اپنی کسی گھریلو پریشانی کا غصہ بچوں اور شوہر پر مت نکالیں۔ اس طرح آپس کے تعلقات میں دراڑ پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں اپنے غصے کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں۔ کچھ وقت کیلئے کسی پرسکون جگہ پر اکیلی بیٹھ جائیں۔
بعض گھریلو خواتین اکثر جذباتی مسائل کا شکار رہتی ہیں۔ بظاہر انہیں جسمانی طور پر کوئی تکلیف نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے آپ کو بہتر محسوس نہیں کرتیں۔ کبھی سردرد، کمر درد، بیزاری یا پھر ہر وقت بلاوجہ کی تکان محسوس ہوتی ہے۔ اکثر خواتین اعصابی تنائو بھی محسوس کرتی ہیں۔ یہ تمام علامات فکر اور پریشانی کے باعث ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی جسمانی استطاعت سے زیادہ کام کرنا بھی تھکاوٹ کا باعث بنتا ہے۔ اپنے غموں‘ فکروں اور پریشانیوں کے بارے میں مسلسل سوچتے رہنے اور انہیں صرف خود تک محدود رکھنے کی وجہ سے سخت قسم کے اعصابی تنائو کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انگلستان کے ماہر نفسیات جے اے ہیڈ فیلڈ کے مطابق ”جس تکان سے ہمیں تکلیف پہنچتی ہے وہ زیادہ تر ذہنی ہوتی ہے جسمانی نہیں۔“ کوشش کریں کہ اپنی پریشانی‘ فکر اور کسی قسم کی الجھن کو اپنے شوہر سے ضرور شیئر کریں کیونکہ شوہر آپ کا بہترین دوست بھی ہوتا ہے اس کے علاوہ آپ اپنی ماں، بہن یا پھر کسی قابل اعتماد دوست سے ذکر کریں اور ان کے دئیے گئے مناسب مشوروں پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ بہت سی ایسی باتیں ہیں اگر گھریلو خواتین ان پر عمل کریں تو کسی حد تک تکان سے دور رہ سکتی ہیں۔
1۔ اپنے کاموں کو سرانجام دینے کیلئے ان کی ایک فہرست بنالیں اس طرح سے سب کام وقت پر ہوجائیں گے اور آپ کو خود پر توجہ دینے کیلئے بھی کچھ وقت میسر ہوجائے گا۔
2۔ ہر چیز کو اس کی جگہ پر رکھیں کیونکہ یہ سلیقہ شعار ہونے کی علامت ہے۔ اس سے آپ کی کارکردگی پہلے سے بہتر ہوجائے گی۔ اگر کبھی آپ واشنگٹن کانگریس لائبریری میں جائیں تو آپ کو اس کی چھت پر انگریزی کے معروف شاعر پوپ کا یہ مصرعہ لکھا ہوا دکھائی دے گا کہ ”ترتیب اس کائنات کا سب سے پہلا اصول ہے۔“
اگر آپ بھی اس پر عمل کریں تو بہت سی پریشانیوں سے نجات پاسکتی ہیں۔
3۔ گھر کے اہم کام سب سے پہلے نبٹائیں اور جو معمولی نوعیت کے کام ہیں وہ بعد میں کریں ایسا کرنے سے آپ خود کو پرسکون محسوس کریں گی۔
4۔ اپنے قریبی ہمسائیوں میں دلچسپی لیں‘ ان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر آپ لوگ ایک دوسرے کے کام آسکیں کیونکہ اچھے اور پرخلوص ہمسائے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتے۔
5۔ اپنی کسی گھریلو پریشانی کا غصہ بچوں اور شوہر پر مت نکالیں۔ اس طرح آپس کے تعلقات میں دراڑ پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں اپنے غصے کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں۔ کچھ وقت کیلئے کسی پرسکون جگہ پر اکیلی بیٹھ جائیں۔ کسی کتاب کا مطالعہ کریں۔
6۔ اکثر خواتین اعصابی تنائو کے باعث سردرد‘ آنکھوںاور گردن کے پٹھوں میں کھچائو محسوس کرتی ہیں۔ آنکھوں کے مسلز کو آرام پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے آپ آرام دہ حالت میں کسی کرسی پر بیٹھ جائیں‘ ذہنی طور پر خود کو پرسکون رکھیں‘ ہر قسم کی فکر اور پریشانی کو ذہن سے نکال دیں۔ آنکھیں بند کرلیں۔ اب دائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو دائیں آنکھ اور بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں آنکھ پر رکھ دیں۔ دونوں بازوئوں کی کہنیوں کو یا تو میز پر ٹکا دیں یا پھر انہیں گھٹنوں کو ملا کر ان پر رکھیں‘ ایسا کم ازکم 10سے 20 منٹ تک کریں۔ اس سے آپ خود کو ذہنی طور پر پرسکون محسوس کریں گی اور آپ کی آنکھوں کا تنائو بھی کسی حد تک کم ہوجائے گا۔
گردن کے سکڑے ہوئے عضلات اور پٹھوں کو دوبارہ لچکیلا بنانے کیلئے صبح کے وقت آپ کسی ہوا دار جگہ پر کھڑی ہوجائیں‘ گہرے گہرے سانس لیں۔ اس کے بعد سر کو پہلے بائیں جانب جس قدر لے کر جاسکیں موڑیں‘ پھر واپس سیدھی پوزیشن میں لے آئیں‘ اس کے بعد دائیں جانب جس قدر گردن کو موڑ سکیں‘ موڑ دیں۔ اس ورزش کو کم از کم 5سے 10 منٹ کریں۔ اس سے آپ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کا اوپری حصہ آرام محسوس کرنے لگے گا۔ گردن کے پٹھوں کا کھنچائو بھی ٹھیک ہوجائے گا۔
ان سب باتوں پر عمل کرکے یقینا آپ تھکاوٹ سے دور ہوسکتی ہیں۔ خود کو بہتر محسوس کریں گی اور اپنے گھریلو کاموں کو خوش دلی سے سرانجام دینے کی کوشش کرسکتی ہیں۔
Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 050
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں