس طرح داغ اتر جاتا ہے۔ پرانے داغ یا ریشمی سوٹ پر لگے داغ سے چھٹکارا پانے کیلئے آپ ایک پائو چاول لیجئے اور پانی ڈال کر پکائیے۔ جب خوب پک جائیں تو چھلنی میں چھان لیجئے۔ اب چاولوں سے نکلی پیچ میں زنگ والے حصے کو دو گھنٹہ کیلئے بھگودیجئے۔ پھر نکال کر صابن مل کر دھولیجئے۔ امید ہے کہ داغ اتر جائے گا۔ اگر ہلکا سا دھبہ رہ جائے تو دوبارہ دھوئیے۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 217 reviews.