سب سے زیادہ عزت والی ذات صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اس لیے العزیز اس کی صفت ہے۔ یہ اسم عزت سے مشتق ہے جس کا مطلب قوت اور غلبہ ہے۔ بعض صوفیاءکا قول ہے کہ عزیز سے مراد وہ ذات ہے کہ جس کامقام اتنا اعلیٰ اور ارفع ہو کہ جس کا حصول ناممکن ہو اور عوام الناس کے فہم سے بالاتر ہو اور اس کا ادراک ممکن نہ ہو۔ نہ وہ ذات مادی آنکھوں سے دیکھی جاسکے اور نہ ہاتھوں سے چھوئی جاسکے۔ اس لیے ایسی ذات کوعزیز کہا گیا ہے صفت عزیز کا غلبہ مثبت معنوں میں ہے جبکہ صفت جبار کا غلبہ نفی کے معنوں میں ہے۔ صفت عزیز کے غلبہ میں محبت ہے جبکہ صفت جبار میں جبر وابستہ ہے۔ یہ اسم جلالی ہے اور اس کے اعداد 94 ہیں‘ اسے ہمیشہ پڑھنے والا باعزت رہتا ہے اور دوسروں پر غالب رہتا ہے۔ اس کے فوائد حسب ذیل ہیں۔
محتاجی سے چھٹکارا
اس اسم کا ذکر محتاجی سے چھٹکارا دلاتا ہے۔ صبح کی نماز کے بعد اسے روزانہ سو مرتبہ پڑھنے والا کبھی کسی کا محتاج نہ ہوگا اور نہ کبھی مقروض ہوگا۔ اس کی ہمت ہمیشہ بلند رہے گی اور اللہ تعالیٰ اسے دوسروں کی نگاہ میں اسے باعزت رکھیں گے۔
عہدہ و منصب کی بحالی
یہ اسم عہدہ اور منصب کی بحالی کیلئے بہت موثر ہے لہٰذا اگر کوئی ملازم اپنے عہدہ یا منصب سے معطل ہوجائے یا اسے نکال دیا جائے یا اس کی ترقی روک دی جائے تو اس صورت میں اسے چاہیے کہ اس اسم کو اکیس دن تک روزانہ سات ہزار مرتبہ پڑھے۔ وہ انشاءاللہ اپنے منصب پر بحال ہوجائے گا اگر ترقی رکی ہو تو وہ بھی مل جائیگی۔
بحالی عزت کا عمل
اگر کوئی شخص اپنی کسی بری حرکت کی وجہ سے دوسروں کی نظروں میں ذلیل و خوار ہوگیا ہو تو اسے اپنی عزت بحال کرنے کیلئے اس اسم کو روزانہ 94 بار 40 دن تک پڑھنا چاہیے۔ انشاءاللہ اس کی عزت پہلے کی طرح بحال ہوجائے گی۔ ایک بزرگ کا قول ہے کہ اگر اسے فجر کی سنتوں اور فرضوں کے درمیان 41 بار روزانہ 40 دن تک پڑھا جائے تو اس کے اثرات جلدی ظاہر ہوں گے۔ ایسے ہی اگر کوئی عورت اپنے خاوند کی نظروں میں ذلیل و خوار ہو تو وہ اس اسم کو ہر نماز کے بعد 40 دن تک 564 مرتبہ روزانہ پڑھے۔ انشاءاللہ وہ اپنے خاوند کی نظروں میں نہایت عزت والی اور محبوب بن جائےگی۔
ہر حال میں غالب رہنا
زندگی کے ہر پہلو میں دوسروں پر غالب رہنے کیلئے یَا عَزِیزُ یَااَللّٰہُ کا ورد بہت مفید ہے کیونکہ اس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا ذاتی نام ملنے سے اثرات اور بھی قوی ہوجاتے ہیں۔ جو شخص اسے روزانہ کثرت سے پڑھے اور اس کی تعداد لاکھوں تک لے جائے۔ یقین رکھیں کہ وہ دین و دنیا میں ہر لحاظ سے باعزت ہوجائے گا۔ ہر شخص اس کے ساتھ بڑی عزت سے پیش آئیگا۔ امام بونی رحمة اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ جس کے نام کے اعداد 94 ہوں اس کیلئے یہ اسم اعظم ہے اور اسے اس کا ذکر لازماً کرنا چاہیے اس کے علاوہ جس کا نام عبدالعزیز ہو اس کیلئے اس کا ذکر بیحد مفید ہے۔
یَاعَزِیزُ کا عمل اور تعویذ
اس کا تعویذ غلبہ قائم رہنے کیلئے لوگوں کو دیا جاتا ہے مگر تعویذ دینے سے پہلے اس اسم کی زکوٰة ادا کریں۔ اس کی زکوٰة یہ ہے کہ اسے 40 روز تک 9400 مرتبہ روزانہ پڑھیں۔ اس کے بعد اس کا تعویذ دوسروں کو دے سکتے ہیں۔ اس کا تعویذ ملازمت میں بحالی‘ دوسروں کی غلامی سے چھٹکارا‘ دشمن پر غلبہ‘ حکام اور ہر ملنے والے کو اپنی طرف مائل رکھنے کیلئے‘ باعزت زندگی بسر کرنے کیلئے اور دیگر ایسے معاملات جن میں غلبہ درکار ہو استعمال کرایا جاسکتا ہے۔
یَاعَزِیزُ کا جامع وظیفہ
یہ وظیفہ ”یاعزیز“ ہی کی جامع صورت ہے اور ہر چیز پر غلبے کیلئے بہت ہی بے نظیر ہے۔ لہٰذا جو شخص اسے کثرت سے پڑھے وہ ہر دلعزیز ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کوئی صاحب دولت مند بننے کی نیت سے اسے 40 دن تک 3125 مرتبہ پڑھے تو اس پر حصول دولت کی راہیں کھل جائینگی۔ اگر کوئی شخص دس ہزار مرتبہ 21 دن میں پڑھے تو اس کی جائز حاجات پوری ہونگی۔ اگر کوئی اس وظیفہ کو انگوٹھی میں رکھے تو ہمیشہ غالب اور صاحب عزت رہے گا۔
یَاعَزِیزُ المُنِیعُ الغَالِبُ عَلٰٓی اَمرِہ فَلَاشَی ئَ یُعَادِلُہ یَاعَزِیزُ۔
(اے عزت اور قوت کیساتھ اپنے امر کے اوپر غلبہ رکھنے والے! پس کوئی چیز تیرے برابر نہیں اے غلبے والے۔)
Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 066
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں