دن بھر کے کام کاج کی انجام دہی کے دوران تھکن کا شکار ہوجانا عام سی بات ہے۔ نفسیاتی نقطہ نگاہ سے بھی مسلسل کام کی انجام دہی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس دوران یہ سادہ ایکسرسائز آپ کو پھر سے تازم دم اور چاق وچوبند کرسکتی ہے
کیا آپ ملازمت کرتی ہیں؟ اگر آپ کا جواب اثبات میں ہے تو ممکن ہے آپ کو اپنے حسن کی نگہداشت کے لیے مناسب وقت نکالنے میں دشواری ہوتی ہو.... ویسے بھی چست‘ تروتازہ اور خوبصورت نظر آنا موجودہ دور میں جاب کے حصول کیلئے بھی ایک اہم ضرورت بنتا جارہا ہے۔ اگر آپ باصلاحیت ہونے کے ساتھ خوبصورت اور پراعتماد شخصیت کے مالک بھی ہیں تو یہ اضافی خوبی ملازمت کے حصول یا کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ اکثر ادارے تو خواتین کیلئے مخصوص کسی پوسٹ کیلئے ایسی ہی خواتین کا تقرر کرتے ہیں جو خوبصورت اور پراعتماد نظر آتی ہیں۔ گویا آج کل کسی جاب یا رشتہ کے حوالے سے اکثر لوگوں کی ترجیحات یکساں ہیں۔ معاشرے کے اکثر افراد کی اس سوچ سے بالا تر ہوکر دیکھا جائے تو جس طرح ملازمت کا حصول یا معاش کیلئے دوڑ دھوپ کرنا خواتین کی صلاحیتوں کا اظہار ہے اسی طرح اپنے حسن کی نگہداشت جلد کی دیکھ بھال، بالوں کی حفاظت اور باڈی فیگر کو مینٹین رکھنا بھی ہر خاتون کی ترجیحات میں شامل ہوتاہے۔ آپ کی اسی فطری خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے آج ہم آپ کو ایسی ورزشیں بتارہے ہیں جس پرعمل پیرا ہوکر آپ خوبصورت، پرکشش اور سحرانگیز شخصیت کی مالک بن سکتی ہیں۔
اس ضمن میں پہلی ورزش بہت سادہ ہے جسے آپ گھر اور دفتر دونوں جگہ بآسانی کرسکتی ہیں۔ اس کے دوہرے فائدے ہیں.... یعنی یہ آپ کے حسن کی نگہداشت بھی کرتی ہے اور تھکن سے بھی نجات دلاسکتی ہے۔ دن بھر کے کام کاج یا دفتری امور کی انجام دہی کے دوران تھکن یا دباو کا شکار ہوجانا عام سی بات ہے۔ نفسیاتی نقطہ نگاہ سے بھی مسلسل کام کی انجام دہی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ اس دوران یہ سادہ ایکسرسائز آپ کو پھر سے تازم دم اور چاق وچوبند کرسکتی ہے۔ اس کیلئے آپ کو ایک عدد ڈیسک اور کرسی کی ضرورت ہے۔ آئیے اب ڈیسک کو استعمال کرتے ہوئے اس ورزش کا طریقہ ملاحظہ کرتے ہیں۔
سب سے پہلے آپ کرسی پر ٹیک لگا کر آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں اب اپنے سر کو ڈھیلا چھوڑ کر چاروں اطراف آہستہ آہستہ گھمائیں جس جانب آپ کی گردن کا جھکاو ہوگا اس طرف کے مسلز ڈھیلے پڑجائیں گے اور جس طرف سے گردن کھنچی ہوئی ہوگی اس طرف کے مسلز کھنچنے لگیں گے۔ یہ عمل گردن کو آرام اور تھکن کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
اس عمل کے بعد آپ اپنے دونوں ہاتھوں کو گدی پر رکھ کر کہنیوں کو ایک سیدھ میں رکھیں۔ کمر سیدھی رکھیں اور آہستہ آہستہ جہاں تک آپ کے ہاتھ باآسانی پیچھے تک جاسکتے ہوں‘ لے جائیں۔ یہ عمل تین مرتبہ کریں۔ اس عمل سے آپ کو بازووں کا دباو کم ہوتا محسوس ہوگا۔
اب آپ اپنے دونوں ہاتھوں کو کمر کی طرف لے جائیں اور دونوں ہتھیلیوںکو آپس میں ملا کر دباو ڈالیں۔
اب آرام دہ کرسی پر بیٹھ کر اپنے سیدھے ہاتھ کو الٹے ہاتھ کی طرف لمبائی میں سیدھا کرلیجئے اور الٹے ہاتھ سے درمیان سے پکڑ کر سیدھے ہاتھ کو کھینچیں۔ بالکل یہی عمل الٹے ہاتھ کے ساتھ بھی کیا جائے گا۔
اب دونوں ہاتھوں کو اوپر کی طرف فضا میں بلند کرلیں اور پھر ڈھیلا چھوڑ کرنیچے لے آئیں۔ یہ عمل بھی تین مرتبہ کریں۔
سب سے آخر میں آنکھوں کو پوری پوری طرح کھول کر چاروں طرف گھمائیں اور پھر سکون سے بند کرلیں۔
حسن و دلکشی کے حصول کے ضمن میں دوسری ورزش دراصل ایک آسن ہے جو جسم کیلئے ایک طاقتور ٹانک کا کام کرتا ہے۔ یہ ورزش شام کے وقت یا رات سونے سے قبل انجام دے کر آپ حسن کی دولت سے مالامال ہونے کے ساتھ ساتھ تھکن دباو اور درماندگی کی کیفیات سے بھی نجات حاصل کرسکتی ہیں۔
اس ورزش کے ذریعے ریڑھ کی ہڈی میں لچک پیدا ہوتی ہے‘ پیٹ کے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اور اعصابی نظام میں زبردست تحریک پیدا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تھائی رائیڈ گلینڈز پر بھی اس کے منفعت بخش اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہ ایسے غدود ہیں جو دباو کے نتیجے میں تازہ خون سے سیراب ہوکر اپنی کارکردگی کو باقاعدہ اور بہتر بناتے ہیں۔ تھائی رائیڈ گلینڈز پر جسم کے تمام افعال کے کنٹرول کا دارو مدار ہوتا ہے۔ یہی آپ کو فربہ کرتے ہیں، یہی اسمارٹ اور یہی ذہنی اور جسمانی عوارض کے ذمہ دار بھی ہیں۔
اس ورزش میں چونکہ آپ کی پوزیشن عموداً ہوتی ہے اس لیے خون کی گردش آپ کے چہرے میں نکھار اور دلکشی پیدا کرتی ہے۔ سر کی جلد میں دوران خون کی رفتار میں اضافے سے بالوں کی نشوونما بھی تیز ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ موٹاپا جوکہ خوبصورتی کو بہت زیادہ متاثر کرتا ہے اس ورزش سے فربہ خواتین بھی اپنا وزن کم کرسکتی ہیں۔ کیونکہ یہ آسن جسم کے پورے کیمیائی نظام کو کنٹرول کرکے فربہی کو کم کردیتا ہے۔ آئیے اب اس حسن افزاءورزش کا طریقہ دیکھتے ہیں۔
کمر کے بل لیٹ جائیں‘ ہاتھ جسم کے ساتھ فرش پر رکھ لیں۔ اب اپنی ٹانگیں اوپر کی جانب اٹھائیں۔ پیٹ کے پٹھوں کو سکیڑتے اور ٹانگوں کو سیدھا رکھتے ہوئے پیچھے کی طرف لائیں۔ ٹانگوں کو اس حد تک پیچھے کی طرف لے جائیں کہ پیر کے انگوٹھے زمین سے مس ہونے لگیں۔ فرش پر آپ کے پیر عموداً آنے چاہئیں۔ اس ورزش کے دوران آپ کے بازو آگے اور ہتھیلیاں فرش پر لگی ہونی چاہئیں۔ اگر ابتدا میں آپ کے پیر فرش کو چھو نہ سکیں تو جبراً ایسا نہ کریں۔ چند دنوں کی مشقوں کے بعد آپ کے جسم میں اتنی لچک پیدا ہوجائے گی کہ بآسانی پیر فرش سے لگ سکیں۔ اس ورزش میں جسم کو کسی قسم کا جھٹکا نہ دیں اور توجہ سانس پر مرکوز رکھیں۔ اس پوزیشن میں 15سے 20 سیکنڈ تک رہیں یا پھر 5 سے 10 مرتبہ اچھی طرح سانس لیں۔کمر کے عارضے یاریڑھ کی ہڈی کی کمزوری کے شکار خواتین و حضرات یہ ورزش نہ کریں۔ حاملہ خواتین کیلئے بھی اس ورزش سے ممانعت ہے۔ اس کے علاوہ خواتین ناغہ کے دنوں میں بھی اس ورزش سے اجتناب کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں