بچیوں کی تربیت میں ماں کا کردار
والدین کا گھر بچیوں کیلئے پہلی درسگاہ ہے زندگی گزارنے کے ڈھنگ انہیں اسی گھر میں سیکھنے ہوتے ہیں۔ اچھی مائیں اچھی بیٹیاں پالتی ہیں جو ہر کسی کی آنکھ کا تارا بن جاتی ہیں۔ بچیوں کے کمرے میں ایسی جگہ جہاں ان کی نظر پڑتی رہے۔ یہ دعا لکھ کر ٹیپ سے چپکا دیں۔
’’ اَللّٰهُمَّ إِنِّي أَعُوْذُ بِكَ مِنْ مُنْكَرَاتِ الْأَخْلَاقِ , وَالْأَعْمَالِ , وَالْأَهْوَاءِ‘‘
ترجمہ: اے اللہ میں پناہ مانگتی ہوں آپ کی برے اخلاق سے برے اعمال سے اوربری خواہشات سے۔
’’اَللّٰھُمَّ إِنِّی اَعُوْذُ بِکَ مِنَ الشِّقَاقِ وَالنِّفَاقِ وَسُوْءِ الْأَخْلَاقِ‘‘
ترجمہ: اے اللہ میں پناہ چاہتی ہوں آپ کی، نفاق سے بدبختی سے اور بُرےے اخلاق سے۔
جب دن میں کئی مرتبہ دعا پڑھیں گی تو ان شاء اللہ پروردگار دنیا و آخرت میں ضرور سرخرو کریں گے۔ بحیثیت ماں کے آپ خود بھی گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں۔ اچھی ماں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اچھی انسان اور اچھی مسلمان ہو۔ آپ گھر کے کام خوشدلی سے عبادت سمجھ کر کریں اور بچیوں کو بھی ذہن نشین کرائیں کہ اللہ کے ہاں ہر محنت کا اجر ہے شرط یہ ہے کہ اسے اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے۔ بوجھ سمجھ کر بے دلی سے، غصہ، نفرت، چڑچڑاہٹ کا اظہار کرکے اپنے اجر کو ضائع نہ کیا جائے جیسا کہ اس واقعے سے ہمیں معلوم ہوتا ہے۔
’’ایک صحابیہ رضی اللہ عنہا نبی کریمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا یا رسول اللہﷺ یہ مرد حضرات تو باجماعت نمازیں پڑھتے ہیں۔ جہاد کرتے ہیں ۔ تبلیغ کے لیے نکلتے ہیں۔ ہم ان کے پیچھے ان کے گھروں کی دیکھ بھال، کام کاج کرتی اور بچے سنبھالتی پالتی ہیں ہمیں تو زیادہ عبادت کا موقع نہیں مل پاتا‘ اجر و ثواب میں مرد حضرات ہی سبقت لے جائیں گے اس پر آپﷺ نے جواب دیا اس سے عورتوں کو بے حد خوشی ہوئی۔ مفہوم ’’تم عورتیں گھروں کے جو کام کرو گی اس پر بھی ایسا ہی اجر ملے گا جیسے میدان جہاد میں مردوں کو ملتا ہے۔ ‘‘
بچیوں کو شروع سے اس بات کا احساس دلائیں کہ ماں کے ساتھ کاموں میں ہاتھ بٹائیں اپنے والد، بہن، بھائیوں کے چھوٹے چھوٹے کام آگے بڑھ کر کریں۔ والدہ کو آرام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ چھوٹی بہنوں کے ساتھ محبت و شفقت کا برتائو کریںتاکہ وہ ہمیشہ آپ کو اچھے الفاظ سے یاد کریں آپ کی کمی و دوری کو زندگی کے ہر مقام پر یاد کریں۔ یاد رکھیں! کچن میں کھانا پکانا ہی اہم نہیں ہوتا ساتھ ساتھ ہر چیز کو سلیقہ و ترتیب سے رکھتی جائیں ۔ چولہا روز صاف کریں۔ برتن دھوکر سنک اچھی طرح چمکائیں۔ کچن کا فرش اچھی طرح دھوکر سنک کے نیچے جو پائپ والی جگہ ہے اسے خوب اچھی طرح صاف کریں۔ عموماً گھروں میں نوکرانیوں کا رواج عام ہوگیا ہے۔ بچیاں کام کی عادی نہیں ہوتیں سسرال میں اگر حالات مختلف ہوں تو زندگی دشوار ہو جاتی ہے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں