محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! کچھ ذاتی تجربات تحریر کررہا ہوں انتہائی مجرب المجرب ہے۔
دماغی طاقت و کمزوری نظر کے لیے
یہ نسخہ میرا ذاتی آزمودہ ہے۔ دماغی کمزوری کتابیں پڑھنے سے ہوگئی ہو یا زیادہ دماغی کام کرنے سے۔ نظر کی کمزوری کسی بھی وجہ سے 2½نمبر تک کی عینک اتار دیتی ہے۔ نظر کا پھٹنا، تارے نظر آنا وغیرہ سب دور ہو جاتا ہے۔ ھوالشافی: دیسی بادام کی گری خود نکالی ہوئی ایک پائو، دھنیا خشک 100 گرام، سونف 100 گرام، اسطوخودوس25 گرام، وج ترکی (ورچ)25 گرام، برہمی بوٹی 25 گرام، کالی مرچ 25 گرام، مصری 1½پائو۔ ترکیب: بادام کی گری کو گرم پانی میں ڈال کے چھلکے اتار لیں۔ خشک ہونے پر سب کا سفوف بنالیں۔ خوراک ایک چمچ صبح یا شام پانی یا دودھ سے استعمال کریں فضل ربی شفاء ہوگی۔
ڈاڑھ ، دانت درد کا شافی علاج
میرے پاس ایک نعت خواں تشریف لائے۔ گال سوج کر کُپا بنی ہوئی۔ انتہائی شدت کی درد‘ کراہ رہے تھے‘ کہنے لگے:
دو گولی انسڈ اور دو گولی آگمینٹن کھا کر آیا ہوں درد میں رتی برابر فرق نہیں۔ بولا تک نہیں جاتا کھانا تو دور کی بات ہے۔ میں نے تسلی دی کہ درد ایک منٹ میں دور ہوگا۔ کہنے لگے:یہ کیسے ہوسکتا ہے؟ میں نے کہا فضل ربی ایسا ہی ہوگا بلکہ ایک دو بار کرنے سے دوبارہ دانت میں درد نہ ہوگا۔ بے شک دانت یا ڈاڑھ چورہ چورہ ہوکر گر جائے ۔ بندہ حیران ہوکر میری طرف دیکھنے لگا یا شاید میری دماغی صحت پر شک کررہا ہو۔ میں نے کہا کہ میرے بھائی ہم لوگ انگریزی دوائوں کے اتنے عادی ہوگئے ہیں کہ طب پر سے ہمارا یقین ہی ختم ہوگیا ہے۔خیر میں نے لڑکے کو بھیج کر پانچ روپے کا ’’ادرک‘‘ منگوایا۔ انگوٹھے کے ناخن جتنا چھیل کر دیا کہ جو داڑھ درد کررہی ہے اس کے سائیڈ میں رکھ دو یا دو داڑھوں کے درمیان پکڑ لو اور منہ کھول دو۔ ایک منٹ سے پہلے اس ادرک کے ٹکڑے نے سارا ریشہ اور گندہ پانی نکال دیا اور درد کو ختم کردیا۔ کہنے لگا میرا دردختم ہوگیا ‘ میں نے ایک ٹکڑا اور دیا کہ چبا کر تمام دانتوں پر مل لو اور منہ کھول کے رال بہا دو۔ منہ بند نہیں کرنا ورنہ نزلہ ہو جائے گا۔ اس کے بعد وہ بندہ گاہے بہ گاہے میرے پاس آتا رہا اور کہتا ہے کہ اس کے بعد میرے دانت ڈاڑھ میں درد نہیں ہوا۔ کہنے لگا: میں تو حکمت کو کچھ بھی نہیں سمجھتا تھا لیکن یہ اتنی پائیدار اور دیرپا ہوتی ہے کمال ہے۔
آدھا سیسی یا آدھے سر کا درد
(۱)انتہائی مجرب ہے چار سے پانچ دن میں آرام آجاتا ہے۔ ھوالشافی: سرسوں کا تیل 100گرام، کلونجی 10 گرام، لہسن ایک جوا۔ ترکیب: لہسن اور کلونجی کو تیل میں جلا لیں۔ صبح سورج نکلنے سے پہلے دو دو قطرے دونوں نتھنوں میں ڈالیں فضل ربی شفاء ہوگی۔
(۲)سمندر پھل کو پانی میں پیس کر ناک میں ٹپکانے سے آدھے سر کا درد دفع ہو جاتا ہے۔
رتوندی، شب کوری کے لیے مجرب نسخے
(۱)سفید پیاز کا رس نکال کر آنکھوں میں ڈالنے سے شب کوری کا مرض رفع ہو جاتا ہے۔(۲)لوکی (لمبا کدو) کا رس قدرے شہد ملا کر آنکھوں میں لگانے سے شب کوری و رتوندی کا مرض ایک روز میں ختم ہو جاتا ہے۔ (۳)گول سیاہ مرچ کو لعاب دہن میں گھس کر آنکھوں میں لگانے سے اندھراتا دور ہو جاتا ہے۔(۴)سرس کے پتوں کا رس نکال کر آنکھوں میں ڈالنے سے اندھراتا بہت جلد دور ہو جاتا ہے۔ (عاجز سعید شہزاد، بوریوالہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں