عورت اپنے شوہر کے کہے بغیر اس کو دبائے تو اس کو 7تولہ سونا صدقہ کا ثواب ملتا ہے اگر شوہر کے کہنے پر دبائے تو 7 تولہ چاندی صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے جس عورت کا خاوند اس پر راضی ہو اور وہ مرجائے تو جنت اس پر واجب ہوگئی
عائشہ مسلسل امی سے بحث کررہی تھی اور موضوع بنایا ہوتا تھا ”عورت“ کہ ساری تکلیفیں عورت کیلئے ہی ہیں‘ مرد آرام سے ہوتے ہیں۔ فضائل بھی زیادہ وہی حاصل کرلیتے ہیں‘ کبھی جہاد کے ذریعے‘ کبھی باجماعت نماز کے ذریعے‘ کبھی اللہ کے راستے میں نکل کر ابھی یہی بات چل رہی تھی کہ اس کی خالہ آگئیں۔ عائشہ کی امی نے ان سے کہا کہ تم ہی اسے سمجھائو تو انہوں نے بتانا شروع کیا کہ ایک نیک عورت ستر مردوں سے افضل ہے۔ نیک عورت اپنے خاوند سے پہلے جنت میں جائیگی اور جنت کی حوروں سے ستر گنا حسین ہوگی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میری امت کی بہترین عورتیں وہ ہیں جن کا مہر تھوڑا ہو‘ ایک نیک عورت ستر مرد اولیاءسے بہتر ہے اور ایک بدکار عورت ہزار برے مردوں سے بھی بری ہے جو عورت بچے کے رونے کی وجہ سے سو نہ سکے تو اس کو ستر غلام آزاد کرنے کا ثواب ملتا ہے۔ بچوں والی عورت کی 2 رکعت نفل بغیر بچوں والی کی 82 سال کی عبادت سے افضل ہے جو عورت بچے کو دودھ پلائے اس کو ہر گھونٹ کے بدلے 1 نیکی ملے گی جب عورت گھر میں جھاڑو دیتے وقت بسم اللہ پڑھے تو اس کو بیت اللہ میں جھاڑو دینے کا ثواب ملتا ہے جو عورت گائے یا بھینس کا دودھ بسم اللہ شریف پڑھ کر دوہے تو وہ جانور اس کو دعائیں دیتا ہے جو عورت بسم اللہ پڑھ کر آٹا گوندھے اللہ اس کی روزی میں برکت ڈال دیتے ہیں جو اپنے خاوند کے پریشان حال گھر آنے پر اسے مرحبا کہے‘ تسلی دے اللہ اس عورت کو آدھے جہاد کا ثواب عطا فرماتے ہیں۔
جو عورت اپنے شوہر کو اللہ کے راستے میں بھیجے اور گھر میں آداب کی رعایت رکھتے ہوئے رہے وہ مرد سے 500 سال پہلے جنت میں جائیگی اور 70 ہزار فرشتوں اور حوروں کی سردار ہوگی اس کو جنت میں غسل دیا جائیگا اور یاقوت کے گھوڑے پر سوار ہوکر اپنے خاوند کا انتظار کرے گی جو اپنے بچے کی بیماری کی وجہ سے سو نہ سکے اور اسے آرام دینے کی کوشش کرے اسے 12سال کی مقبول عبادت کا ثواب ملتا ہے اور اللہ اس کے تمام گناہ معاف فرمادیتے ہیں۔ ایک حاملہ عورت کی 2رکعت نماز بغیر حاملہ کے 80رکعتوں سے بہتر ہے جو عورت نماز‘ روزہ کی پابندی کرے‘ پاکدامن رہے اور اپنے شوہر کی تابعداری کرے وہ جس دروازے سے چاہے جنت میں داخل ہوجائے۔ حاملہ عورت کی رات عبادت میں اور دن روزہ میں شمار ہوتا ہے جب کسی عورت کا بچہ پیدا ہوجائے تو اس کیلئے 70 سال کی نماز اور روزے کا ثواب لکھا جاتا ہے اور بچہ پیدا ہونے میں جو تکلیف برداشت کرتی ہے ہر ایک رگ کے درد پر ایک ایک حج کا ثواب لکھا جاتا ہے اگر بچہ ہونے کے بعد عورت 40دن کے اندر فوت ہوجائے تو اس کو شہادت کا درجہ عطا ہوگا جب بچہ رات کو روئے اور ماں بددعا دئیے بغیر دودھ پلائے تو اس کو شہادت کا درجہ عطا ہوگا جب بچہ کا دودھ پینے کا وقت پورا ہوجائے تو آسمان سے ایک فرشتہ آکر اس عورت کو خوشخبری سناتا ہے کہ اللہ نے جنت تیرے اوپر واجب کردی جب شوہر سفر سے واپس آجائے اور عورت اس کو کھانا کھلائے اور اس دوران اس نے کوئی خیانت بھی نہ کی ہو تو اس کو 12 سال کی نفلی عبادت کا ثواب ملتا ہے جب عورت اپنے شوہر کے کہے بغیر اس کو دبائے تو اس کو 7تولہ سونا صدقہ کا ثواب ملتا ہے اگر شوہر کے کہنے پر دبائے تو 7 تولہ چاندی صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے جس عورت کا خاوند اس پر راضی ہو اور وہ مرجائے تو جنت اس پر واجب ہوگئی۔ اپنی بیوی کو ایک مسئلہ سیکھانا 80 سال کی عبادت کا ثواب ہے۔
عائشہ بولی خالہ واہ! آپ نے تو خوش کردیا اب ذرا رکیں پانی پی لیں اور پھر مجھے بتائیں کہ خوشبو لگا کر عورت کا باہر نکلنا صحیح ہے؟ خالہ نے ذرا سانس لیا اور بولیں بیٹا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو عورت خوشبو لگا کر غیرمردوں کے پاس سے گزرے وہ زانیہ ہے اور بیٹا اس کے علاوہ اپنا لباس دیکھ کر لیں کہ باریک نہ ہو اگر باریک ہو تو جس طرح شمیض بناتے ہیں اسی طرح شلوار کے نیچے بھی استر لگالیں تاکہ ٹانگیں نظر نہ آئیں اور قمیض کے بازو پورے ہوں‘ شلوار ٹخنوں سے نیچے ہوتاکہ نماز بھی ہوسکے اور اللہ نہ کرے ہم ان میں سے ہوں جن عورتوں کے بارے میں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ جو لباس پہنے ہوئے بھی ننگی ہوں گی اور ان کے سر ایسے ہوں گے جیسے اونٹ کی کوہان (یعنی اونچے اونچے جوڑے جو بناتی ہیں) وہ جنت کی خوشبو بھی نہ سونگھ سکیں گی حالانکہ جنت کی خوشبو 700 سال کی مسافت سے آتی ہے۔اس کے علاوہ پانچ وقت کی نماز پڑھیں روز قرآن پاک کی تلاوت کریں۔ درود پاک کی کثرت کریں۔
ضرورت کے ساتھ عبادت بھی
خدیجہ سکول سے واپس آئی تو اسے سخت پیاس لگی ہوئی تھی اس نے جلدی جلدی فریج سے پانی نکال کر گلاس میں ڈالا اور کھڑے کھڑے فوراً ایک ہی سانس میں پانی پی گئی۔ اس کی امی نے جب دیکھا تو اسے اپنے پاس بلایا اور پیار سے سمجھانا شروع کیا کہ دیکھو بیٹا! پانی اپنی ضرورت کیلئے پیتے ہیں لیکن اگر ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق پانی پئیں گے تو ضرورت کے ساتھ عبادت بھی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر پانی پینے سے منع فرمایا ہے۔ ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک آدمی آیا جو کھڑے ہوکر پانی پی رہا تھا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قے کردو‘ اس نے پوچھا کس وجہ سے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کیا تمہارے ساتھ بلی پانی پئے تو پسند کروگے اس نے کہا نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اس سے زیادہ برے شیطان نے تیرے ساتھ پانی پیا ہے۔
بیٹا پانی پینے میں 6 سنتیں پوری کرسکتے ہیں اور 600 شہیدوں کا ثواب حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ 1سنت پوری کرنے سے 100شہیدوں کا ثواب ملتا ہے۔ اتنی بات کرنے کے بعد امی نے خدیجہ کی طرف دیکھا جو بڑی رغبت سے ان کی بات سن رہی تھی پھر وہ بولی کہ امی وہ سنتیں کون سی ہیں؟ تو امی نے بتایا 1۔ بیٹھ کر پانی پینا۔ 2۔دیکھ کر پینا۔ 3۔ دائیں ہاتھ سے پینا کیونکہ بائیں ہاتھ سے شیطان پیتا ہے۔ 4۔ سر ڈھانپ کر پینا۔ 5۔ بسم اللہ پڑھ کر پینا اور پی کر الحمدللہ کہنا۔ 6۔ تین سانس میں پینا اور سانس لیتے وقت برتن کومنہ سے الگ کرنا۔ خدیجہ بہت خوش ہوئی پھر بولی کہ امی یہ سمجھ نہیں آئی کہ عبادت کیسے ہوئی؟ تو امی نے بتایا کہ ایک دفعہ ایک یہودی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ تم کتنا وقت عبادت کرتے ہو؟ انہوں نے فرمایا کہ ہم ہر وقت عبادت کرتے ہیں۔ تو وہ حیران ہوا کہ اتنے بڑے صحابی رضی اللہ عنہ ہوکر (نعوذباللہ) جھوٹ بول رہے ہیں۔ تو یہودی نے کہا کہ کیا تمہارے بیوی بچے نہیں؟ تم دوسرے کام نہیں کرتے؟ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہم ہر کام کرتے ہیں لیکن اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق کرتے ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق ہر کام کرنا عبادت ہے۔ نوٹ: آب زم زم کھڑے ہوکر پینا افضل اور مسنون ہے۔
٭٭٭٭٭٭
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں