محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! گزشتہ کئی سالوں سے عبقری ہماری زندگی کا حصہ ہے‘ میرا پورا گھر اس کوشش میں لگا رہتا ہے کہ کس طرح عبقری میں چھپنے والے اوراد و وظائف اور نسخہ جات سے استفادہ حاصل کیا جائے۔ میں آج گیارہ مرتبہ سورۂ قریش پڑھنے کا اپنی زندگی کا سچا واقعہ قارئین عبقری سے ذکر کرنا چاہتا ہوں۔
میری عادت ہے کہ جب بھی میں کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر نکلتا ہوں تو اول وآخر درود شریف کے ساتھ گیارہ مرتبہ سورۂ قریش پڑھ کر اللہ تبارک و تعالیٰ سے مطلوبہ کام کی تکمیل کیلئے دعا کرتا ہوں‘ بتاتا چلوں کہ یہ وظیفہ میں نے عبقری رسالہ اور شیخ الوظائف کی کتاب ’’مشکلات کے پہاڑ‘‘ جو میں نے عبقری دواخانہ سے لی تھی پڑھا تھا۔ اُس دن میں امی کی آن لائن پنشن کیلئے بینک سے اوریجنل کاغذات لے کر سندھ ٹریژری آفس جارہا تھا‘ راستے میں برنس روڈ کے قریب فوٹو اسٹیٹ کی دکان دیکھ کر میں کاغذات کی فوٹوکاپی کیلئے رک گیا‘ فوٹوکاپی کروانے کے بعد میں کاغذات لے کر آگے روانہ ہوگیا‘ میں برنس روڈ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف مڑا ہی تھا کہ پیچھےسے کسی نے آواز دی کہ ’’بھائی صاحب آپ کے کاغذات گرگئے ہیں‘‘ میں نے موٹرسائیکل روک کر پہلے پیچھے نظردوڑائی مجھے حیرت ہوئی کیونکہ کوئی بھی میری طرف متوجہ نہیں تھا‘ پھر میں نے احتیاطاً اپنے کاغذات چیک کیے تو سخت تشویش ہوئی کیونکہ فائل تو موجود تھی مگر اس میں اوریجنل کاغذات نہیں تھے‘ میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا‘ پریشانی کے عالم میں رانگ سائیڈ پر گاڑی چلاتے ہوئے واپس جانے لگا اور دیکھتا جارہا تھا کہ کہیں میرے کاغذات مل جائیں‘ سڑک پر بے حد رش تھا اور میری تشویش بڑھتی جارہی تھی‘ اسی مایوسی اور پریشانی میں‘ میں فوٹو سٹیٹ شاپ تک جاپہنچا‘ بائیک کھڑی کرکے میں داخل ہوا ہی تھا کہ دکاندار نے مسکراتے ہوئے کہا’’آپ اصل کاغذات میرے پاس ہی بھول گئے تھے‘‘ اللہ تعالیٰ کا شکر اور دکاندار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میں نے کاغذات لیے اور اطمینان سے روانہ ہوگیا لیکن آج تک حیران ہوں کہ وہ آواز کس کی تھی جس نے مجھے موٹرسائیکل روک کر کاغذات چیک کرنے پر مجبور کردیا تھا‘ یقیناً وہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کا بھیجا ہوا فرشتہ ہی تھا جو شاید کام کی تکمیل تک میرے ساتھ رہا ہوگا۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں