بچوں کے امراض اور ان کا علاج
بچوں کو خواہ مخواہ دوا کی عادت نہ ڈالنی چاہیے۔ بچے کودوا دیتے وقت خاص احتیاط کرنی چاہیے۔ بچوں کی بیماریاں عام طور پر معدے کی خرابی سے پیدا ہوتی ہیں اور معدے کی خرابی کا سبب غذائوں کی بھرمار ہوتی ہے اگر بچے کو دودھ پلانے اور غذا دینے میں خاص احتیاط برتی جائے تو بچہ ہمیشہ تندرست رہ سکتا ہے بچے ان سب بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں جو بڑے آدمیوں کو ہوسکتی ہیں۔
بچوں کی کھانسی اور نزلہ
بچوں کا ناک اور پھیپھڑے کھانسی کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتا۔ وہ اپنے بلغم کو جوان آدمی کی طرح خارج نہیں کرسکتا۔ بلغم کھانسی کے ساتھ اکھڑتا ہے تو بچہ اس کو نگل لیتا ہے اس لئے بچوں کاہاضمہ بھی خراب ہو جاتا ہے بچے کو سردی سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ اگر ذرا بھی نزلہ زکام اور کھانسی کی شکایت ہوتو فوراً متوجہ ہونا چاہیے۔اسباب: سردی لگنا جیسے ٹھنڈے پانی سے نہانا، ٹھنڈی ہوا میں رہنا، گیلی زمین پر سونا، پانی میں بھیگنا، گیلے کپڑے، خراب موسم کے بخارات اور گردو غبار کا ناک اور گلے میں پہنچ کر خراش پیدا کرنا حیاتین کی کمی کے باعث قوت مدافعت کا کمزور ہونا۔
علامات:بچہ سست ہو جاتا ہے ناک سے پتلا پانی بہتا ہے چھینکیں آتی ہیں۔ ناک کے نتھنوں کے کنارے سرخ ہو جاتے ہیں اور چھونے سے درد کرتے ہیں کبھی نتھنے بند ہو جانے سے کھرکھر کی آواز آتی ہے مرض کی شدت کے وقت حلق اندر سے سرخ ہو جاتا ہے نرخرہ بھی متورم ہونے کی وجہ سے کھانسی اٹھتی ہے پھیپھڑوں کی نالیاں مائوف ہو جانے کی صورت میں خراش ہوتی ہے اور بخار بھی ہو جاتا ہے۔ زبان پر میل جم جاتا ہے۔
جی ہاں! طبی علاج حاضر ہے!
معمولی کھانسی کی صورت میں لعوق سپستان6 گرام، عرق گائوزبان 36گرام میں جوش دیکر تھوڑا تھوڑا ہر دو گھنٹے بعد پلائیں اگر کھانسی زیادہ ہو جائے تو یہ جوشاندہ پلائیں ھوالشافی:گل بنفشہ7 گرام، عناب 5 دانہ، سپستان 9 دانہ، خطمی 7گرام، اصل اسوس 5 گرام، گائو زبان 5 گرام پانی میں جوش دیکر صاف کرکے 25ملی لیٹر شربت بنفشہ ملا کر بچے کی ماں کو پلائیں تین چمچ بچے کو بھی پلائیں اگرچہ بچہ ماں کا دودھ پیتا ہو، اگر بچہ بڑا ہو تو بچے کو چار چار گھنٹے بعد پلائیں۔
سینے پر بلغم جم جائے تو:اگر بچے کے سینے میں بلغم جمع ہوجائے خرخر کی آواز آنے لگے تو گل گائوزبان، گائو زبان 3,3 گرام، عناب 5 دانہ، نبات سفید 25 گرام تمام کو پانی میں جوش دےکر پلائیں ۔ شربت اعجاز تھوڑا تھوڑا بچے کو چٹائیں اگر قبض ہوتو مندرجہ بالا نسخہ میں ترنجبین حل کرکے پلائیں یا کسٹر آئل چھ ملی لیٹر، شہد چھ ملی لیٹر کے ساتھ ملاکر چٹائیں۔ ان شاء اللہ آپ کا بچہ صحت مند‘ تندرست اور پھلے پھولے گا۔ بچے کو چھ ماہ کے بعد آہستہ آہستہ ٹھوس غذا کی طرف لائیں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں